Inquilab Logo Happiest Places to Work

عمران خان معاملے پرحکومت کے خلاف پی ٹی آئی کی توہین عدالت کی درخواست

Updated: August 24, 2026, 1:19 PM IST | Islamabad

نجی اسپتال کے بجائے سرکاری اسپتال میں طبی معائنے پر وزیراعظم ، وزیر قانون، وزیر اطلاعات اور دیگر عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

Former Prime Minister of Pakistan Imran Khan, who has been transferred back to prison following medical treatment. Picture: INN
پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان جنہیں علاج کے بعد دوبارہ جیل منتقل کردیاگیا ہے۔ تصویر: آئی این این

پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ حکام نے سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف عمران خان کو نجی اسپتال کے بجائے سرکاری اسپتال منتقل کیا اور مختصر طبی معائنے کے بعد انہیں دوبارہ جیل بھیج دیا۔ پی ٹی آئی کے قانونی مشیر نعم پنجوتھانے گزشتہ روز بتایا کہ درخواست میں وزیراعظم ، وزیر قانون ، وزیر اطلاعات اور دیگر حکومتی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

  واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ۱۸؍ اگست کو حکم دیا تھا کہ عمران خان کو طبی معائنے کیلئے اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔ تاہم حکام نے انہیں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا  جہاں شفا انٹرنیشنل کے ڈاکٹروں نے بھی ان کا معائنہ کیا۔

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ: مسلمانوں کو وضو، ایشیائی برادریوں کو چاول دھونے میں پانی بچانے کا مشورہ

پی ٹی آئی کا کہناہے کہ عدالتی حکم میں عمران خان کو  نجی اسپتال منتقل کرنے  کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں تھا۔ پارٹی نے عدالت سے عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے عدالتی افسر یا مقامی کمیشن مقرر کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔

حکومت کے خلاف توہین عدالت کی یہ درخواست پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا ایڈوکیٹ اور وکیل عزیر بھنڈاری کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ سلمان اکرم راجا نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم واضح تھا اور اس پر عمل درآمد ہونا چاہئے تھا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’اقتصادی پابندی میں امریکہ کا ساتھ دینے والا دشمن ہوگا‘‘

اس تعلق سے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عمران خان کو ۲۰؍اور۲۱؍ اگست کی درمیانی شب مناسب  سیکوریٹی انتظامات کے تحت اسپتال لے جایا گیا اور طبی معائنے کے بعد۲۱؍ اگست کی صبح تقریباً ۵؍ بجے اڈیالہ جیل واپس منتقل کر دیا گیا۔ان کے مطابق شفا انٹرنیشنل اسپتال جانے والے راستے اوراسپتال کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں کی موجودگی کے باعث سیکوریٹی صورتحال کے پیش نظر عمران خان کو’ پمز‘ لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔

’پمز‘ انتظامیہ کے مطابق شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ۲؍ ماہر ڈاکٹروں نے عمران خان کے آنکھوں کے معائنے میں حصہ لیا  جبکہ دیگر طبی معائنے ’پمز‘ کے متعلقہ ماہرین نے کئے۔ اسپتال نے مریض کی رازداری اور سپریم کورٹ کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے طبی رپورٹ کی تفصیلات جاری کرنے سے انکار کردیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK