Inquilab Logo

پی ٹی آئی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار عمر ایوب نامزد

Updated: February 16, 2024, 11:17 AM IST | Agency | Islamabad

پاکستان تحریک انصاف نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے عمر ایوب کو بطور امیدوار نامزدکر دیاہے۔ عمر ایوب خان پی ٹی آئی کی سابق حکومت میں وفاقی وزیر برائے توانائی کے عہدے پر رہ چکے ہیں۔

Imran Khan and Omar Ayub Khan. Photo: INN
عمران خان اور عمر ایوب۔ تصویر : آئی این این

پاکستان تحریک انصاف نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے عمر ایوب کو بطور امیدوار نامزدکر دیاہے۔ عمر ایوب خان پی ٹی آئی کی سابق حکومت میں وفاقی وزیر برائے توانائی کے عہدے پر رہ چکے ہیں۔ پی ٹی آئی لیڈراسد قیصر نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کی اورآئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی سے متعلق آگاہ کیا۔ اسد قیصر نے بتایا کہ عمران خان نے تمام سیاسی جماعتوں کےساتھ بات چیت کا ٹاسک انہیں دیاہے اور حکومت سازی کے لیے وہ ان تمام جماعتوں سے رابطے کریں گےجو انتخابات میں دھاندلی کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں۔ پی ٹی آئی لیڈرنےکہا کہ تحریک انصاف اسمبلی میں بیٹھےگی اور قانونی جنگ بھی لڑے گی۔ اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ عوام نے جسے ووٹ دیا اس کا حق حکمرانی کا ہے۔ پاکستان میں ۸؍ فروری کے عام انتخابات کےبعد ۱۳؍ جنوری کی رات ۶؍بڑی سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نےاتحادی حکومت بنانے پر اتفاق کیا اور مسلم لیگ (ن )کے صدر شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا گیاہے جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف اپنا انتخابی نشان چھن جانے کے بعد سے مختلف آئینی و قانونی مسائل میں گھری ہوئی ہے۔ انتخابی نتائج میں تاخیر کے باعث پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں اور اس سلسلے میں احتجاج بھی کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی لیڈراسدقیصرنےاس حوالے سے کہاکہ الیکشن میں جو دھاندلی ہوئی ہے، بچہ بچہ جانتا ہے کہ جس طرح ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا جا رہا ہے تو اس حوالے سے عمران خان آج شام تک باقاعدہ تاریخ دےدیں گے، پورے ملک میں اس پر ایک احتجاجی تحریک شروع کریں گے، جس میں ہم ملک کے چاروں صوبوں میں، ضلعوں میں، ریلیاں نکالیں گے اور احتجاج کریں گے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK