Inquilab Logo

مسجد کی ملکیت والی دیوار پر عوامی اشتہارات، میونسپل کارپوریشن وقف کی جگہ پر خود کرایہ وصول کر رہا ہے

Updated: August 20, 2023, 9:23 AM IST | Zaid A Khan | nanded

شہر ناندیڑ کی ایک مسجد کی دیوار پر پوسٹر لگانے کی اجازت دے کر میونسپل کارپوریشن پیسے کما رہا ہے جبکہ یہ جگہ سرکاری نہیں بلکہ مسجد کی ہے۔

Mosque management delegation giving memorandum to Municipal Commissioner
مسجد انتظامیہ وفدمیونسپل کمشنر کو میمورنڈم دیتے ہوئے

شہر ناندیڑ کی ایک مسجد کی دیوار پر پوسٹر لگانے کی اجازت دے کر میونسپل کارپوریشن پیسے کما رہا ہے جبکہ یہ جگہ سرکاری نہیں بلکہ مسجد کی ہے۔ اس پر مسجد انتظامیہ ناراض ہے اور  اس نے مسجد کی دیواروں پر اشتہارات اور پوسٹر نہ لگانے کی استدعا کی ہے۔ اس کیلئے انتظامیہ کو تحریری  درخواست بھی  دی گئی ہے۔
  اطلاع کے مطابق ناندیڑ کی مسجد وزیرآباد کے قبرستان کی دیوار کے پاس شہری انتظامیہ نے ’ بینرس پوائنٹ ‘ بنایا ہے۔ یعنی یہاں لوگ میونسپل کارپوریشن کو فیس ادا کرکے اشتہارات اور پوسٹر لگا سکتے ہیں۔ مزے کی بات یہ ہے کہ مذکورہ جگہ سرکاری نہیں ہے بلکہ یہ مسجد انتظامیہ کی ملکیت ہے جو کہ وقف بورڈ کے تحت آتی ہے۔ یہاں مسجد کی دیوار پر اشتہارات لگانے کی وجہ سے لوگوں میں ناراضگی ہے۔ بلکہ  کچھ وقت کیلئے کشیدگی بھی پیدا ہو گئی تھی۔ 
 یہی وجہ ہے کہ مسجد انتظامیہ نے دیوار پر بینر لگائے جانے کی مخالفت کی ہے اور مسجد وزیرآباد کمیٹی کے ذمہ اران و مصلیان پر مشتمل ایک وفد نےسنیچر کو  میونسپل کارپوریشن دفتر پہنچ کر کمشنر سے ملاقات کی اور انہیں ایک میمورنڈم دیا جس میں مسجد کی دیوار پر سے ’بینرس پوائنٹ ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ مسجد کے اطراف میں اشتہار بازی نامناسب ہے۔ عبادتگاہ کے تقدس کے خلاف ہے۔ اس پر یہ جگہ میونسپل کارپوریشن کی ملکیت نہیں ہے بلکہ وقف بورڈ میںرجسٹرڈمسجد کی ملکیت ہے۔ ان اشتہارات کی وجہ سے عوام کی ناراضگی کا بھی حوال دیا گیا ہے۔  
  ناندیڑ کے سینئر صحافی عبدالستار عارف نے  گفتگو کے دوران بتایا کہ ماضی میں بھی کارپوریشن کی جانب سےکر مسجد کی دیوار کے پاس  بینرس  لگانے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا جس کی لوگوں نے مخالفت کی تھی  حتیٰ کہ یہاں  حالات بگڑ گئے تھے جس پر پولیس کو  لاٹھی چارج کرنی پڑی تھی۔ انہوں نے کہا ’’ ہمارا کہنا ہے کہ اس جگہ پر بینرس  نہ لگائے جائیں۔ یہ جگہ ویسے بھی مسجد وزیرآباد کی   ملکیت ہے جو اوقاف سے رجسٹرڈ ہے۔ یہاں مصلیان کمیٹی کی مجلس  عاملہ کی فہرست باقاعدہ وقف بورڈ کو بھیجی جاتی ہے ۔اْسے اوقاف  کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد مجلس عاملہ یہاں کے امور کا اختیار رکھتی ہے۔ اس مجلس عاملہ ( یا کمیٹی) کی اجازت کےبغیر مسجد یا قبرستان کی دیوار کا کوئی استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ ‘‘
  عبدالستار عارف نے کہا’’ مسلمانوں کے جذبات مجروح نہ ہو ںاسلئے یہ پوائنٹ منسوخ کیا جائے ۔کمشنر مہش کمار ڈویفوڑے نے وفد  کی باتیں سنیں اور اس معاملے میں جلد ہی کوئی فیصلہ کرنےکا تیقن دیا۔ اس موقع پر مسجد کمیٹی کے ذمہ داران، مسجد کے امام و خطیب  مفتی ایوب قاسمی، نائب امام محمد ریاض، موذن محمد ابراہیم کے علاوہ توفیق حسین، فاروق عمرکھیڑی، عبدالمختار عابد وغیرہ موجود تھے۔

waqf board Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK