بوپ دیو گھاٹ پر ندی کنارے۱۳؍ مسلم نوجوان افطار کیلئے جمع ہوئےتھے۔
EPAPER
Updated: March 16, 2026, 9:57 AM IST | Pune
بوپ دیو گھاٹ پر ندی کنارے۱۳؍ مسلم نوجوان افطار کیلئے جمع ہوئےتھے۔
پونے میں افطار کی تیاری کر رہے نوجوانوں پر ایک ہجوم کی جانب سے قاتلانہ حملہ کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جن کا اسپتال میں علاج کیاجارہا ہے۔ یہ واقعہ پونے ضلع کےساسوڑ علاقے میں پیش آیا۔ اس واقعے کے بعد ساسوڑ میں کشیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ ساسوڑ پولیس نے۱۲؍ سے زیادہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
موصولہ معلومات کے مطابق پونے ضلع کے ساسوڑ میں ایک ندی کنارے۱۳؍مسلم نوجوان افطار کی تیاری کر رہے تھےکہ اتنے میں ۱۰۰؍ سے زائد افرادبائیک پر سوار وہاں پہنچے اور انہوں نے نوجوانوں پر حملہ کر دیا۔ اس واقعے میں ۵؍ نوجوان زخمی ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ جمعہ کی شام تقریباًساڑھے۶؍بجے پونے دیہی پولیس کے ساسوڑپولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع اسکر واڑی علاقے میں ایک جھیل کے قریب پیش آیا۔
یہ بھی پڑھئے: گیس سلنڈر کی قطار میں ایک اور بزرگ شخص کی موت
کونڈھوا کے رہائشی ۳۶؍سالہ فیروز سید نے پولیس میں درج کردہ شکایت میں کہا ہے کہ وہ اپنے ۱۳؍دوستوں کے ساتھ جمعہ(۱۴؍ مارچ) کی شام بوپ دیو گھاٹ کے قریب اسکرواڑی علاقے میں ندی کنارے افطار کرنے گئے تھے۔ سید کے مطابق جیسے ہی انہوں نے افطار کیلئے کھانے کے پیکٹ کھولے تو تقریباً۱۰۰؍ سے۱۵۰؍افراد کا ایک بڑا گروپ اچانک وہاں پہنچ گیاجو تقریباً۱۰۰؍موٹر سائیکلوں پر آئے تھے۔ شکایت کے مطابق حملہ آور لاٹھیوں ، پتھروں ، کوڑوں اور کچھ تیز دھار ہتھیاروں سے لیس تھے۔ انہوں نے وہاں موجود لوگوں سے پوچھا کہ وہ وہاں کیوں جمع ہوئے اور ان کے لباس پر بھی سوال اٹھایا۔ پھر انہوں نے انہیں خبردار کیا کہ وہ اس علاقے میں واپس نہ آئیں۔ کچھ ہی دیر میں انہوں نے گالی گلوچ شروع کر دی اور اچانک حملہ کر دیا اور شرانگیز نعرے لگائے۔ صورتحال خراب ہوتا دیکھ افطار کیلئے جمع ہونے والےنوجوان جان بچانے کیلئے بھاگنے لگےلیکن شرپسندوں نے انہیں گھیر کر پیٹا اوردھاردار ہتھیار وں سے حملہ کیا جس میں کئی زخمی ہوئے ہیں۔ فیروز سید کے مطابق بعض کو سر، کمر اور ٹانگوں پر شدید چوٹیں آئیں۔ زخمیوں کو کونڈھوا کے ایک اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ سید نے یہ بھی بتایا کہ جھیل کے قریب افطار کیلئے دوسرے لوگ بھی موجود تھےجن میں سے کچھ کے ساتھ بھی حملہ آوروں نے مارپیٹ کی۔ ساسوڑ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر کمار کدم نے کہا کہ اس معاملے میں ۱۰۰؍ سے۱۵۰؍ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس علاقے کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے۔ اب تک تین مشتبہ حملہ آوروں کی شناخت ہو چکی ہے اور باقی افراد کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔ پولیس کاکہنا ہے کہ ملزمو ں جلد گرفتار کرلیاجائیگا۔ پولیس یہ بھی جانچ کررہی ہےکہ حملہ آوروں کا تعلق کسی تنظیم سے تھا یا نہیں۔