Inquilab Logo

پنجاب: خالصتان حامیوں پر کریک ڈاؤن، ۷۸؍ گرفتار

Updated: March 19, 2023, 11:19 AM IST | Chandigarh

امرتپال سنگھ پولیس کو چکمہ دے کر بھاگ نکلنے میں کامیاب، گرفتاری کیلئے جگہ جگہ چھاپے ،پوری ریاست میں پولیس الرٹ،  انٹرنیٹ خدمات معطل

In Punjab, the situation is tense in some areas after the police crackdown. (Photo: Courtesy, Indian Express)
پنجاب میں پولیس کے کریک ڈاؤن کے بعد کچھ علاقوں میں حالات کشیدہ ہیں۔ (تصویر: بشکریہ ، انڈین ایکسپریس)

 پنجاب میں خالصتان حامی شدت پسند لیڈر امرت پال سنگھ اوراس کے حامیوں کے خلاف سنیچر کو  کریک ڈاؤ کرتے ہوئے  پولیس نے ۷۸؍ افراد کو حراست میں  لے لیا ہے۔ اس بیچ امرتپال سنگھ کو پکڑنے کیلئے جگہ جگہ چھاپے مارے جارہے ہیں جو پولیس کے ہاتھ میں آتے آتے رہ گیا۔  اس کارروائی کے پیش نظر پورے پنجاب میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور انٹرنیٹ خدمات اتوار کی دوپہر تک کیلئے بند کردی گئی ہیں۔  امرتپال سنگھ جس پر ریاست میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کا الزام ہے، کھلے عام خالصتان کی حمایت کرتا ہے۔ 
امرتپال کی گرفتاری پر متضاد اطلاعات
  ’وارثِ پنجاب دے‘ تنظیم کے سربراہ اور پنجاب میں خالصتان کے مہم چھیڑنے والے امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے تعلق سے خبر لکھے جانے تک متضاد  اطلاعات موصول ؎ہورہی ہیں۔ ایک طرف جہاں یہ دعویٰ کیا جارہاہے کہ اسے  اس کے کم  از کم ۶؍ حامیوں  کے ساتھ جالندھر ضلع کے نکودر کے قریب اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پولیس کے تعاقب سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھاتودوسری طرف کہا جارہاہے کہ اس کے حامی تو گرفتار ہوگئے مگر وہ پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب  ہوگیا۔ خبرلکھے جانے تک پولیس نے امرتپال کے ۷۸؍ حامیوں  کو حراست میں لینے کی تصدیق کی ہے۔ 
انٹر نیٹ خدمات معطل
  بڑی کارروائی کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے  پنجاب میں انٹرنیٹ خدمات۲۴؍ گھنٹوں کیلئے  معطل کر دی گئی ہیں۔ جالندھر اور آس پاس کے علاقوں میں ۱۸؍ مارچ کی دوپہر۱۲؍ بجے سے۱۹؍ مارچ کی دوپہر۱۲؍ بجے تک انٹرنیٹ خدمات معطل رہیں گی۔ موبائل فون پر چلنے والی ڈونگل سروسیز پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ تاہم اس  دوران بینکنگ اور ریچارج خدمات جاری رہیں گی۔ انتظامیہ نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ پوری ریاست میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔جلو پور کھیڑا گاؤں 
جلو پور کھیڑا گاؤں  سیٖل کردیاگیا
  امرت پال  کے خلاف کارروائی  کے بعد اس کے جلو پور کھیڑا گاؤں کو سیل کر دیا گیا ہے اور وہاں بڑی تعداد میں نیم فوجی دستے اور پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔ کسی بھی گڑبڑ کے پیش نظر اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئےانتظامیہ نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کو بھی الرٹ موڈ پر رکھا ہے۔ آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں پولیس نے   تمام شہریوں  سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی  ہے۔ اس کے ساتھ  عوام سے فرضی اور غیر مصدقہ  اطلاعات کو شیئر نہ کرنے  اور خوف کا ماحول  نہ بننے  دینے کی اپیل کی ہے۔ 
صورتحال پر مرکز کی نظر
  امرتپال کے خلاف کارروائی شروع کئے جانے کے بعد  پیدا ہونے والی صورتحال پر مرکز کی بھی نگاہ ہے اور وہ ریاستی ایجنسیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔  پولیس  نے امرتپال کے خلاف کارروائی کے تعلق سے  مرکزی وزارت داخلہ کو بھی مطلع کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ قومی تحقیقاتی ایجنسی کے ساتھ بھی مکمل معلومات شیئر کی گئی ہیں۔ آنے والے دنوں میں امرتپال، اس کے ساتھیوں اور حامیوں پر شکنجہ مزید کسا جا سکتا ہے۔
’امن وامان کے ساتھ سمجھوتہ نہیں ہوگا‘
 امرتپال اوراس کے حامیوں  کے خلاف کارروائی   کے بعد   عام آدمی پارٹی (آپ) کے راجیہ سبھا  کے رکن  سنجے سنگھ نے کہا کہ ریاست کی بھگونت مان حکومت امن و امان کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مان  حکومت نظام کو موثر بنا رہی ہے۔ پنجاب پولیس اس معاملے پر باضابطہ بیان جاری کرے گی۔ فی الحال کارروائی جاری ہے۔
 بی جےپی نے کارروائی کا سہرا اپنے سر باندھا
   بی جے پی  نے پنجاب میں ہونے والی کارروائی کا کریڈٹ لینے کی کوشش شروع کردی ہے۔   پارٹی میں  ہماچل پردیش کے امور کے انچارج اور پارٹی کے سابق قومی نائب صدر اویناش رائے کھنہ نے کہا ہے کہ خالصتان  حامی  لیڈر امرتپال سنگھ کے خلاف   پارٹی کے کارکنان  نے ریاستی حکومت کو گہری نیند سے بیدار کیا جس بعد ہی کارروائی کی گئی اور اسے اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔  انہوں نے کہا کہ بی جے پی  نے حال ہی میں ریاست میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر ریاستی حکومت کو نیند سے جگانے کیلئے  اسمبلی  کا گھیراؤ کیاتھا۔ 

Khalistan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK