Inquilab Logo

بلڈنگ پروجیکٹوں کیلئے اب ’کیوآر کوڈ‘ رجسٹریشن لازمی ہوگا

Updated: May 31, 2023, 9:51 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

یکم اگست سے اس کا نفاذ ہوگا۔’مہاریرا‘ کے اس اقدام سے مکان خریدنے والوں کو پروجیکٹ سے متعلق تمام تفصیلات حاصل ہوں گی جس میں معاہدہ ، پیسوں کا لین دین ، پروجیکٹ میں پیش رفت ، خالی اور فروخت ہونے والے فلیٹ ، پارکنگ اور دیگرمعلومات شامل ہوں گی۔ اسے ہر۳؍مہینے میں اپ لوڈ بھی کرنا ہوگا

Making QR code registration mandatory for building projects will benefit buyers (File Photo)
بلڈنگ پروجیکٹوں کے تعلق سے کیوآرکوڈرجسٹریشن لازمی قراردینے سے خریداروں کو فائدہ ہوگا۔(فائل فوٹو)

 مکان خریدنے کے خواہشمند افراد کیلئے یہ خبر باعث راحت ہوگی کہ  بلڈنگ پروجیکٹوں کیلئے اب ’کیو آر کوڈ‘ رجسٹریشن کروانا لازمی ہوگا جس میں پروجیکٹ میں پیش رفت ، خالی اور فروخت ہونے والے فلیٹ ، پارکنگ اور دیگر   تفصیلات ہوں گی جس سے فلیٹ خریدنے والوں کو کافی فائدہ ہوگا۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی (مہاریرا) کے نئے جاری  احکامات سے جہاں بلڈروں اور ڈیولپروں کو مزید سخت شرائط کے ساتھ رہائشی پروجیکٹوں کو مکمل کرنا ہوگا  وہیں   اپنے خوابوں کا گھر خریدنے والوں کو  پروجیکٹوں سے متعلق  واضح   تفصیلات حاصل ہوسکیں گی ۔ مہاریرا کے تحت رجسٹرڈ ہونے والے شہر کے تمام ہاؤسنگ پروجیکٹوں کے بلڈروں اورڈیولپروں کو اپنے پروجیکٹوں کی تمام تفصیلات دینے کیلئے یکم اگست سے کیو آر کوڈ  رجسٹریشن کرانا  لازمی ہوگا ۔ 
  مہار یرا کے   جاری کردہ احکامات کے مطابق نئے پروجیکٹوں کے ساتھ ساتھ ریرا میں رجسٹرڈ پرانے  پروجیکٹوں کو بھی کیو آر کوڈ فراہم کیا جائے گا ۔اس کیو آر کوڈ    میں تعمیرات کے بارے میں ، خریداروں سے  پیسوں کے لین دین اور دیگرمعلومات ہوگی اور اسے  ہر ۳؍ ماہ میں اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔ مہاریرا میںبلڈروں  اور ڈیولپروں کو صرف کیو آر کوڈ رجسٹریشن کرنا   لازمی نہیں ہیں ہوگا بلکہ خریداروں کو پروجیکٹ سے متعلق تمام تفصیلات سے آگاہ کرنے کیلئے تمام دستاویزات بھی اپ لوڈ کرنی ہوگی۔  اسے ویب سائٹ پر بھی فراہم کرنا ہوگا تاکہ خریدار  پروجیکٹ اور اپنے فلیٹ کی تفصیلات   آسانی سے معلوم کر سکے ۔
 مہاریرا کے ایک افسر نے کیو آر کوڈ سسٹم نافذ کرنے کے تعلق سے کہا کہ ’’ خریدار جو برسوں کی محنت کی کمائی سے  اپنے  خوابوں کاگھر خریدتا ہے ، اس کے ساتھ کسی بھی قسم کی فریب دہی نہ ہو اورانہیں فائدہ ہو اس لئے پروجیکٹ کی تعمیر میں شفافیت لانے کیلئے کیوآرکوڈ رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیاہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ اب تک   ایسے کئی معاملات مختلف عدالتوں اور مہا ریرا کے پاس آچکے ہیں جن میںڈیولپرس ایک فلیٹ  ایک سے زائد لوگوں کو فروخت کر دیتا ہے یا طے شدہ معاہدے کے مطابق فلیٹ خریداروں کے حوالہ کرنے میں تاخیر کرتا ہے  اور دیگر طریقوں سے ہراساں کرتا ہے ۔ اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ متاثرہ خریدار برسوں قانونی جنگ لڑتے لڑتے یا تو فوت ہوجاتا ہے یا اس سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے ۔
 مہاریرا کے افسر کے بقول ’’آج سبھی کے پاس اسمارٹ فون  ہےجس کی وجہ سے خریدار صرف کیو آر کوڈ اسکین کرکے اپنے پروجیکٹ کی تمام تفصیلات ، سلیب وائس رقم کی ادائیگی کی تاریخ اور دیگر تفصیلات سے سیکنڈوں میں آگاہ ہو جائے گا ۔ پہلے اسے ریرا کی ویب سائٹ اور بلڈر کی ویب سائٹ پر سرچ کرنا پڑتا تھا لیکن اس میں بھی مکمل تفصیلات حاصل نہیں ہوپاتی تھیں ۔پہلے یہ ساری تفصیلات حاصل کرنے کیلئے رجسٹریشن نمبر کا یاد رکھنا بھی ایک مسئلہ ہوتا تھا۔   اب خریدارنے جس   پروجیکٹ میں اپنا فلیٹ بک کیا ہے ، اس   کا کیو آر کوڈ اسکین کرکے تمام  تفصیلات سے آگاہ ہوجائے گا۔اتنا ہی نہیں  بلکہ پروجیکٹ میں پیش رفت کی تفصیلات حاصل بھی ہوگی  جس میں  پارکنگ اور فلیٹوں کے خالی اور فروخت ہونے کی معلومات بھی شامل  ہوگی  ۔ اگر بلڈر کے خلاف کسی نے کورٹ میں شکایت کی ہے تو اس کی معلومات بھی حاصل ہوگی ۔ اس کے علاوہ خود خریدار بھی    پروجیکٹ کا کام مکمل نہ ہونے پر اس کی شکایت ’ریرا ‘سے کر سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK