Inquilab Logo

لکھنؤمیں بہارکے وزیراعلیٰ نتیش کمارکے وزیراعظم نریندر مودی سےملنے کےانداز پر رابڑی دیوی کا طنز

Updated: March 27, 2022, 9:25 AM IST | patna

بہار کی سابق وزیراعلیٰ کے بیان پر جے ڈی یو پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین اوپیندر کشواہا کا جوابی حملہ ، کہا: اب تہذیب و تواضع بھی ان لوگوں ہی سے سیکھنی ہوگی جو اپنے گھر والوں کے ساتھ گالم گلوچ کرتے ہیں؟

Nitish Kumar and Prime Minister Narendra Modi got something like this. (PTI)
نتیش کمار اور وزیر اعظم نریندر مودی کچھ اس طرح ملے۔ ( پی ٹی آئی )

:  بہار کےوزیر اعلیٰ نتیش کمار جمعہ کو اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے لکھنؤ پہنچے تھے۔ وہاں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار جس وقت حلف برداری تقریب کیلئے سجے اسٹیج پر پہنچے ، وزیر اعظم نریندر مودی وہاں پہلے ہی سے بیٹھے تھے۔ اس ملاقات کی جو تصویریں میڈیا میں گردش کررہی ہیں، اس سے لگتا ہے کہ وزیر اعلی نتیش کمار نے بہت جھک کر وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے۔ این ڈی اے کے لیڈران اسے ادب واحترام کا نام دے رہے ہیں، جبکہ اپوزیشن نے ’گرنے‘ کا الزام لگایا ہے۔ آرجے ڈی لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی نے کہا ہے کہ نتیش جی گئے تو وزیر اعظم کے پاؤں ہی پر گر گئے، ہوگی ان لوگوں کی کوئی مجبوری، کچھ یہاں کی سرکار کی ، کچھ وہاں کی سرکار کی، کچھ مجبوری ہوگی کیا کیجئے گا؟ 
 اس سے قبل آرجے ڈی کےمتعدد لیڈروں نے وزیر اعلی نتیش کمار اور وزیر اعظم نریندر مودی کے سابقہ تعلقات اور بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے طنز کیا تھا۔ بھائی ویریندر نے وزیر اعلی نتیش کمار کے اس بیان کو دہرایا جس میں انہوں نے ۲۰۱۵ء کے اسمبلی انتخابات کے موقع پر کہا تھا کہ مٹی میں مل جائیں گے لیکن بی جے پی کے ساتھ نہیں جائیں گے۔
 آرجے ڈی لیڈروں بالخصوص رابڑی دیوی کے بیان پر جے ڈی یو پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین اوپیندر کشواہا نے میڈیا والوں سے کہا کہ اب کیا محترم وزیر اعلی اور ہم لوگوں سے ان لوگوں ہی کی طرح خیرسگالی کی توقع کرتے ہیں، جو اپنے گھروالوں کے ساتھ گالم گلوچ کرتے ہیں؟ اب خیر سگالی ملاقات میں لوگ ایک دوسرے کو سلام کرتے ہیں، خیرمقدم کرتے ہیں،اب اتنی بھی تہذیب نہ رہے ، تو ایسے لوگوں کے علم کی کیا بات کی جائے، رابڑی دیوی نے کیا کہاہے، اس پر کیا تبصرہ کرنا۔وہ بھی شاید یہی سمجھ رہی ہوں،کیونکہ ان کے گھر میں بہوکی کس طرح سے ’درگتی‘ ہوتی ہے، وہ سب کو معلوم ہے۔ اوپیندر کشواہا نے وزیر اعلی نتیش کمار کی وزیر اعظم سے ملاقات کے طریقے کو تہذیب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تہذیب اور تواضع سبھی گھر میں ہونی چاہئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK