Updated: July 16, 2026, 4:08 PM IST
| New York
امریکی فیڈرل ریزرو نے اپنی مالیاتی پالیسی کے فریم ورک کا ازسرِ نو جائزہ لینے کے لیے قائم نئی ٹاسک فورسیز میں ہندوستان کے سابق ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی )گورنر رگھو رام راجن ، دہلی میں پیدا ہونے والے امریکی ماہرِ معاشیات راج چیٹی اور مائیکروسافٹ کی سینئر ایگزیکٹیو آشا شرما کو شامل کیا ہے۔
رگھورام راجن۔ تصویر:آئی این این
امریکی فیڈرل ریزرو نے اپنی مالیاتی پالیسی کے فریم ورک کا ازسرِ نو جائزہ لینے کے لیے قائم نئی ٹاسک فورسیز میں ہندوستان کے سابق ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی )گورنر رگھو رام راجن ، دہلی میں پیدا ہونے والے امریکی ماہرِ معاشیات راج چیٹی اور مائیکروسافٹ کی سینئر ایگزیکٹیو آشا شرما کو شامل کیا ہے۔
یہ ٹاسک فورسیز امریکی فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کیون وارش کی جانب سے تشکیل دی گئی ہیں، جن کا مقصد مالیاتی پالیسی سازی کے نظام میں وسیع اصلاحات لانا ہے۔ان ٹیموں میں سابق بینک آف انگلینڈ کے گورنر مرون کنگ ، سابق والمارٹ سی ای او ڈگ میک ملن ، نوبیل انعام یافتہ ماہرِ معاشیات تھامس سارجنٹ اور سلیکون ویلی کے معروف وینچر سرمایہ کار مارک اینڈریسن بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:عالیہ بھٹ باضابطہ طور پر سوہم شاہ اور نوازالدین صدیقی کی فلم ’’تمباڑ۲ ‘‘میں شامل
رگھو رام راجن کا کردار
خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق، رگھو رام راجن بیلنس شیٹ پالیسی ٹاسک فورس کے رکن ہوں گے۔ اس گروپ میں ہارورڈ یونیورسٹی کی ماہرِ معاشیات کیرن ڈائنان اور سابق فیڈرل ریزرو گورنر جیریمی اسٹین بھی شامل ہیں۔ یہ ٹاسک فورس فیڈرل ریزرو کی موجودہ بیلنس شیٹ پالیسی، اس کے اثاثوں، ان کے فوائد، اخراجات اور مالیاتی پالیسی پر ان کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔
پانچ اہم شعبوں پر توجہ
چیئرمین کیون وارش نے بتایا کہ یہ ٹاسک فورسیز فیڈرل ریزرو کے کام کے پانچ بنیادی شعبوں کا جائزہ لیں گی، جن میں: مالیاتی پالیسی سے متعلق ابلاغ ، بیلنس شیٹ پالیسی، معاشی اعداد و شمار کا استعمال، پیداواری صلاحیت اور روزگار اور افراطِ زر (Inflation) کا فریم ورک۔ انہوں نے کہا’’ہمارا مقصد مالیاتی پالیسی سے متعلق بہتر فیصلے کرنا اور گزشتہ برسوں کی بلند افراطِ زر کی صورتحال سے آگے بڑھنا ہے۔‘‘
دیگر ہندوستان نژاد ماہرین کی ذمہ داریاں
رگھو رام راجن ۲۰۱۳ء سے ۲۰۱۶ء تک ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر رہے۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہرِ معاشیات راج چیٹی معاشی اعداد و شمار سے متعلق ٹاسک فورس کی مشترکہ قیادت کریں گے جبکہ آشا شرما ، جو مائیکروسافٹ کی ایگزیکٹیو نائب صدر اور ایکس باکس کی سی ای او ہیں، پیداواری صلاحیت اور روزگار سے متعلق ٹاسک فورس میں خدمات انجام دیں گی۔
یہ بھی پڑھئے:ناگالینڈ: دہشت گرد حملے میں حوالدار محمد اقبال شہید، سرحدی گاؤں میں سوگ
راج چیٹی کی ٹیم میں سابق والمارٹ سی ای او ڈگ میک ملن اور شکاگو یونیورسٹی کے ماہرِ معاشیات کیون مرفی بھی شامل ہوں گے، جبکہ آشا شرما کے ساتھ معروف سرمایہ کار مارک اینڈریسن اور اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے ماہرِ معاشیات چارلس آئی جونز بھی اس ٹاسک فورس کا حصہ ہوں گے۔