Inquilab Logo

نیرل اسٹیشن کو سیاحتی مرکز بنانے کا ریلوے کامنصوبہ

Updated: November 05, 2022, 9:00 AM IST | Mumbai

نئے فٹ اوور بریج ، ایلیویٹڈ ڈیک ، اسکائی واک ، سرسبزوشاداب جگہیں اور روشنی کا بہتر انتظام کیا جائے گا

Neral Railway Station
نیرل ریلوے اسٹیشن

یہاں سے ماتھیران کیلئے ۲۱؍ کلومیٹرطویل تاریخی ٹوائے ٹرین خدمات شروع کرنے کے بعدریلوے اب اس اسٹیشن کو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنانے کا منصوبہ بنارہا ہے۔واضح رہے کہ یہ اسٹیشن یونیسکوکی ہیرٹیج ماؤنٹین ریلوے لائن میں شامل ہے۔ ٹوائے ٹرین کو ۳؍ سال بعد مکمل طورپر شروع کیا گیا جس میں وسٹاڈوم کوچ  بھی  لگایا گیا ہے جسے پہلے ہی دن سے سیاحوں کی جانب سے کافی پسند کیا جارہا ہے۔  اب نیرل - ماتھیران لائن کو سیاحوں کیلئے بڑا مرکز بنانے پر توجہ دی جارہی ہے ۔ اسی کے تحت نیرل اسٹیشن جہاں سے ٹوائے ٹرین ماتھیران آمدورفت کرتی ہے ، کو اس پروجیکٹ کے تحت ڈیولپ کیا جائے گا۔
 اس بارے میں ممبئی ریلوے وکاس کارپوریشن (ایم آر وی سی) کے ترجمان نے کہا کہ ’’ ایم آر وی سی ۶۰؍ کروڑ روپے کی لاگت سے نیرل اسٹیشن کو بہتر بنانے کے منصوبے پر کام کررہی ہے۔  ہم ۲؍ سطحوں پر اس اسٹیشن کو ڈیولپ کررہے ہیں۔اس نیروگیج ٹرین کے اسٹیشن تک ریگولر ٹرین کے مسافروں کو پہنچنے کیلئے آسانی پیدا کرنے کیلئے ایک ایلیویٹڈ ڈیک (زمین کی سطح سے اوپر)  اور راستے بنائے جائیں گے۔‘‘ اسٹیشن کو بہتر بنانے کیلئے نئے فٹ اوور بریج ، ایک  ایلیویٹڈ ڈیک ، اسکائی واکس اور سرسبز و شاداب جگہیں ، آمدورفت کے راستے بنانے اور روشنی کااچھاانتظام کیا جائے گا۔ایک اہلکار نے بتایا کہ ایلیویٹڈ ڈیک کیلئے تین اہم عناصر کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ کرجت کی طرف کے سرےپر۶؍ میٹر چوڑا فٹ اوور بریج ہوگا۔ ممبئی سے ا ٓنے والی ٹرینوں کے ایک پلیٹ فارم کوفٹ اوور بریج  سے جوڑنے کیلئے ۷؍ تا ۹؍ میٹر چوڑاڈیک ہوگا اور دوسرا ۶؍ میٹر چوڑا پل چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس  (سی ایس ایم ٹی ) کی جانب کے سرے پرہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمینی سطح پرکام  کے  منصوبے میں ریلوے آفس کی عمارتوں اور ٹکٹ بکنگ آفس کو منتقل کرنا اور ریلوے اسٹاف کوارٹرز اور ایک علاحدہ پارکنگ ایریا قائم کرنا شامل ہے۔
 واضح رہے کہ ۲۰۱۹ء  میں شدید بارش کی وجہ سے  نیرل-ماتھیران ٹرین کو کافی نقصان پہنچا تھا جس کے بعد اسے مکمل  طورپر بند کردیا گیا تھا۔پٹریوں کی مرمت اور دیگر اہم کام مکمل ہونے کے بعد اسے ۲۲؍اکتوبر سے شروع کیا گیا ہے جس سے سیاحوں میں خوشی پائی جارہی ہے۔
 نیرل-ماتھیران لائن۱۹۰۷ میں بنائی گئی تھی اور اب یہ ہندوستان کے ماؤنٹین ریلوے کی یونیسکو کی  فہرست میں شامل ہے۔

neral Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK