Inquilab Logo

آرمی چیف جنرل منوج پانڈے کا ایل او سی کا دورہ، فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا

Updated: September 03, 2023, 8:43 AM IST | jammu

فوجی سربراہ نے کہاکہ سخت ترین موسمی صورتحال اور دیگر چیلنجوں کے باوجود فوجی جوان اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں جس کی وجہ سے امن قائم ہے

Army Chief General Manoj Pandey with Army personnel
آرمی چیف جنرل منوج پانڈے فوجی جوانوں کے ساتھ

 فوجی سربراہ جنرل منوج پانڈے نے سنیچر کوراجوری میں لائن آف کنٹرول کے اگلے علاقوں کا دورہ کرکےسخت ترین موسمی حالات میں فوجی جوانوں کی بے لوث خدمات اور حوصلے کی سراہنا کی۔معلوم ہوا ہے کہ فوجی سربراہ نے اگلی چوکیوں کا دورہ کیا او روہاں پر فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ فوجی سربراہ جنرل منوج پانڈے نے ایل او سی پر فوج کے سینئر  افسروں کے ساتھ گفت وشنید کی۔ سرحد پر تعینات اہلکاروں سے بات چیت کے دوران فوجی سربراہ نے کہاکہ سخت ترین موسمی صورتحال اور دیگر چیلنجوں کے باوجود فوجی جوان اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فوج کی کوششوں کے نتیجے میں ہی لائن آف کنٹرول پر اس وقت امن و امان قائم ہے۔
 فوجی سربراہ نے سرحد پر تعینات جوانوں کو بتایا کہ امن دشن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سرحد پر مزید چوکسی برتنے کی ضرورت ہے۔اس سے قبل آرمی چیف کو فوج کے سینئر افسروں نے سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔فوجی کمانڈر کو مخالفین کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف نے فوج کے سینئر افسروں کے ساتھ میٹنگ کی اور لائن آف کنٹرول پر قائم مستحکم دراندازی مخالف گرڈ کی  ستائش کی۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ فوجی سربراہ منوج پانڈے نے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدہ کی پاسداری کیلئے فوج کے نظم و ضبط کی داد دی۔معلوم ہوا ہے کہ آرمی چیف نے راجوری میں ایل او سی کے نزدیک اگلی چوکیوں کا دورہ کرنے کے موقع پر وہاں پر تعینات جوانوں کے ساتھ گفتگو کی۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سرحدوں پر مزید چوکسی بڑھانے کی ضرورت ہے۔
پونچھ میں ایل او سی کے نزدیک دھماکہ، فوجی پورٹر زخمی
 جموں وکشمیر کے پونچھ میں ایل او سی کے نزدیک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں فوجی پورٹر شدید طورپر زخمی ہوا ہے۔  یہ دھماکہ ایسے وقت میں ہوا جبکہ آرمی چیف جنرل منوج پانڈے راجوری میں ایل او سی کا جائزہ لے رہے تھے ۔اطلاعات کے مطابق سنیچرکو پونچھ میں ایل او سی کے نزدیک بارودی سرنگ کا ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں فوجی پورٹر جس کی شناخت مختیار احمد کے بطور ہوئی ہے شدید طورپر زخمی ہوا۔  زخمی فوجی پورٹر کو علاج کیلئے سب ضلع اسپتال منڈی منتقل کیا گیا ۔فوجی ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ کیسے اور کن حالات میں ہوا اس کی تحقیقات شروع کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK