موسلادھار بارش کے سلسلے نے مختلف آبی ذخائر میں اضافہ کیا، ریاست کے وسطی علاقوں میں اگلے دو دنوں تک زورداربارش کا امکان ہے۔
EPAPER
Updated: July 06, 2026, 11:59 AM IST | Pune
موسلادھار بارش کے سلسلے نے مختلف آبی ذخائر میں اضافہ کیا، ریاست کے وسطی علاقوں میں اگلے دو دنوں تک زورداربارش کا امکان ہے۔
ریاست کے مختلف مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس باعث جہاں ایک طرف موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور ذخائر آب میں اضافی ہوا ہے، وہیں دوسری جانب سڑکیں زیر آب آنے اور درخت گرنے کے معاملات بھی دیکھے گئے۔ محکمۂ موسمیات(آئی ایم ڈی)کے مطابق گجرات، کوکن، گوا اور وسطی مہاراشٹر کے بعض مقامات پر اگلے ۲؍دنوں میں انتہائی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ بالخصوص ناسک اور پونے میں گھاٹ کے علاقوں میں بھاری بارش کا اندازہ ہے۔
ناسک میں سڑک پر بڑا درخت گرا
مسلسل بارش کے باعث ناسک کے جہان سرکل کے قریب سڑک کنارے کھڑا ایک بڑا درخت اچانک گر پڑا۔ درخت گرنے سے وہاں کھڑی کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور کئی گھنٹوں تک ٹریفک متاثر رہی۔ اطلاع ملتے ہی ناسک کے ڈپٹی میئرولاس انا شندے موقع پر پہنچے اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر درخت ہٹا کر سڑک کو ٹریفک کے لیے کھولنے کی ہدایت دی۔
رائےگڑھ :ممبئی-گوا ہائی وے پر آمدورفت معطل
مسلسل موسلادھار بارش کے باعث ممبئی-گوا ہائی وے کے کئی حصوں میں پانی بھر گیا ہے۔ رائے گڑھ ضلع کے ناگوتھنے کے قریب سوکیلی علاقے میں سڑک پر پانی جمع ہونے کے باعث اتوار کو کچھ گھنٹوں کیلئے گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند ہو گئی ہے۔ ہائی وے کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف انتہائی ضرورت کی صورت میں ہی سفر کریں اور ممکن ہو تو متبادل راستوں کا استعمال کریں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ایس آئی آر بی جےپی کیلئے اکثریت جٹانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے‘‘
پونے: بارش سے ذخائر آب میں اضافہ
پونے ضلع و اطراف میں پچھلے چار دنوں سے وقفے وقفے سے ہونیوالی بارش سےموسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ وہیں شہر کو پانی فراہم کرنے والے کھڑک واسلا ڈیم میں ایک ٹی ایم سی (ہزار ملین مکعب فٹ) کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ یہاں پچھلے دنوں ذخیرہ آب گزشتہ دس برس کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ تاہم، گزشتہ چار دنوں کے دوران ہونے والی بارش کے باعث کھڑک واسلا، ورسگاؤں، پانشیت اور ٹیمگھر ڈیموں سے پانی فراہم کیا جاتا ہے۔
سانگلی ضلع میں بھی اطمینان بخش بارش
سانگلی میں گزشتہ دو دنوں سے چاندولی ڈیم کے آبی ذخیرہ کے علاقے میں موسلادھار بارش کے باعث وارنا ندی کے پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ وارنا ندی کے منبع کے قریب واقع پاتھرپنج علاقے میں سب سے زیادہ۱۴۹؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ وارناوتی میں ۷۲؍ایم ایم بارش درج کی گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں چاندولی ڈیم مجموعی ذخیرہ بڑھ کر۱۳ء۳۷؍ٹی ایم سی تک پہنچ گیا ہے، جس سے آبی ذخائر میں بہتری آئی ہے، تاہم ندی کے کنارے آباد علاقوں میں احتیاط برتنے کی ضرورت بھی بڑھ گئی ہے۔