Inquilab Logo

پہلوانوں کی حمایت میں راج ٹھاکرے کا وزیراعظم کے نام خط

Updated: June 01, 2023, 9:18 AM IST | Mumbai

ایم این ایس سربراہ نے لکھا’’ اگر ایسی ہی صورتحال رہی تو کل کون کھلاڑی ملک کیلئے خون پسینہ ایک کرے گا؟‘

Raj Thackeray is once again taking a stand against Modi
راج ٹھاکرے ایک بار پھر مودی کے خلاف کمر کس رہے ہیں

مہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے بدھ کو وزیراعظم نریندر مودی کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے دہلی میں مسلسل احتجاج کر رہی خاتون پہلوانوں کے مطالبات کو تسلیم کرنے اور ان کے ساتھ ہوئی بد سلوکی پر توجہ دینے کا  مطالبہ کیا ہے۔ 
  مراٹھی زبان میں لکھے گئے اس خط کو خود راج ٹھاکرے نے اپنے فیس بک اکائونٹ  پر شیئر کیا ہے۔  مہاراشٹر نو نرمان سینا کے صدر نے اس خط کی شروعات ہی ایک طنزیہ جملے سے کی ہے۔  انہوں نے لکھاہے کہ ’’ آپ کو اس معاملے کا علم غالبا ً نہ ہو لیکن مجھے اس کے تعلق سے معلومات ہے کہ  اور اب ملک کے ’پردھان سیوک‘ ہونے کی حیثیت سے آپ اس جانب توجہ فرمائیں۔ ‘‘  خط میں آگے تحریر ہے کہ’’  وہ جنہیں آپ ’دیش کی بیٹیاں‘ کہہ کر یاد کرتے ہیں، وہ جن کی وجہ سے ملک کو کشتی کے کھیل میں کئی میڈل حاصل ہوئے، وہ خاتون پہلوان گزشتہ کئی دنوں سے دہلی  میں احتجاج کر رہی ہیں۔ ان کی شکایت ہے کہ کشتی فیڈریشن کے چیئرمین نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا ہے۔  اور انہیں حکومت سے بس اتنی امید ہے کہ اس جانچ میں کسی بھی طاقتور شخص کی مداخلت نہیں ہوگی۔ ‘‘ 
  راج ٹھاکرے نے نریندر مودی کو یاد دلایا کہ جب گجرات کے وزیراعلیٰ تھے تو اتراکھنڈ میں ہونے والا حادثہ ہو یا ممبئی میں ۱۱؍۲۶؍ کا حملہ ہو،  آپ فوراً وہاں پہنچے تھے۔ یقیناً یہ آپ کی فکر مندی تھی۔  یہی فکر مندی آپ  اپنے دفتر سے تھوڑے ہی فاصلے پر دھرنے پر بیٹھی خواتین کے تعلق سے بھی دکھائیں۔  یہی  خواہش؍ درخواست خاتون پہلوانوں کی بھی ہے اور مہاراشٹر نو نرمان سینا کی بھی۔  اگر انہیں انصاف نہیں ملا تو کیا کوئی بھی کھلاڑی اپنا خون پسینہ ایک کرکے ملک کیلئے تمغہ حاصل کرنے کی تمنا کرے گا؟  ہمارے ملک کی حکومت کو ہمارے زخموں کی پروا نہیں ہے ، اگر ملک میں یہ ماحول رہا تو ’کھیلو انڈیا‘ یہ(نعرہ) ایک خواب ہی  رہ جائے گا۔  راج ٹھاکرے نے خط کے آخر میں لکھا ہے ’’ اگر آپ سچ میں ان کھلاڑیوں کو ملک کا فخر تصور کرتے ہیں تو امید ہے کہ آپ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ گزشتہ ۲۸؍ مئی کو ان خواتین کے ساتھ جو بدسلوکی کی گئی وہ آئندہ نہ ہو، اور ان کی  شکایتوںکو سنا جائے۔
 یاد رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے بی جے پی کی حمایت میں بولنے والے راج ٹھاکرے نے اچانک  اپنا رویہ تبدیل کر لیا ہے اور کرناٹک الیکشن کے نتائج کے بعد سے وہ مسلسل بی جے پی کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK