• Thu, 18 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آپریشن سیندور کے پہلے دن ہمارافضائیہ پوری طرح زمین پر آ گیا تھا: پرتھوی راج چوہان

Updated: December 17, 2025, 11:44 PM IST | Pune

کانگریس کے سینئر لیڈراور سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نےپہلگام دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستان کی جانب سےکئے گئے آپریشن سیندور پر ایک بیان دیا ہے جس پر سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے اور ان کے بیان پر سخت ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔

Prithviraj Chauhan
پرتھوی راج چوہان

کانگریس کے سینئر لیڈراور سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نےپہلگام دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستان کی جانب سےکئے گئے آپریشن سیندور پر ایک بیان  دیا ہے جس پر سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے اور ان کے بیان پر سخت ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔
 پرتھوی راج چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن  سیندور کے پہلے ہی دن یعنی ۷؍ مئی ۲۰۲۵ء کوہندوستانی فضائیہ کو مکمل شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دن تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والی فضائی جھڑپ میں ہندوستان کو ناکامی ہوئی اور ہندوستانی طیارے مار گرائے گئے، جس کے بعد پوری ہندوستانی فضائیہ زمین پر آ گئی۔
چوہان کے مطابق اس واقعے کے بعد فضائیہ کا کوئی بھی طیارہ پرواز نہیں کر سکا، کیونکہ گوالیار، بھٹنڈہ یا سرسا جیسے ہوائی اڈوں سے پرواز کرنے والے والے ہر طیارے کو پاکستان کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کا شدید خطرہ لاحق تھا۔  اسی وجہ سے پوری فضائیہ کو زمین پر روک دیا گیا۔اس بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا مہایوتی کی جانب سے اسے فوج کی حوصلہ شکنی کرنے والا بیان قرار دیا گیا۔ 
  نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے پرتھوی راج چوہان اور کانگریس دونوں پر تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کانگریس کی پاکستان سے محبت بڑھتی جا رہی ہے۔ شندے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’’ آپریشن سیندور پر سوال اٹھانے کا مطلب ہے کہ فوجی جوانوں کی حوصلہ شکنی کرنا۔  میں اس طرح کے بیانات کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ فوج کو سلام کرتا ہوں اور وزیر اعظم مودی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے۔اسے کہتے ہیںدیش بھکتی۔ کانگریس نے جو بیان دیا ہے ، اس کے بعد عوام ہی اس کی قبر کھودیں گے۔متنازع بیانات کیلئے مشہور مہاراشٹر کے وزیر برائے ماہی پروری نتیش رانے نے بھی پرتھوی راج چوہان پر حملہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’ پرتھوی راج چوہان وہی کہہ رہے ہیں جو پاکستان کہہ رہا ہے۔ کانگریس ہمیشہ پاکستان اور دہشت گردوں کے ساتھ  رہی ہے۔‘‘ صرف مہاراشٹر کے لیڈران ہی نہیں پرتھوی راج چوہان کے بیان پر بی جے پی کے قومی سطح کے لیڈران نے بھی  ناراضگی ظاہر کی ہے۔ 
  پارٹی کے ترجمان شہزاد پونہ والا نے ٹویٹ کرکے  کہا ہے کہ ’سینا کا اپمان ، یہی کانگریس کی پہچان‘ ( فوج کی توہین ہی کانگریس کی شناخت ہے۔ ) سڑک کا غنڈہ سے لے کر آپریشن سیندور پر شبہ‘‘ انہوں نے کانگریس کے الگ الگ بیانات کی طرف اشارہ کیا ہے۔ ان کے علاوہ مرکزی وزیر گری راج کشور نے پرتھوی راج چوہان کو نشانہ بنایا ہے۔ 
  ان تنقیدوںکے باوجود پرتھوی راج چوہان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بیان سے ٹس سے مس نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’ مجھے سوال پوچھنے کا پورا حق حاصل ہے۔ میں نے کوئی غلط بات نہیں کہی ہے ۔ جو حقیقت ہے اسے بیان کیا ہے۔ میں نے اپنے بیان سے پیچھے ہٹوں گا اور نہ اس پر معافی مانگوں گا۔ یاد رہے کہ آپریشن سیندور پر بین الاقوامی سطح پر بھی مختلف آراء سامنے آئی ہیں۔    

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK