Inquilab Logo

راج ٹھاکرے محض فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنا چاہتےہیں ، مہنگائی اور بی جے پی کیخلاف ایک لفظ نہیں کہا

Updated: April 14, 2022, 9:42 AM IST | Mumbai

تھانے میں منعقدہ جوابی ریلی میں مہاراشٹر نو نرمان سینا(ایم این ایس)کے سربراہ راج ٹھاکرے نے شرد پوار پربھی متعدد تنقیدیں کی تھیں، شرد پوار نے بدھ کو جوابی پریشدکاانعقاد کیا اور راج ٹھاکرے کی تنقیدوں کاجواب دیا

ncp leader sharad pawar
این سی پی صدر شردپوار

 تھانے میں منعقدہ جوابی ریلی  میں مہاراشٹر نو نرمان سینا(ایم این ایس)کے سربراہ راج ٹھاکرے نے  شرد پوار پربھی متعدد تنقیدیں کی تھیں، شرد پوار نے بدھ کو جوابی پریشدکاانعقاد کیا اور راج ٹھاکرے کی تنقیدوں کاجواب دیا ۔ شرد پوار نے کہا کہ راج ٹھاکرے ریاست میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کر رہےہیںاس لئے ان کے بیان کو سنجیدگی سے نہیںلیناچاہئے۔ مہنگائی اور بے روزگاری پر ایک لفظ نہ کہنے پر شرد پوار نے سوال کیا کہ اس کا کیا مطلب سمجھاجائے۔ایم این ایس کےجلسہ میں بھیڑ تو ہوتی ہےلیکن لوگ انہیں ووٹ نہیں دیتے اور اسی لئے آج ایم این ایس کا محض ایک ہی رکن اسمبلی ہے۔ 
لاؤڈ اسپیکرپر ریاست حکومت غور کرے گی
 راج ٹھاکرے کے  ذریعےمسجدوں پر لگائے گئے لاؤڈ اسپیکرکے اعتراض پر شرد پوار نے واضح کیا کہ ریاستی حکومت اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔انہوںنے کہا کہ’’ریاست میں سماجی ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔کچھ لوگ شعوری طور پر فرقہ وارانہ نظریات کی تشکیل کر رہے ہیں۔‘‘ شرد پوار نےلوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس سازش کا شکار نہ ہوں۔شرد پوار نےکہاکہ ’’ اگر کوئی شخص ایک سال چھ ماہ میں بیان دے رہا ہے تو اسے سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں لیکن صحافی پوچھ رہے ہیں اس لیے میں اس پر اپنی رائے کا اظہار کر رہا ہوں۔‘‘
مہنگائی پر ایک لفظ نہیں کہا!
 شردپوار نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’ان دنوں عام آدمی تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری سےبری طرح جوجھ رہا ہےلیکن راج ٹھاکرے نے تھانے میں اپنی تقریرمیں اس سنگین مسئلے پر ایک لفظ بھی نہیں کہا اس کا کیا مطلب سمجھا جائے؟ بی جے پی نے انہیں کچھ ذمہ داری دی ہو گی۔ 
سونیا کے تعلق سے ادھوری بات بتائی
 شرد پوار نے کہاکہ ’’ راج ٹھاکرے نے سونیا گاندھی اور میرے بارے میں بیان دیا۔اس حوالے سے میری رائے عامہ پہلے ہی واضح تھی کہ بیرون ملک کی باشندہ وزیر اعظم نہیں بننی چاہئے اور جب سونیا گاندھی نے اعلان کیا کہ وہ وزیر اعظم نہیںبنیں گی تووہیں پر یہ معاملہ ختم ہو گیا تھا اور اسی لئےہم نےدوبارہ کانگریس سے اتحاد کیاجو آج تک برقرارہے۔ اگر راج ٹھاکرے نے پوری معلومات لی ہوتی تو شائد ایسا بیان نہ دیتے۔راج ٹھاکرے کی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے  این سی پی سربراہ نے کہا کہ ’’یہ سچ ہے کہ ان کی پارٹی ختم ہونے والی نہیں بلکہ ختم ہو جاتی ہے۔ مہاراشٹر کے ووٹروں نے اس حقیقت کو نوٹ کیا ہےاوریہی وجہ ہے کہ ان کا صرف ایک ایم ایل اے منتخب ہوا ہے۔ 
مَیں ناستک نہیںبلکہ مذہب کا ڈھنڈورا نہیں پیٹتا
 شرد پوارنےکہاکہ ’’ راج ٹھاکرے نے مجھے ناستک کہاہےلیکن میں آپ کی طرح اپنے مذہب کوظاہر نہیںکرتا اور ڈھنڈورا نہیں پیٹتا۔ میں بارامتی جاتا ہوں اور آپ وہاں جاکر پوچھئے کہ ۱۳۔۱۴؍ بار سے انتخابی ناریل کہاں توڑتا ہوں۔ صرف ایک مندرہے۔ ہم اس کے بارے میں کوئی ہنگامہ نہیں کرتے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK