انجلی دمانیا کا حکومت کو انتباہ، آج پونے مارچ کریں گی،زمین گھوٹالے میں پارتھ پوار کے کلیدی ملزم ہونے کا دعویٰ
EPAPER
Updated: December 23, 2025, 9:45 AM IST | Patna
انجلی دمانیا کا حکومت کو انتباہ، آج پونے مارچ کریں گی،زمین گھوٹالے میں پارتھ پوار کے کلیدی ملزم ہونے کا دعویٰ
پونے کے کوریگائوں پارک کی زمین گھوٹالہ کے معاملے میں سماجی کارکن انجلی دمانیا نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر آج ہی نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے استعفیٰ طلب نہیں کیا گیا تو وہ منگل کے روز پونے جا کر احتجاج کریں گی اور ان کا نام فوجداری مقدمے میں شامل کرنے کا مطالبہ کریں گی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجلی دمانیا نے الزام عائد کیا کہ اس زمین کے لین دین میں شیتل تیجوانی اور اجیت پوار کے بیٹے پارتھ پوار ملوث ہیں، اور اس سودے میں ۳؍او ایس ڈی (آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی) بھی شامل تھے۔آر ٹی آئی کارکن وجے کمبھار نے بھی الزام لگایا کہ اس معاملے میں پارتھ پوار کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا جانا چاہئے، تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ سیاسی دباؤ کے باعث پولیس کارروائی سے گریز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الزامات کوریگاؤں پارک (منڈھوا) میں واقع تقر یباً۴۰؍ ایکڑ زمین کی فروخت سے متعلق ہیں، جو پارتھ پوار کی کمپنی امیدیا انٹرپرائزیز نے خریدی تھی۔
انجلی د مانیہ امنیہ کے مطابق اس زمین سے متعلق پاور آف اٹارنی کی دستاویزات کے ہر صفحے پر پارتھ پوار کے دستخط اور تصویر موجود ہے، اور یہ دستاویزات ۲۰۲۱ءکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایڈوکیٹ ترپتا ٹھاکر نے یہ دستاویزات، دگ وجے سنگھ اور شیتل تیجوانی کے وکلاء کی جانب سے فراہم کردہ مواد کے ساتھ، متعلقہ حکام کو بھیجیں۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ان دستاویزات میں چیٹ ریکارڈ بھی شامل ہیں، جن میں اجیت پوار کے پی اے اور ایڈوکیٹ ترپتا ٹھاکر کے درمیان ہونے والی گفتگو موجود ہے۔ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ اقتصادی جرائم شاخ کے ایک افسر واگھمارے کا فون نمبر بھی جمع کروائے گئے مواد کا حصہ ہے۔
انجلی دمانیا نے کہا کہ یہ تمام شواہد پہلے ہی پولیس کو دیئے جا چکے ہیں، اس کے باوجود پارتھ پوار کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ انہوں نے ایک بار پھر انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آج اجیت پوار کا استعفیٰ نہیں لیا گیا تو وہ منگل کے روز پونے جا کر احتجاج کریں گی اور ان کا نام بھی مقدمے میں شامل کرنے کا مطالبہ کریں گی۔ انہوں نے دوبارہ الزام دہرایا کہ یہ لین دین شیتل تیجوانی اور پارتھ پوار کے درمیان ہوا اور اس میں ۳؍او ایس ڈی ملوث تھے۔