Inquilab Logo

پرتاپ گڑھ میں محرم کے موقع پر گیٹ لگانے سے راجا بھیا کے والد کے جذبات ’مجروح‘ ؟ دھرنے پر بیٹھ گئے

Updated: August 04, 2022, 8:55 AM IST | pratapgarh

اترپردیش کے رکن اسمبلی کنور رگھوراج پرتاپ عرف راجا بھیا جن کے اوپر خود کئی طرح کے الزامات ہیں ، آئے دن اپنی فرقہ پرست حرکتوں کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔

Uday Pratap`s feelings are being hurt by this gate
اس گیٹ سے اودئے پرتاپ کے جذبات مجروح ہو رہے ہیں

    اترپردیش کے   رکن اسمبلی  کنور رگھوراج پرتاپ عرف  راجا بھیا جن کے اوپر خود کئی طرح کے الزامات ہیں ،  آئے دن اپنی فرقہ پرست   حرکتوں کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔ اب ان کے  والد اودئے پرتاپ سنگھ نے یہ مورچہ سنبھالا ہے۔   ماہ محرم کے شروع ہوتے ہی ایک معمولی سی بات پر وہ  دھرنے پر بیٹھ گئے ہیںکیونکہ مبینہ طور پر  ان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔    
  اطلاع کے مطابق ضلع پرتاپ گڑھ  میں واقع کنڈہ اسمبلی حلقے کے نمائندے راجا بھیا کے والد اودئے پرتاپ سنگھ کو کونڈا میں واقع شہ زور علاقے  میں محروم کے موقع پر بنائے گئے ایک گیٹ پر اعتراض ہے۔ اسے ہٹانے کیلئے وہ دھرنے پر بیٹھ گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس گیٹ کی وجہ سے ان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔  کہا جا رہا ہے کہ شہ زور کے شیخ پور  عاشق محلے میں  ہر سال یہ گیٹ لگایا جاتا ہے اور روایات کے مطابق یکم محرم کو بھی گیٹ تیار کیا گیا۔  لیکن اودئے پرتاپ سنگھ کو  اس گیٹ پر اعتراض ہے۔ انہوں نے اسے ہٹوانے کی کوشش کی ۔ جب کوشش کامیاب نہیں ہوئی تو انہوں نے دھرنے پر بیٹھنےکا فیصلہ کیا۔ 
  بدھ کوان کے دھرنے پر بیٹھنے کے بعد سینئر ڈسٹرکٹ مجسٹری اور انتظامیہ کے دیگر عہدیدار موقع پر پہنچے ۔خبر لکھے جانے تک وہ اودئے پرتاپ سنگھ کو  دھرنا ختم کرنے کیلئے منانے کی کوشش کر رہے تھے۔وہیں اودے پرتاپ سنگھ گیٹ ہٹانے سے قبل دھرنا ختم نہ کرنے پر بضد ہیں۔حکام کی کوشش ہے کہ کوئی درمیانی راستہ نکالا جائے اور مسئلے کو ختم کیا جائے۔ تحصیل کونڈا کے سب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ستیش ترپاٹھی نے بتایا کہ’’ہر سال یہاں مسلم سماج یکم  محرم تا ۱۰؍ محرم  تک سوگ  مناتے ہیں ،جس کی ضمن میں شیخ پور عاشق گاوں میں مسجد کے نزدیک ایک عارضی گیٹ بنایا گیا ہے ،جو دسویں محرم کے بعد  ہٹا دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کنور اودئے پرتاپ سنگھ کو  اس گیٹ اعتراض ہے ۔گیٹ کو ہٹوانے کیلئے وہ دھرنے پر بیٹھے ہیں ۔ ایس ڈی ایم کے مطابق ان سے ’’بات چیت‘‘ کی جارہی ہے ، اور کوشش ہے کہ کسی کے جذبات مجروح نہ ہوں ۔
 دھرنے پر بیٹھے کنور اودئے پرتاپ سنگھ کا کہنا ہے کہ تعمیر کردہ گیٹ کے نیچے سے ہندوئوں کے گزرنے سے ان کے جذبات مجروح ہوں گے ،اس لئے ان کا مطالبہ ہے کہ گیٹ کو ہٹایا جائے ،جب تک گیٹ ہٹایا نہیں جاتا ،وہ دھرنے سے نہیں اٹھیں گے ۔انہوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ ان کے مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ انہوں نے ۲؍ روز قبل وزیر اعلیٰ کو ٹویٹ کر کے گیٹ ہٹوانے کا مطالبہ کیا  تھا پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ،اس لئے وہ دھرنے پر بیٹھے ہیں ۔ جبکہ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ہر سال محرم کے موقع پر اودئے پرتاپ سنگھ ان کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے لئے رخنہ پیدا کرتے ہیں ۔گیٹ مسجد کے نزدیک بنایا گیا ہے ،جو دسویں کے بعد ہٹا دیا جاتا ہے ۔ اس کی وجہ سے کسی کو کوئی تکلیف بھی نہیں ہے مگر وہ زبردستی اسے ہٹوانے کی ضد کر رہے ہیں۔  ادھر گیٹ کو ہٹانے کے مطالبہ پر علاقے میں کشیدگی  ہے۔

pratapgarh Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK