Inquilab Logo

کانگریس کا مشاعروں کی روایت بحال کرنے کا اعلان

Updated: May 24, 2022, 12:05 AM IST | new Delhi

اقلیتی شعبے کے مطابق کانگریس ہر سال مشاعروں کے ذریعہ اپنے قائدین کوخراج عقید ت پیش کرے گی

Imran Pratapgarhi
عمران پرتاپ گڑھی

عمران پرتاپ گڑھی کے  کانگریس اقلیتی شعبے کی قیادت سنبھالنے کے بعد کانگریس کے خیمے میں ادیبوں،شاعروں،دانشوروں اور ادب پسندوں کی ایک بڑی تعداد نظر آنے لگی ہے۔ کانگریس نے ماضی میں بھی ادبیوں اور شاعروں کی قدر کی ہے۔ یہ بات یہاں جاری ایک ریلیز میں دی گئی ہے۔ 
 ریلیز کے مطابق فن کاروں کو عزت بخشنے اور شاعروں سے جلسہ گاہیں بھرنے میں کانگریس نے ہمیشہ دوقدم آگے چل کر دکھایا ہے لیکن جب سے کانگریس کو کمزور کرنے کی سازشوں نے زور پکڑا تب سے ادیبوں،شاعروں اور فنکاروںکا طبقہ بھی کانگریس سے الگ تھلگ نظر آنے لگا۔  شایداُدے پور  چنتن شیور کے بعد کانگریس نے محسوس کیا کہ اگر اسے پھر سے عوامی مقبولیت درکار ہے تو پھر سے اپنے قائدین کے نقش قدم پر چلنا ہوگا۔ اسی کے چلتے کانگریس کے اقلیتی شعبے نے  ایک کل ہند مشاعرے کا انعقاد کیا۔
 خیال رہے کہ عمران پرتاپ گڑھی کی کنوینر شپ میں کانگریس اقلیتی شعبے کی طرف سے انعقاد پذیر مشاعرہ بعنوان’’ شامِ راجیو‘‘ میں ملک کے تمام معتبر اورمستند شعرا نے شرکت کی تھی۔ مشاعرے میں کانگریس کے قومی ،ریاستی اور مقامی ہر سطح کے لیڈران نے شریک ہوئے تھے جن میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قومی جنرل سیکریٹری اکھلیش پرتاپ سنگھ،خواتین کانگریس کی صدر نیتا ڈی سوزا،کانگریس ایس سی ایس ٹی شعبے کے چیئر مین راجیش لیلوٹھیا، کانگریس اقلیتی شعبہ مہاراشٹر ممبئی کے انچارج احمد خان،یوتھ کانگریس کےراہل راؤ،سابق ممبر پارلیمنٹ ظفر علی نقوی کے علاوہ متعدد اہم شخصیات کے نام شامل ہیں۔
 راجیو گاندھی کو منظوم خراج عقیدت پیش کرنے والے شعرا میں کانگریس اقلیتی شعبے کے سربراہ اور مشاعرہ کنوینر عمران پرتاپ گڑھی کے علاوہ منظر بھوپالی،چرن سنگھ بشر،طاہر فراز،اقبال اشہر، ندیم شاد،ملک زادہ جاوید،منصور عثمانی،وغیرہ نے اپنے کلام سے سامعین کے دلوں پر گہری چھاپ چھوڑی۔ پروگرام کے آخر میں شعرا،سامعین اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ کانگریس تہذیب و تمدن اور زبانوں کی حفاظت میں سب سے آگے رہی ہے۔یہ مہذب لوگوں کی جماعت ہے،جوش،فراق،مجاز اور ان جیسے بے شمار شاعروں نے کانگریس کے وقار میں اضافہ کیا ہے ۔یہ سلسلہ درمیان میں رک گیا تھا اب پھر سے شروع ہوگیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK