مدھیہ پردیش، گجرات اور کرناٹک کی نشستوں کیلئے انتخابات میں بی جے پی کے۱۰؍ اور کانگریس کے ۴؍ امیدوار کامیاب ہوئے ہیں
EPAPER
Updated: June 11, 2026, 11:15 PM IST | New Delhi
مدھیہ پردیش، گجرات اور کرناٹک کی نشستوں کیلئے انتخابات میں بی جے پی کے۱۰؍ اور کانگریس کے ۴؍ امیدوار کامیاب ہوئے ہیں
مدھیہ پردیش، گجرات اور کرناٹک میں راجیہ سبھا کی نشستوں کیلئے ہونے والے انتخابات میں مجموعی طور پر۱۴؍ امیدوار جمعرات کو بلا مقابلہ منتخب قرار دیے گئے۔ ان میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے۱۰؍ جبکہ کانگریس کے۴؍ امیدوار شامل ہیں۔کرناٹک سے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، کانگریس کے قومی ترجمان پون کھیڑا، منصور علی خان اور بی جے پی کے ایم ناگراج بلا مقابلہ راجیہ سبھا کے لئے منتخب ہوئے۔ادھرگجرات میں راجیہ سبھا کی چاروں نشستوں پر بی جے پی کے امیدوار بلا مقابلہ منتخب قرار پائے۔ الیکشن کمیشن نے راجوبھائی شکلا، مکیش بھائی راٹھوا، مان سنگھ پرمار اور جتیندر میگھ جی بھائی کنجاریا کو کامیاب قرار دیا۔ ریاست میں کسی دوسرے امیدوار کے میدان میں نہ ہونے کی وجہ سے ووٹنگ کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
اسی طرح مدھیہ پردیش میں راجیہ سبھا کی تینوں نشستوں پر بی جے پی کے امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ اس انتخاب میں چار امیدوار میدان میں تھے، تاہم کانگریس امیدوار میناکشی نٹراجن کا نامزدگی فارم تکنیکی وجوہات کی بنا پر مسترد کر دیا گیا۔ اس کے بعد صرف بی جے پی کے تین امیدوار باقی رہ گئے اور انہیں بلا مقابلہ کامیاب قرار دے دیا گیا۔انتخابی پروگرام کے مطابق۱۸؍ جون کو ووٹنگ ہونا تھی، لیکن تحقیقات کے دوران کانگریس امیدوار کی نامزدگی مسترد ہونے کے باعث ووٹنگ کی ضرورت ہی پیش نہیں آئی۔ انتخابی افسر نے تینوں کامیاب امیدواروں کو کامیابی کے سرٹیفکیٹ بھی حوالے کر دیے۔راجستھان سے راجیہ سبھا کی تین نشستوں پر بھی امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ ان میں بی جے پی کے دو جبکہ کانگریس کے ایک امیدوار شامل ہیں۔راجیہ سبھا انتخابات میں جہاں مدھیہ پردیش میں میناکشی نٹراجن کی نامزدگی مسترد ہونے سے کانگریس کو بڑا سیاسی دھچکا لگا، وہیں کرناٹک میں پارٹی نے تین نشستیں حاصل کرکے اپنی پوزیشن مضبوط کی۔مدھیہ پردیش میں کانگریس امیدوار کی نامزدگی مسترد کیے جانے کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت بتایا جا رہا ہے، تاہم عدالتی کارروائی سے قبل ہی انتخابی عمل مکمل کر لیا گیا۔
خیال رہے کہ ملک کی۱۰؍ریاستوں کی۲۴؍ راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے ہو رہے دو سالہ انتخابات میں۲۱؍ سیٹوں پر امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، تین ریاستوں کی تین راجیہ سبھا سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھی امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ جھارکھنڈ کی ۲؍ اور میزورم کی ایک سیٹ پر۱۸؍ جون کو ووٹنگ ہوگی۔ جھارکھنڈ کی دو سیٹوں کے لیے تین امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں جے ایم ایم (جھارکھنڈ مکتی مورچہ) کے بیدیناتھ رام، کانگریس کے پرنب جھا اور بی جے پی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار پریمل ناتھوانی شامل ہیں۔ دوسری طرف میزورم کی ایک سیٹ کے لیے ایم این ایف کے سبکدوش ہونے والے رکن کے ونلالوینا اور زیڈ پی ایم کی حمایت یافتہ لالہمنگلیا نا انتخابی میدان میں ہیں۔راجیہ سبھا کی جن۲۱؍ سیٹوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں، ان کے لیے نام واپس لینے کی آخری تاریخ جمعرات تھی۔ ۸؍ ریاستوں کی۲۱؍ سیٹوں کیلئے۲۱؍ امیدواروں کے نامزدگی کاغذات درست پائے گئے اور ان کے خلاف کوئی دوسرا امیدوار میدان میں نہ ہونے کی وجہ سے بلامقابلہ منتخب قراردئیے گئے۔
یہ بھی دھیان رہے کہ راجیہ سبھا کی ۳؍ سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخابات میں مہاراشٹر کی ایک سیٹ نشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کو ملی ہے۔ تمل ناڈو کی ایک سیٹ پر کانگریس امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں، جبکہ اوڈیشہ کی ایک سیٹ بی جے پی کے کھاتے میں گئی ہے۔