• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’ سیوا دل‘ کیا ہے؟ تحریک آزادی میں اس کا دبدبہ کانگریس سے بھی زیادہ کیوں تھا؟

Updated: November 09, 2026, 6:27 PM IST | Qutbuddin Shahid | Mumbai

ایک طویل عرصےبعد راہل گاندھی نے سیوادل کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا۔ ۲۰۰۷ء میں انہوں نےمہندر جوشی کو چیف آرگنائزر بنایا۔ ۲۰۱۸ء میں لال جی دیسائی کو یہ ذمہ داری سونپی اور فی الحال ’ سری نواس بی وی‘ اس کے سربراہ ہیں۔آج جو کانگریس ہر جگہ دکھائی دیتی ہے،اس میں کانگریس سیوادل، این ایس یو آئی ، یوتھ کانگریس اور آئی این ٹی یو سی کے کارکنان کا کردار بہت اہم ہے۔

Congress Seva Dal workers wear `Gandhi caps` to identify themselves at meetings, demonstrations, and rallies. Photo: INN
کانگریس سیوادل کے کارکنان جلسوں، مظاہروں اور ریلیوں میں اپنی شناخت کیلئے’گاندھی ٹوپی‘ پہنتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

ملک میں ایک ایسی انا پسند حکومت تھی، جسے دوسروں کے جذبات و احساسات کی قطعاً پروانہیں تھی۔تنقید اس کیلئے ناقابل برداشت تھی۔ انصاف،سیکولرازم، جمہوریت، مساوات اور حقوق کی باتیں اسے زہر لگتی تھیں۔ مذہبی منافرت کو ہوا دینا اسے اچھالگتا تھا، وہ اس عمل کو اپنی حکومت کیلئے آکسیجن سمجھتی تھی۔ اس کا اپنا ایک ایجنڈہ تھا، جو کوئی بھی اس کے خلاف جانے کی کوشش کرتا ، اس کے خلاف وہ طاقت کااستعمال کرتی تھی۔ حکومت کے خلاف نعرے، احتجاج اور پُرامن مظاہروں کیلئے بھی کوئی گنجائش نہیں تھی۔ جو کوئی بھی ایسا کرتا، اس کی جگہ جیل ہوتی تھی۔ 

یہ۱۹۲۰ء کے عشرے کی کہانی ہے۔ مہاتما گاندھی کے افریقہ سے ہندوستان میں آجانے کے بعدتحریک آزادی کی سرگرمیاں تیز ہوگئی تھیں۔  چمپارن ستیہ گرہ، کھیڑا ستیہ گرہ اور  احمد آباد مل اسٹرائیک جیسے کئی بڑے احتجاج اور مظاہروں کے بعد جلیان والا باغ کا افسوس ناک سانحہ پیش آچکا تھا۔ انگریزی حکومت کے خلاف ناراضگی میں شدت آنے لگی تھی۔ بڑی تعداد میں کانگریس کارکنوں کو جیل ہوتی تھی جہاں سے وہ ایک معافی نامہ لکھ کر باہر آجاتے تھے۔ یہ ایک معمول کی بات تھی، بالکل اسی طرح جیسے آج کل ’پیس بانڈ‘ بھر کر مظاہرین کی رہائی عمل میں آتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے عوامی مواخذہ میں حکومت کیلئے احتساب کا پیغام

اسی دوران ۱۹۲۳ء میں جبل پور اور ناگپور میں ہونےوالے جھنڈا ستیہ گرہ کی وجہ سے بہت سارے کانگریسی کارکنان کو جیل میں ٹھونس دیا گیا تھا۔لوگ معافی نامہ لکھ کر ایک ایک کرکے باہر آرہے تھے لیکن کرناٹک سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان جن کا نام ’نارائن سبّا راؤ ہارڈیکر‘ تھا، نے معافی نامہ لکھ کر دینے سے منع کردیا۔ اُس وقت اُن کی عمر ۳۴؍ سال تھی۔ اپنے اس جرأت مندانہ فیصلے کی وجہ سے وہ اُس وقت کانگریس کے بڑے لیڈروں کی نظروں میں آگئے۔ کانگریس کی اعلیٰ قیادت بالخصوص مہاتما گاندھی، پنڈت نہرو، سردار ولبھ بھائی پٹیل اورمولانا آزاد وغیرہ نے یہ فیصلہ کیا کہ ہارڈیکر جیسے کچھ پُر عزم نوجوانوں کو تیار کیا جانا چاہئے اور انہیں فوجیوں جیسی تربیت دی جانی چاہئے۔ اسی سوچ کے تحت ۲۸؍ دسمبر ۱۹۲۳ء کو سروجنی نائیڈو کی تجویز پر ایک ٹیم’ہندوستانی سیوا منڈل‘ تیار کی گئی جس کی نگرانی کانگریس ورکنگ کمیٹی کرتی تھی۔ اس کے پہلے صدر پنڈت جواہر لال نہرو  ا ور چیف آرگنائزر این ایس ہارڈیکر مقرر ہوئے تھے۔ یہی ہندوستانی سیوا منڈل، بعد میں سیوا دل  کے نام سے مشہور ہوا۔

وہی سیوادل اِن دنوں ایک بار پھر سرخیوں میں ہے۔ زمینی سطح پر کام کرنےو الی اس تنظیم کو کانگریس نے ایک بار پھر سرگرم کردیا ہے۔ پیپر لیک  اور ایس آئی آر کے خلاف ملک گیر احتجاج اور مظاہروںمیں این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس کےساتھ مل کر سیوا دل نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کا چکا جام کرنے میں اہم کردار نبھایا ہے۔

سیوادل کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ یہ، آر ایس ایس سے بھی دو سال پرانی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ’ہندوستانی سیوا منڈل‘ تشکیل دی گئی تو اس میں ہارڈیکر کی قیادت میں’کیشو بلی رام ہیڈگیوار‘ بھی تھے جنہوں نے دو سال بعد اس سےعلاحدگی اختیار کرکےاسی طرز پر’آر ایس ایس‘کی بنیاد ڈالی تھی لیکن اس کے مقاصد الگ رکھے۔ اس کی نگرانی ’ہندو مہا سبھا‘ کرتی تھی۔ ’کانگریس سیوا دل‘ کا مقصد جہاں ہندو مسلم اتحاد کے ساتھ ملک کی آزادی تھی، وہیں آر ایس ایس کا مقصدکسی بھی قیمت پر ملک میں ’ہندو راشٹر‘ کا قیام تھا۔

یہ بھی پڑھئے: جو ’رِجیم چینج ‘ کرانے گئے تھے، خود اپنی ’رجیم چینج‘ کرابیٹھے

سیوادل کے وجود میں آنے کے فوراً بعد۱۹۲۴ء میں کانگریس کا بیلگام اجلاس ہوا تھا۔ یہ وہی اجلاس تھا جس میں مہاتما گاندھی کو پارٹی کا سربراہ منتخب کیا گیا تھا۔اس اجلاس میں صاف صفائی اور سیکوریٹی کی پوری ذمہ داری کانگریس سیوادل کو سونپی گئی تھی۔اجلاس کے بعد مہاتما گاندھی نے سیوادل کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہارڈیکر اور ان کی ٹیم کے تعاون کے بغیر یہ اجلاس کامیاب نہیں ہوپاتا۔

ملک کی آزادی میں سیوا دل کا کردار بہت اہم رہا۔ سینئر صحافی مکیش بھوشن نے اپنے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ ’’مختلف مواقع پر ڈاکٹر راجندر پرساد،سبھا ش چندر بوس اور راج گرو جیسے لیڈران سیوادل کے عہدیدار رہ چکے ہیں۔‘‘ ۱۹۶۹ء میں کانگریس سیوادل میں شامل ہوئے بلرام سنگھ لکھتے ہیں کہ ’’خان عبدالغفار کی انقلابی تنظیم ’لال کرتی‘ کے انضمام کے بعد ’سیوادل‘ کی طاقت کافی بڑھ گئی تھی اور نوجوان کافی پرجوش ہوگئے تھے۔  صورتحال یہ تھی کہ انگریز حکمراں کانگریس سے زیادہ اس کی ذیلی تنظیم ’سیوادل‘ سے خوفزدہ رہتے تھے۔‘‘ بلرام سنگھ مزید لکھتے ہیں کہ ’’صرف انگریز ی حکومت  ہی نہیں، خود کانگریس بھی خوف زدہ ہوگئی تھی۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ولبھ بھائی پٹیل کی سفارش پر سیوادل کے آزادانہ کام کرنے کااختیار ختم کرکے اسے پوری طرح سے کانگریس کی ماتحتی میں لادیا گیا۔ اس سے قبل پٹیل نے گاندھی جی سےکہا تھا کہ سیوادل کو اگر آزاد چھوڑ دیا گیا تو یہ ہم سب کو نگل جائے گا۔‘‘ اس واقعے کے ایک سال بعد انگریزی حکومت نے کانگریس اور سیوادل دونوں پر پابندی عائد کردی ۔ کچھ دنوں بعد کانگریس پر سے پابندی ہٹا لی گئی مگر سیوادل پر طویل عرصے تک پابندی برقرار رہی۔

سیوادل کو پوری طرح سے کانگریس کی ماتحتی میں لانے کے باوجود اس کی اہمیت برقرار رہی اور کانگریس کے اعلیٰ لیڈران اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے رہے۔ سیوادل کا ایک ترجمان رسالہ ’دل سماچار‘ تھا۔ اس کے ایک شمارے میں ایک دلچسپ واقعہ نقل ہے۔

’’یہ۱۹۵۹ء کی بات ہے۔کانگریس کے ناسک اجلاس میں شرکت کیلئے جارہے  وزیر اعظم جواہر لال نہرو کوگیٹ پر روک دیا جاتا ہے۔ گیٹ پر سیکوریٹی کی ذمہ داری سنبھال رہے سیوادل کے سپاہی کملاکر شرما سے   نہرو پوچھتے ہیں کہ’کیا تم مجھے نہیں جانتے؟‘شرما نے شائستگی سے جواب دیا، ’میں آپ کو جانتا ہوں۔ آپ ملک کے وزیر اعظم ہیں، لیکن سر! آپ نے مناسب بیج نہیں پہنا ہوا ہے۔ آپ اس طرح اندر نہیں جا سکتے۔‘اس جواب پر نہرو مسکرائے اور اپنی جیب سے اپنا بیج نکالا۔ اس کے بعد انہیں اندر جانے دیا گیا۔‘‘ کملاکر شرما کی اس ’حرکت‘ سے اجلاس میں ہنگامہ برپا ہوگیا تھا لیکن یہی بات نہرو کو پسند آگئی۔ اس کے بعد انہیں ترقی دے کر بمبئی ریاست کا چیف آرگنائزر بنا دیا گیا۔

گزرتے وقت کے ساتھ سیوادل کے پاس کوئی کام نہیں رہ گیا۔ ملک آزاد ہوگیا اور کانگریس ملک کی حکمراں جماعت بن گئی۔اس کے بعد سیوا دل کی ذمہ داری جلسوں اور ریلیوں میں صرف’صاف صفائی‘ رہ گئی۔ سیوادل میں رہتے ہوئے اچھی کارکردگی کی بنیاد پر ترقی کی راہیں محدود ہوگئیں بلکہ مسدود کردی گئیں۔ این ایس یو آئی میں تیز طرار طلبہ کویوتھ کانگریس میں شامل کیا گیا اور وہاں اچھی کارکردگی پر کانگریس میںبھی موقع دیا گیا لیکن سیوادل کیلئے اس طرح کی کوئی گنجائش نہیں رکھی گئی۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ رفتہ رفتہ یہ تنظیم جو کبھی کانگریس کی جان ہوا کرتی تھی، غیر فعال ہو کر ر ہ گئی۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ہمارے پڑوس میں رہنے والے برادرانِ وطن کی بیٹی حجاب پہن کر ہمارے ساتھ افطار کرتی تھی‘‘

ایک طویل عرصےبعد راہل گاندھی نے سیوادل کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا۔ ۲۰۰۷ء میں انہوں نےمہندر جوشی کو چیف آرگنائزر بنایا۔ ۲۰۱۸ء میں لال جی دیسائی کو یہ ذمہ داری سونپی اور فی الحال ’ سری نواس بی وی‘ اس کے سربراہ ہیں۔ سیوادل سے سبکدوشی کے بعد مہندر جوشی کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کا سیکریٹری بنایا گیا۔ اسی طرح لال جی دیسائی کوسی ڈبلیو سی کا اہم رکن  اور اُدیشہ کا انچارج بنایا گیا۔

اس کا نتیجہ ہے کہ رام لیلا میدان میں سیوادل کے کارکنان کو اُسی طرح پُرجوش دیکھا گیاجس طرح ہم نے ۱۹۲۴ء کے اجلاس میں ان کے تعلق سے  پڑھا ہے۔ ریلی سے دو دن قبل بارش ہونے کی وجہ سے میدان میں پانی بھر گیا تھا، اسے سیوادل کے کارکنان ہی نے اجلاس کے قابل بنایا۔ آج جو کانگریس ہر جگہ دکھائی دیتی ہے،اس میں کانگریس سیوادل، این ایس یو آئی ، یوتھ کانگریس اور آئی این ٹی یو سی کے کارکنان کا کردار بہت اہم ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK