۵۴۴؍ صفحات کی یہ کتاب اپنی اشاعت سے قبل ہی موضوع بحث بن چکی تھی جس کا اسے بھرپور فائدہ مل رہا ہے ،کوئک کامرس ویب سائٹس بھی اسے فروخت کررہی ہیں۔
EPAPER
Updated: November 12, 2026, 11:55 AM IST | Agency | New Delhi
۵۴۴؍ صفحات کی یہ کتاب اپنی اشاعت سے قبل ہی موضوع بحث بن چکی تھی جس کا اسے بھرپور فائدہ مل رہا ہے ،کوئک کامرس ویب سائٹس بھی اسے فروخت کررہی ہیں۔
ہارپر کولنز انڈیا کے زیر اہتمام شائع ہونے والی سونیا گاندھی کی خود نوشت جو ۵۴۴؍ صفحات پر مشتمل ہے، ریلیز ہوتے ہی ۲۴؍ گھنٹوں کےاندر امیزون پر بیسٹ سیلر کتاب بن گئی ہے۔ کانگریس لیڈر شری نویس بی وی نے اس تعلق سے ٹویٹ کیا اور بتایا کہ ’’سچائی کی طاقت کتنی ہو تی ہے کسی کو اندازہ لگانا ہے تو اسے سونیا گاندھی کی کتاب ضرور پڑھنی چاہئے جو ۲۴؍ گھنٹوںکے اندر ہی امیزون پر بیسٹ سیلر بن گئی ہے۔‘‘ واضح رہے کہ یہ کتاب اپنی اشاعت سے پہلے ہی موضوعِ بحث بن چکی تھی۔ اس کی قیمت ۱۲۹۹؍ روپے مقرر کی گئی تاہم آن لائن خریداری کے بعض پلیٹ فارمز پر رعایتی قیمت نے بھی اس کی مقبولیت میں اضافہ کیا ہے۔ خاص طور پر کوئک کامرس پلیٹ فارم بلنک اِٹ کے ذریعے اس کتاب کی دستیابی نے ایک نئی صورت حال پیدا کر دی۔ جہاں پہلے قارئین کو کسی نئی کتاب کیلئےبک اسٹور کا رخ کرنا پڑتا تھا یا آن لائن آرڈر کے بعد ایک دو دن انتظار کرنا ہوتا تھا، وہیں اب چند منٹوں میں کتاب گھر پہنچ رہی ہے ۔ بلنک اٹ کے ساتھ ساتھ امیزون پر بھی آرڈرس بڑھ رہے ہیں۔
کوئک کامرس نے اس عمل کو مزید تیز کر دیا ہے۔ سونیا گاندھی کی خودنوشت اس تبدیلی کی ایک نمایاں مثال بن کر سامنے آئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بلنک اِٹ پر۱۲۹۹؍روپے کی قیمت والی کتاب ڈسکائونٹ کے ساتھ تقریباً ۸۵۰؍روپے میں دستیاب ہو رہی ہے۔ دہلی کے بعض علاقوں میں آرڈر کے بعد آٹھ سے بیس منٹ کے اندر کتاب پہنچ جانے کی وجہ سے بھی قارئین اسے ہاتھوں ہاتھ لے رہے ہیں۔ ممبئی اور بنگلور میں بھی اسی طرح کا رجحان دیکھنے کو ملا۔ واضح رہے کہ ملک میںسیاسی شخصیات کی خودنوشتوں، یادداشتوں اور سیاسی تاریخ پر مبنی کتابوں سے قارئین کی دلچسپی کا ایک طویل سلسلہ موجود ہے۔ پنڈت جواہر لال نہرو کی کتاب ’این آٹو بایوگرافی‘ سے لے کر حالیہ برسوں کی سیاسی تصانیف تک، قارئین ہمیشہ یہ جاننے کے خواہش مند رہے ہیں کہ ملک کی سیاست کے اہم فیصلوں کے پیچھے کیا حالات اور خیالات کارفرما تھے۔سونیا گاندھی کی خود نوشت کے حوالے سے بھی یہی تجسس ہے اور اسی وجہ سے یہ تیزی سے فروخت ہو رہی ہے۔