Inquilab Logo

میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جماعت ِاسلامی کی سماجی خدمات کا اعتراف

Updated: October 09, 2021, 8:26 AM IST | sajid Shaikh | Mumbai

میونسپل اہلکار نے اسلامک سینٹر پہنچ کر توصیفی سند سے نوازا، تنظیم کے کارکنان اور رضاکاروںنے لاک ڈاؤن سے متاثرہ مقامی افراد کی امداد کیلئے۱۹؍ لاکھ روپے خرچ کئے

Municipal official Rewanath handing over certificate from Jamaat-e-Islami Mira Road to Amir Ata-ul-Haq Qazi on behalf of Mira Bhayander Municipal Corporation.
میونسپل اہلکار ریوناتھ جماعت اسلامی میراروڈ کے امیر عطاء الحق قاضی کو میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے سرٹیفکیٹ دیتے ہوئے۔

میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن نے گزشتہ سال لاک ڈاؤن کےدوران    علاقے میں نمایاں سماجی خدمات انجام دینے پر جماعت اسلامی میراروڈ کو سند  سے نوازا۔ شہری انتظامیہ کی جانب سے سرٹیفکیٹ ۲؍ اکتوبر کو میونسپل اہلکار مقادم ریوناتھ نے جماعت کے دفتر اسلامک سینٹر پر امیر مقامی عطاء الحق قاضی کودیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال مارچ کورونا وائرس  پھیلنے پر اچانک لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا تھا جس سے معاشی سرگرمیاں ٹھپ پڑگئی تھیں۔ چھوٹی چھوٹی نوکری کرنے والے بے روزگار ہوگئے ، چھوٹے بیوپاریوں  اور پھیری والوں کے کاروبار ختم ہو گئے  ، رکشا ڈرائیوروں اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کے سامنے فاقہ کشی کی نوبت آ گئی تھی۔ اس مشکل وقت میں جماعت اسلامی نے لوگوں کا ساتھ دیا۔ میراروڈ کے علاوہ اطراف کے علاقوں دہیسر ، بھائندر ،نائیگاوں ،نالا سوپارہ اور ویرار تک ضرورتمندوں میں راشن کٹ تقسیم کی گئی۔   اس طرح متاثرین کی مدد کیلئے ۱۹؍ لاکھ روپے خرچ کئے۔
 اس بارے میںجماعت اسلامی میراروڈ کے امیر عطاء الحق قاضی  نے بتایا کہ لاک ڈاؤن میں راشن کی تقسیم کا پروگرام انتہائی منظم طریقے سے انجام پایا تھا۔  تقریباً ایک ہزار خاندانوں کی کمپیوٹرائزڈ فہرست سازی کی گئی تاکہ بیک وقت ایک خاندان کو ایک راشن کٹ دی جاسکے۔ راشن تقسیم کا سلسلہ ۶؍ماہ تک چلتا رہا۔  اس دوران سرکاری اسپتالوں میں عام مریضوں کے داخلہ پر پابندی لگا دی گئی تھی اور مریض خانگی اسپتالوں کے  مہنگےعلاج سے قاصر  تھے ۔ راشن تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ جماعت اسلامی نے بڑے پیمانے پر طبی امداد فراہم کی۔ علاج معالجہ کیلئے لوگوں کو مالی امداد فراہم کی ۔ وطن جانے کے خواہشمند افراد کو حکومت کی جانب سے فٹنس سرٹیفکیٹ درکار تھے تو جماعت اسلامی نے اپنے کلینک الشفاء میں مہاجر مزدوروں، مدارس  کے طلبہ اور آبائی وطن جانے کے خواہشمند افراد کو طبی جانچ کے بعد فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیا   ۔ لاک ڈاؤن میں ہاکرس کا کاروبار چوپٹ ہوگیا تھا اس لئے بہت سے لوگوں کو دوبارہ کاروبار شروع کرنے کیلئے امداد دی گئی۔لاک ڈاؤن میں والدین و سرپرستوں کی مالی حالت خراب ہو جانے کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کی اسکول فیس بھرنے سے قاصر تھے۔ ایسے ۵۰؍ طلبہ کی اسکول فیس کا انتظام کیا گیا جن میں بیشتر طلبہ کی فیس جماعت اسلامی میراروڈ کے بیت المال سے ادا کی گئی۔جماعت نے پروفیشنل سالیڈریٹی فورم ( پی ایس ایف ) ممبئی اور ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن نئی دہلی کے تعاون سے ادا کی ۔   اسکول فیس کیلئے حکومت کی اسکالرشپ اسکیموں کے سلسلے میں لوگوں میں بیداری لانے کی کوشش کی اور اپنےمقامی دفتر اسلامک سینٹر پر کاؤنسلنگ شروع کی  ساتھ ہی  ساتھ اسکالرشپ کے آن لائن فارم بھرنے میں مدد کی ۔  جماعت کی امدادی کلینک میں جہاں عام دنوں میں ۳۰؍ روپے میں  علاج کیا جاتا ہے، کورونابحران کے دوران مفت میں علاج کیا گیا۔ اس سلسلے میں جماعت اسلامی میراروڈ کے تحت چلنے والے الشفاء کلینک میں مفت فیور کلینک قائم کیا گیا تاکہ مرض کی تشخیص ابتدائی مراحل میں ہو ۔مشتبہ افراد کا کورونا ٹیسٹ کروایا گیا جو لوگ متاثر تھے انہیں فوراً کووڈ سینٹر میں داخل کروایا گیا۔
  عطاء الحق قاضی نےیہ بھی کہا کہ دوسری لہر کے دوران طبی سہولیات کی عدم دستیابی بھی ایک مسئلہ تھا۔ کورونا وائرس کے متاثرین کے اہل خانہ آکسیجن سلنڈر ،اسپتال میں بیڈ کی دستیابی،  دواؤں کیلئے در در بھٹک رہے تھے اس لئے ہم نے کورونا ہیلپ لائن شروع کی۔ مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جماعت اسلامی میراروڈ نے وباء کے زمانے میں بھی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا، بلڈ ٹیسٹ رکھا گیا۔ خون کی کمی دور کرنے کیلئے میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کے عملے کے ساتھ مل کر بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا اور  میراروڈ کی سطح پر ایک بلڈ ڈونرز فورم قائم کیا۔ ۵۰؍نوجوان اس فورم کے ممبران ہیں۔ لاک ڈاؤن کے دوران نوجوان گھروں میں مقید تھے ان کیلئے آن لائن ویب ڈیزائننگ کورس کا افتتاح کیاگیا جو بالکل مفت تھا۔ اس کورس میں ۵۰؍ طلبہ نے داخلہ لیا تھا۔    سرکاری راشن سے متعلق اسلامک سینٹر پر رہنمائی ڈیسک لگایا گیا۔ انڈر ٹیکنگ فارم کا پرنٹ نکال کر لوگوں میں تقسیم کیا گیا۔ راشن کی دکانوں پر جماعت کے رضاکاروں نے جاکر دکاندار  سے بات کی اور لوگوں کو راشن دلوایا۔عطاء الحق قاضی  کے مطابق لاک ڈاؤن کے علاوہ بھی جماعت  اسلامی میراروڈ پریشان حال مصیبت زدہ،معاشی طور بدحالی کا شکار، سنگین بیماریوں میں مبتلا مریضوں،یتیموں  ،بیوہ اور بے سہارا خواتین کی حتی الامکان وحتی المقدور مدد کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

mira road Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK