Inquilab Logo

ایف وائی جے سی کٹ آف میں۵؍فیصد تک کمی

Updated: August 05, 2022, 9:20 AM IST | saadat khan | Mumbai

معروف کالجوں کا کٹ آف بھی امسال کم رہا۔ گزشتہ سال کووڈبحران سے بورڈ امتحان منعقد نہ ہونے کو اس کی وجہ قرار دیا جارہا ہے

Cutoff may increase in second merit list. (file photo)
دوسری میرٹ لسٹ میں کٹ آف بڑھ سکتا ہے۔ (فائل فوٹو)

ایف وائی جے سی میں داخلے کی پہلی میرٹ لسٹ بدھ کو جاری کی گئی جس سے پتہ چلتا ہے کہ  امسال کٹ آف میں گزشتہ سال کے مقابلے تقریباً۵؍فیصد کمی آئی ہے ۔ اس کی وجہ گزشتہ سال کووڈبحران کے سبب امتحان منعقد نہ ہونا بتائی جارہی ہے۔شہر ومضافات کے معروف کالجوں کا کٹ آف بھی گزشتہ سال کےکٹ آف سے کم رہا جس کے بارے میںکالج انتظامیہ کہنا ہے کہ اسی کا امکان تھا کیونکہ طلبہ کو  بغیر امتحان کے  پاس کردیاگیاتھا جس کی وجہ سے  رزلٹ کا فیصد زیادہ تھالیکن امسال ایسا نہیں ہے ۔ 
 جنوبی ممبئی کے سینٹ زیویئرس کالج میں آرٹس فیکلٹی کے کٹ آف میںامسال ایک فیصد کی کمی آئی  ۔گزشتہ سال پہلی میرٹ لسٹ کا کٹ آف  ۹۵ء۲؍فیصد تھا جو امسال ۹۴ء۲؍ فیصد  رہا۔ اسی طرح جے ہند کالج کا آرٹس اسٹریم کا کٹ آف ۹۱ء۶؍فیصد سے کم ہوکر ۹۰ء۲؍فیصد  رہا۔ ایچ آر اور آر اے پودار کالج میں کامرس اسٹریم کے کٹ آف میں بھی کمی آئی ۔ان معروف کالجوں کے علاوہ شہر کے دیگر کالجوں کے کٹ آف میں بھی تقریباً ۵؍فیصد کی کمی دیکھی گئی ہے۔ پہلی میرٹ لسٹ میں ممبئی میٹروپولیٹن ریجن کے تقریباً ایک لاکھ ۴۰؍ ہزار طلبہ جنہوں نے داخلے کی درخواست دی تھی ، انہیں پہلی میرٹ لسٹ میں سیٹ الاٹ کی گئی ہے۔ 
 اس تعلق سے بیلاسس روڈپر واقع سیف طیب جی اُردو ہائی اسکول اینڈجونیئر کالج کی پرنسپل شمع تاراپوروالانے بتایا کہ ’’امسال محکمۂ تعلیم نے اپلائڈ لسٹ بھی جاری کی ہے  جس میں طلبہ کے نام کے ساتھ ان کے موبائل فون نمبر بھی دیئے گئے ہیں۔ اس کی وجہ سےہم آسانی سے طلبہ سے رابطہ کرکے انہیں کالج میں بلاکر داخلے دے رہے ہیں اور داخلے سے متعلق کافی سہولت ہوگئی ہے۔ جہاں تک کٹ آف کم ہونے کا تعلق ہےتو اس کی کئی وجوہات ہیں ۔ایک تو امسال معمول کے مطابق امتحان منعقد ہوئے ۔ دوسری وجہ یہ ہےکہ کوٹے کےتحت جو داخلے دیئے جارہےہیں ، اس بھی کٹ  آف کی شرح میں کمی آئی ہے۔ ہمارے کالج میں سائنس میں آن لائن اور اِن ہائوس ۹۳؍داخلے دیئے گئے ہیں  جس کا کٹ آف ۷۵؍فیصد ہے۔ اسی طرح آرٹس میںآن لائن اور اِن ہائوس ۹۰؍ طلبہ کا نام لسٹ میں آیاہے جس کا کٹ آف ۵۵ء۶؍فیصد ہے۔ 
  مہاراشٹر کالج ( بیلاسس روڈ) کے پرنسپل سراج الدین چوگلے نےبتایاکہ ’’ مجموعی طورپر شہر و مضافات کے تمام کالجوں کے کٹ آف کی شرح میں کمی آئی ہے۔ کامر س فیکلٹی میں ہر سال کے مقابلے امسال کاکٹ آف سب سے کم یعنی صرف  ۸۴؍فیصد ہے۔گزشتہ سال ہمارے کالج میں سائنس اسٹریم کی پہلی میرٹ لسٹ کاکٹ آف ۷۷ء۸؍فیصد تھا جبکہ امسال ۷۶ء۲۰؍ فیصدہے ۔اسی طرح کامرس کاکٹ آف ۷۸؍ فیصد تھا جو امسال ۷۱ء۶۰؍فیصد ہے۔‘‘
 کموجعفر سلیمان گرلز ہائی اسکول اینڈجونیئر کالج کی پرنسپل نیلوفر کاسو نےبتایاکہ ’’ کووڈبحران کی وجہ سے گزشتہ سال بورڈ امتحان منعقدنہیں کیا گیاتھا جس  سے دسویں کےنتائج کافیصد زیادہ تھا۔ اس وجہ سے تمام کالجوں کی سائنس،کامرس اورآرٹس فیکلٹی کی پہلی میرٹ لسٹ کاکٹ آف بھی کافی زیادہ تھامگر امسال ایسا نہیں ہےکیونکہ معمول کے مطابق امتحان ہونے سے رزلٹ کا فیصدکم ہواہےجس کا اثر کٹ آف پر پڑنا یقینی ہے۔ ‘‘   
  اس ضمن میں ایک کالج کے پرنسپل  کے مطابق کہ’’ دوسری میرٹ لسٹ میں کٹ آف کے بڑھنے کی اُمید ہے کیونکہ متعدد طلبہ جنہوں نے ۹۰؍فیصد سے زیادہ مارکس حاصل کئے ہیں مگر انہیں اپنی پسند کادوسرا کالج ملاہے ، وہ  سیکنڈ رائونڈ کاانتظارکریں گے۔ پہلی میرٹ لسٹ میں گزشتہ سال کے مقابلے امسال ۲۱؍ہزار ۶۹۰؍ طلبہ کو ان کی پسندکا دوسرا کالج ملاہےجبکہ گزشتہ سال ۱۸؍ ہزار ۸۰۴؍ طلبہ کو دوسراپسندیدہ کالج ملاتھا۔‘‘  
  ابھی کامن ایڈمیشن پروسیس کا پہلا ہی رائونڈ شروع ہے ، اس کےباوجود جن طلبہ کانام پہلی میرٹ لسٹ میں نہیں آیاہے،وہ ابھی سے تشویش کا اظہار کررہےہیں ۔ان میں وہ طلبہ شامل ہیں جن کے نمبر کم آئےہیںاور انہوںنے معروف کالج یا جن فیکلٹی میں داخلے کیلئے نمبر زیادہ چاہئے ،اس کالج اور فیکلٹی کیلئے درخواست دی ہے۔ جنوبی ممبئی کی ایک طالبہ کی والدہ نے بتایاکہ ’’میری بیٹی نے ۶۰؍ فیصد حاصل کیا ہے ، ا اس نے مہاراشٹر کالج میںسائنس  فیکلٹی کیلئے درخواست دی ہے مگر پہلی لسٹ میں ان کا     نام نہیںآیا ہے جس سے وہ مایوس ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK