ہندوستان اورپاکستان کی کشیدگی سے گزشتہ ہفتے بینکنگ سیکٹر پر زیادہ دباؤ رہا اور بینکنگ شعبے کے حصص زیادہ فروخت ہوئے۔
EPAPER
Updated: May 12, 2025, 11:34 AM IST | Mumbai
ہندوستان اورپاکستان کی کشیدگی سے گزشتہ ہفتے بینکنگ سیکٹر پر زیادہ دباؤ رہا اور بینکنگ شعبے کے حصص زیادہ فروخت ہوئے۔
ہند پاک کشیدگی کے بیچ گزشتہ ہفتے (۵؍ سے ۹؍ مئی) اسٹاک مارکیٹ میں ہونےوالے اتار چڑھاؤ کے نتیجے میں ریلائنس انڈسٹریزکے مارکیٹ ویلیو میں ۵۹؍ ہزار ۷۰۰؍ کروڑ کی کمی آئی ہے۔ یہ گھٹ کر ۱۸ء۶۴؍ لاکھ کروڑ رہ گئی ہے جبکہ اس سے پہلے ۱۹ء۲۴؍ لاکھ کروڑ روپے تھی۔ اس کے ساتھ ہی گزشتہ ہفتے بینکنگ سیکٹر پر زیادہ دباؤ رہا اور بینکنگ شعبے کے حصص (شیئر) زیادہ فروخت ہوئے۔ آئی سی آئی سی آئی بینک کی مارکیٹ ویلیو۳۰؍ ہزار ۱۸۵؍کروڑ روپے گھٹ کر ۹ء۹۰؍لاکھ کروڑ روپے رہ گئی جبکہ ایچ ڈی ایف سی کی ویلیو۲۷؍ ہزار ۶۳؍ کروڑ روپے کم ہو کر۱۴ء۴۶؍ لاکھ کروڑ روپے ہوگئی۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیاکی ویلیو ۱۸؍ہزار ۴۲۹؍ کروڑ روپے کی کمی کے بعد۶ء۹۶؍ لاکھ کروڑ روپے رہ گئی۔
انفوسس اور ہندوستان یونی لیور (ایچ یو ایل) جیسی کچھ کمپنیوں کو اس ہفتے منافع بھی ہوا۔ انفوسس کی مارکیٹ ویلیو۴۱۵؍ کروڑ روپے بڑھ کر۶ء۲۶؍ لاکھ کروڑ روپے ہو گئی جبکہ ہندوستان یونی لیور کی ویلیو میں ۲؍ہزار ۵۳۸؍ کروڑ روپے کا اضافہ ہوا جو اب۵ء۸۴؍ لاکھ کروڑ روپے ہوگئی ہے۔
۱۲؍ مئی ۲۰۲۵ءسے شروع ہونے والے نئے ہفتے میں ۲؍ کمپنیاں اسٹاک مارکیٹ میں لسٹ ہونے جا رہی ہیں۔ ان دونوں کا تعلق ایس ایم ای طبقہ سے ہے۔ ایک کمپنی سریگی ڈی ایل ایم ہے، جس کا پبلک ایشو۴۹۰ء۹۳؍ گنا سبسکرپشن کے ساتھ بند ہواہے۔ دوسری کمپنی منوج جیولرس ہے، جس کا ایشو۱ء۱۴؍ گنا سبسکرائب کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ دونوں کمپنیوں کے حصص ۱۲؍ مئی کوبی ایس ای ایس ایم ای پر درج ہونے والی ہیں۔