Inquilab Logo

کمپنیوں کے ذریعہ اشتہارات روکنے کی خبر پرریپبلک ٹی وی برہم، اشاعت روکنے کیلئےنوٹس بھیجا

Updated: February 16, 2021, 7:49 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

میڈیا کے کاروباری معاملات کی رپورٹنگ کرنے والی ویب سائٹ کو سخت انتباہ، رپورٹ کو جھوٹ پر مبنی ، گمراہ کن اور ریپبلک چینل کو بدنام کرنے کی سازش کا حصہ بتایا

Arnab Goswami - Pic : INN
ارنب گوسوامی ۔ تصویر : آئی این این

 ارنب گوسوامی کے ریپبلک ٹی وی نے میڈیا کے کاروباری معاملات کی رپورٹنگ کرنے والی ویب سائٹ بیسٹ میڈیا انفو ڈاٹ کام کو نوٹس بھیج کر مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس خبر کو شائع  کرنے سے باز رہے کہ کئی کمپنیوں  نے اکتوبر کے بعد سے ریپبلک ٹی وی سے  اپنے اشتہاری معاہدے منقطع کرلئے ہیں۔ 
 بیسٹ میڈیا انفو ڈاٹ کام  کے مطابق ریپبلک ٹی وی کی جانب سے نوٹس اس کے  بانی اور ایڈیٹراِن چیف نیرج شرما کو بھیجا گیا ہے۔  بیسٹ میڈیا انفو کا کہنا ہے کہ اس کی ادارتی ٹیم نے کئی بڑی کمپنیوں کی جانب سے  ریپبلک ٹی وی  کے اشتہار روکنے کی خبر پر ریپبلک ٹی وی کا موقف جاننے کیلئے چیف ایگزیکٹیو وِکاس کھانچندانی  سے جمعرات کو رابطہ کیاتھا  جس کے بعد ارنب کے نیوز چینل نے بیسٹ میڈیا انفو کو قانونی نوٹس بھیج کر مذکورہ خبر شائع کرنے سے باز رہنے کیلئے کہا ہے۔ نوٹس میں  بیسٹ میڈیا انفو  کی خبر جھوٹی اور چینل کی شبیہ کو خراب کرنے کیلئے چل رہی مہم کا حصہ  قرار دیاگیاہے۔
  بیسٹ میڈیا انفو کا دعویٰ ہےکہ ’’(۲۸؍ ستمبر ۲۰۲۰ء کو) بیسٹ  میڈیاانفو کی اس رپورٹ کے بعد کہ مشتہرین نیوز چینلوں پر زہریلے مشمولات سے اجتناب کا دباؤ ڈال رہے ہیں، کئی بڑے برینڈ بھی  اس تعلق سے سرگرم ہوگئے ہیں۔‘‘ ویب سائٹ کے مطابق’’اس خبر کی اشاعت کے بعد  نیوز چینلوں پر زہریلے مشمولات کا معاملہ مزید بحث کا موضوع بنا اور کئی اور مشتہرین نے بھی   اس کے خلاف موقف اختیار کیا۔‘‘بیسٹ میڈیا انفو کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ٹی آر پی گھوٹالہ میں  ارنب اور پاتھو داس کا وہاٹس ایپ چیٹ منظر عام پر آنے کے بعد بھی کئی مشتہرین نے اپنے اشتہارات روک لئے تھے۔  بیسٹ میڈیاانفو  نے اپنی خبر کو طویل تحقیق پر مبنی قرار دیتے ہوئے  اپنی ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ اکتوبر اور دسمبر ۲۰۲۰ء کے بیچ ملک کی ۴۰؍ بڑی کمپنیوں  نے ریپبلک ٹی وی کو اشتہار دینا بند کردیاہے۔  واضح رہے کہ ٹی آرپی کیس کے بعد سے ریپبلک ٹی وی اور بھی زیادہ تنقیدوں کی زد پر آگیا ہے جس کے بعد اس کی شبیہ مسلسل خراب ہورہی ہے جسے بچانے کیلئے وہ متحرک ہوگیاہے۔  ریپبلک ٹی وی نے بیسٹ میڈیا انفو کی رپورٹ کو’’جھوٹ پر مبنی ‘ قراردیا اورکہا ہے کہ اسے ’’حقائق کی شکل دیکر‘‘ پیش کیا جا رہاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK