Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’سائیکل چلائو صحت مند رہو‘‘ عالمی یوم ماحولیات کی مناسبت سے ’سائیکل ریلی‘

Updated: June 04, 2026, 12:14 PM IST | Z A Khan | Hingoli

عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر’سائیکل چلائیں، صحت بنائیں، ماحول بچائیں، صحت اپنائیں اور گرین ہنگولی، ہیلتھی ہنگولی‘ جیسے نعروں کے ساتھ ۳؍ جون کو ہنگولی میں ایک عظیم الشان سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

Cycle Rally.Photo;INN
سائیکل ریلی۔ تصویر:آئی این این
عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر’سائیکل چلائیں، صحت بنائیں، ماحول بچائیں، صحت اپنائیں اور گرین ہنگولی، ہیلتھی ہنگولی‘ جیسے نعروں کے ساتھ ۳؍ جون کو ہنگولی میں ایک عظیم الشان سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیاجس میں سیکڑوں سائیکل سواروں نے شرکت کرتے ہوئے ماحولیات کے تحفظ اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے کا عہد کیا۔
سدبھاؤ سیوا بھاوی سنستھا، ضلع سائیکل ایسوسی ایشن اور آشا سائیکل کی جانب سے عالمی یومِ ماحولیات کی مناسبت سے اس ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا۔ریلی کا آغاز صبح ۷؍ بجے چھترپتی شیواجی کے مجسمے پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کے بعد کیا گیا۔یہ ریلی پوسٹ آفس روڈ، جواہر روڈ، گاندھی چوک، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر چوک، اندرا گاندھی چوک، پیوپلس بینک، ضلع پریشد روڈ، ضلع کلکٹر آفس روڈ اور میونسپلٹی روڈ سے گزرتی ہوئی این ٹی سی میں اختتام پذیر ہوئی۔
 
 
ریلی کے ذریعے عوام کو پیغام دیا گیا کہ بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پانے کیلئے ہر فرد کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور ان کی نگہداشت کرنے کی ضرورت ہے۔اس کے ساتھ ساتھ روزمرہ زندگی میں سائیکل کے استعمال کو فروغ دینا چاہئے، مقامی اور قدرتی درختوں کی شجرکاری کرنی چاہیے، بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے اقدامات اپنانے چاہئیں، سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے اور کچرے کو جلانے کے بجائے مناسب طریقے سے کچرا گاڑی میں ڈالنا چاہئے۔اس ماحول دوست مہم میں ہنگولی کے متعدد ڈاکٹروں، سماجی کارکنوں اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء میں ڈاکٹر یشونت پوار، ڈاکٹر رام منڈے، ڈاکٹر ابھے کمار بھارتیہ، پروین کالبانڈے، ڈاکٹر سنجے ناکاڈے، ڈاکٹر امیت شاہ، ڈاکٹر پریمین بوتھرا، ڈاکٹر گجانن شندے، سنجے گھن، گنیش پاٹل، ونود خرات، رمیش سانپ، وٹھل جادھو، ماروتی بوبڈے، کرن لاہوٹی، رتناکر مہاجن، وٹھل گاؤلی اور شیوچرن ٹھاکر سمیت بڑی تعداد میں شہری شامل تھے۔
 
 
یاد رہے کہ عالمی یوم ماحولیات ۵؍ جون کو منایا جاتا ہے۔ اس دن دنیا بھر میں عوام میں بیداری لانے کیلئے مختلف پروگرام منعقد کئے جاتےہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK