غزہ میں مایوسی بڑھتی جا رہی ہے، جنگ بندی کو ایک سال گزر چکا ہے لیکن بہت سے افراد کی زندگیوں میں بہتری نہیں آئی: رامز الاکباروف۔
EPAPER
Updated: October 17, 2026, 11:53 AM IST | Agency | New York
غزہ میں مایوسی بڑھتی جا رہی ہے، جنگ بندی کو ایک سال گزر چکا ہے لیکن بہت سے افراد کی زندگیوں میں بہتری نہیں آئی: رامز الاکباروف۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو خبردار کیا گیا ہے کہ غزہ میں دوبارہ جنگ چھڑنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے جسے ہر صورت روکنا ہو گا جبکہ مغربی کنارے کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے جو اب نقطہ اشتعال کے قریب پہنچ گئی ہے۔ مشرق وسطیٰ امن عمل کے لئے اقوام متحدہ کے قائم مقام خصوصی رابطہ کار رامز الاکباروف نے سلامتی کونسل کو غزہ اور مغربی کنارے کے حالات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں مایوسی بڑھتی جا رہی ہے۔ جنگ بندی کو ایک سال گزر چکا ہے لیکن بہت سے افراد کی زندگیوں میں بہتری نہیں آئی۔ یہ بے اطمینانی اور مایوسی غیر معینہ مدت تک برقرار نہیں رہ سکتی۔ جنگ دوبارہ شروع ہونے کے خطرات پہلے سے کہیں زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کو اپنی جان و مال اور روزگار سے متعلق مسلسل خطرات کا سامنا ہے۔ انہیں محدود اور ایک دوسرے سے الگ تھلگ علاقوں کی طرف دھکیلا جا رہا ہے جس سے مستقبل کی خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے ضروری جغرافیائی تسلسل متاثر ہو رہا ہے۔
رامز الاکباروف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران عالمی برادری نے دو ریاستی حل کے لئے اپنی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا تھا۔ اب وقت آگیا ہے کہ اس حمایت کو زمینی حقائق بدلنے کے لئے مربوط اور فیصلہ کن اقدامات میں تبدیل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھئے: تل ابیب میں واقع کولمبیا کے سفارتخانے کو القدس منتقل کرنے کی مذمت
عالمی برادری کے سامنے راستہ واضح ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کو حقیقی بحالی اور پائیدار سیاسی تصفیے کی بنیاد بنانا ہو گا۔ انہوں نے پورے مقبوضہ فلسطینی علاقے سے قبضے کے خاتمے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں دونوں کو امن کے حصول اور تنازع کے خاتمے کے لئے ایک قابل اعتبار راستے کی ضرورت ہے۔ اس ضمن میں دنیا کو محض بیانات سے آگے بڑھ کر ایسے ٹھوس اور فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے جن سے دونوں قوموں کے لئے سلامتی اور باوقار زندگی کے امکانات یقینی بنائے جا سکیں۔
رامز الاکباروف نے اس مشترکہ ہدف کے حصول کی جانب کوششیں جاری رکھنے پر بھی زور دیا کہ اسرائیل اور فلسطین دونوں ریاستیں یروشلم کو اپنا مشترکہ دارالحکومت بناتے ہوئے امن و سلامتی کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ رہیں۔
سلامتی کونسل کااہم اجلاس طلب
مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال بالخصوص فلسطینی مسئلے پر غور کے لئے سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں۷۰؍ مقررین شرکت کر رہے ہیں۔ شرکاء میں عرب ممالک، عرب لیگ اور یورپی یونین کے نمائندوں کے علاوہ سلامتی کونسل کے اراکین اور اقوام متحدہ میں اسرائیل اور فلسطین کے نمائندے بھی شامل ہیں۔