• Fri, 04 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’کواڈ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں سے عملی نتائج برآمد ہوتے ہیں‘‘

Updated: July 30, 2024, 1:29 PM IST | Agency | Tokyo

ہندوستان، امریکہ، آسٹریلیا اور جاپان کے وزرائے خارجہ کی ٹوکیو میں اہم میٹنگ کے بعد ایس جے شنکر کا رد عمل، کواڈ کو ایک مثال قراردیا۔

External Affairs Minister S Jaishankar with his Australian counterpart Penny Wong. Photo: INN
وزیر خارجہ ایس جےشنکر اپنی آسٹریلیائی ہم منصب پینی وونگ کے ساتھ۔ تصویر : آئی این این

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کو کہا کہ کواڈ (ہندوستان، امریکہ، جاپان اور آسٹریلیا) نہ صرف بات چیت کیلئے بلکہ عملی نتائج دینے کا پلیٹ فارم ہے۔ جے شنکر نے جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں امریکہ، آسٹریلیا اور جاپان کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ایک جامع میٹنگ کے بعد کہا’’کواڈ ایک چیلنج سے پُر دنیا میں قابل اعتماد شراکت داروں اور بین الاقوامی تعاون کی ایک عصری مثال ہے۔ ‘‘ ایس جے شنکر نے ٹوکیو میں منعقدہ کواڈ وزرائے خارجہ کے اجلاس میں کامیکاوا یوکو، انٹونی بلنکن اورپینی وونگ کا اپنے جائزوں کا اشتراک کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا۔ 
 پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس جے شنکر نےکہا ’’آج کواڈ ہماری متعلقہ خارجہ پالیسیوں کا باضابطہ حصہ بن چکا ہے۔ اس کا ایک وسیع ایجنڈا ہے، جس میں میری ٹائم شراکت داری کو فروغ دینا، باہمی روابط کو بڑھانا، توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانا، مذاکرات کی حمایت کرنا اور گلوبل ساؤتھ کو بھی ٹیکنالوجی کا فائدہ پہنچانا شامل ہے۔

یہ بھی پڑھئے:امریکہ نے اپنے شہریوں کو لبنان کا سفر کرنے سے روک دیا، ایڈوائزری جاری

یہ بات کرنے کی دکان نہیں ہے، بلکہ ایک پلیٹ فارم ہے جہاں سے عملی نتائج برآمد ہوتے ہیں ۔ اس میں جمہوری پالیسیاں، تکثیری معاشرے اور مارکیٹ کی معیشتیں، ایک آزاد اور کھلا ہند-بحرالکاہل خطہ، قواعد پر مبنی ترتیب اور عالمی مفاد کیلئے مل کر کام کرنے کی روایت شامل ہے۔ ‘‘ سبرامنیم جے شنکر نے امریکی وزیر خارجہ بلنکن، جاپانی وزیر خارجہ یوکو اور آسٹریلیاکی وزیر خارجہ وونگ کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں ۵؍ نکات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ دیکھ کر حقیقی اطمینان پاتے ہیں کہ کواڈ کتنی گہرائی سے اور منظم طریقے سے `اب ہماری خارجہ پالیسیوں کا حصہ بن چکا ہے۔ جے شنکر کے بقول’’ حقیقت یہ ہے کہ ان کی حکومتوں کی مختلف ایجنسیاں اور ان سے آگے اسٹیک ہولڈرز اب مقاصد کے حصول کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ باقاعدگی سے بات چیت کرتے ہیں۔ ‘‘
 وزیر خارجہ نے کہا ’’ کواڈ نے گزشتہ چند برسوں میں ایک جامع ایجنڈا تیار کیا ہے۔ ہم قابل اعتماد ٹیلی کمیونی کیشن ٹیکنالوجی اور زیر سمندر کیبل کنکٹی ویٹی سے لے کر انسانی اور قدرتی آفات سے متعلق امداد، اہم اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، سائبر اور صحت کی حفاظت، موسمیاتی کارروائی، بنیادی ڈھانچہ، صلاحیتوں کو پروان چڑھانا، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت کئی مسائل کو حل کر رہے ہیں ۔ ہمارے متعلقہ دو طرفہ یا سہ فریقی تعلقات کے درمیان ایک مضبوط اور سرگرم اشتراک ہے۔ ایک محاذ پر پیشرفت دوسرے کو مضبوط کرتی ہے اور اس طرح، کواڈ کی قدر میں اضافہ کرتی ہے۔ ہم مشترکہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئےمل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK