Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میںبے موسم بارش اور ژالہ باری

Updated: March 19, 2026, 1:12 AM IST | Solapur

سانگلی اور شولاپور میں شدید بارش کے سبب فصلیں بڑے پیمانے پر خراب ہوئی ہیں،آئندہ ۳؍دنوں کیلئے۲۲؍اضلاع کیلئے یلوالرٹ جاری

Hail and heavy rains destroy watermelon crop in a field in Osmanabad
عثمان آباد میں اولے اور تیز بارش نے ایک کھیت میں تربوز کی فصل کو برباد کردیا

 ریاست کے کئی علاقوں میں بے موسم بارش کی اطلاعات ہیں۔ پچھلے دو دنوں میں شولاپور، سانگلی سمیت ودربھ و مراٹھواڑہ کے کئی علاقے جل تھل ہوئے ہیں۔ شولاپور میں تو زبردست اولے پڑے ہیں۔ بے موسم بارش کے سبب ان علاقوں میں فصلوںکو نقصان پہنچا ہے۔ اسی حوالے سے محکمہ موسمیات نے ایک بڑا انتباہ جاری کیا  ہے۔ ریاست میں بارش کا یلو الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔مارچ کے مہینے میں ہی ریاست میں بارش شروع ہو چکی ہے۔ ریاست کے کئی حصوں میں کل بارش ہوئی اور بڑے پیمانے پر ژالہ باری (اولہ باری) بھی دیکھنے میں آئی۔دو دنوں میں ریاست میں درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملے گا۔ محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ ودربھ، مراٹھواڑا اور مدھیہ مہاراشٹر میں بارش ہونے کا امکان ہے۔۲۰؍ مارچ۲۰۲۶ءتک ریاست میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ آج کچھ علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، کیونکہ بارش کیلئے سازگار ماحول بن چکا ہے۔
 رپورٹ کے مطابق سانگلی، ستارا، پونے، اہلیہ نگر (احمد نگر)،  رتناگیری، رائے گڑھ، شولاپور، کولہاپور، پربھنی، لاتور، عثمان آباد، بیڑ، ناندیڑ، ہنگولی، ناگپور، وردھا، ایوت محل، گوندیا، بھنڈارا، گڈچرولی  اور چندرپور میں۴۰؍ سے۵۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ اس دوران بجلی کی کڑک بھی زیادہ دیکھنے کو ملے گی۔ ان اضلاع میں محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ منگل کو ہونے والی بارش کے دوران کئی علاقوں میں شدید ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے کسانوں کو بڑا نقصان ہوا۔ سانگلی شہر اور میرج تعلقہ میں تیز آندھی کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔ میرج کے مشرقی علاقوں میں بھی یہی صورتحال رہی۔ بیڈگ اور آرگ علاقوں میں بھی تیز بارش، آندھی، بجلی کی گرج چمک اور ژالہ باری دیکھنے میں آئی۔ سانگلی ضلع میں آئندہ دو دنوں تک تیز آندھی کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
 ہنگولی ضلع میں مختلف مقامات پر آدھی رات کے وقت تیز آندھی کے ساتھ بے موسم بارش ہوئی۔ اچانک ہونے والی اس بارش سے ہلدی اور گندم کے کاشتکار پریشان ہو گئے ہیں۔ تیز آندھی اور بے موسم بارش کی وجہ سے کسان شدید فکر میں مبتلا ہیں۔ اکل کوٹ تعلقہ میں بھی بے موسم بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔ اکل کوٹ شہر اور پورے تعلقہ میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔ سانگوی، گھولسگاؤں اور بورگاؤں دیہات کی زرعی زمین کو ژالہ باری سے نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ تعلقہ میں گندم، جوار اور انگور کی فصلوں کو بے موسم بارش اور ژالہ باری سے خطرہ لاحق ہے۔ ضلع میں آئندہ تین دنوں تک ایسی صورتحال برقرار رہنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
 شولاپور میںبھی  بے موسم بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ شہر کے اکل کوٹ تعلقہ میں بے موسم بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری (اولہ باری) بھی ہوئی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے مہاراشٹر کے کچھ اضلاع کیلئے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اکل کوٹ شہر اور پورے تعلقہ میں شدید بارش دیکھی گئی ہے۔ اکل کوٹ تعلقہ کے سانگوی بدروک اور خواس گاؤں میں ژالہ باری کی وجہ سے زرعی زمین کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اسی طرح تعلقہ میں گندم، جوار اور انگور کی فصلوں کو بھی بے موسم بارش اور ژالہ باری سے شدید خطرہ لاحق ہے۔
 محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی)نے اگلے ۳؍ دن تک شولاپور ضلع میں بے موسم بارش کے حوالے سے انتباہ جاری کیا ہے۔ محکمے نے شدید بارش اور ژالہ باری کے پیشِ نظر یلو الرٹ جاری کرتے ہوئے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق شولاپور میں بے موسم بارش اور اولے گرنے سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ سب سے زیادہ نقصان انگور کی فصل کو ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ فصلوں کے خراب ہونے کی وجہ سے کسان بہت زیادہ فکر مند ہیں۔ اس کے علاوہ اس سال کھاد اور بیج کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس سے کسانوں کی پریشانی مزید بڑھ گئی ہے۔ منگل(۱۷؍ مارچ) سے اس قدرتی آفت نے سولاپور کے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ کسان اس قدرتی آفت سے سخت پریشان نظر آ رہے ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ اس بارش کی وجہ سے انگور کی فصل مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK