Inquilab Logo

کوٹا میں بچوں کی اموات پر سچن پائلٹ کا اپنی ہی حکومت کو نصیحت

Updated: January 05, 2020, 4:25 PM IST | Agency | Jaipur

راجستھان کے کوٹا علاقے میں واقع جے کے لون اسپتال میں ایک ماہ میں ۱۰۰؍ بچوں کی اموات پر اپوزیشن اشوک گہلوت حکومت کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے ۔ لیکن اب خود کانگریس لیڈر اور اشوک گہلوت کے نائب سچن پائلٹ نے بھی اس پر لب کشائی کی ہے۔ پائلٹ نے کانگریس حکومت کو اس معاملے میں ’حساس ‘ بننے کا مشورہ دیا ہے۔

سچن پائلٹ ۔ تصویر : آئی این این
سچن پائلٹ ۔ تصویر : آئی این این

جے پور :  راجستھان کے کوٹا علاقے میں واقع   جے کے لون اسپتال میں ایک ماہ میں ۱۰۰؍ بچوں کی اموات پر اپوزیشن  اشوک گہلوت حکومت کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے ۔ لیکن اب خود کانگریس لیڈر اور اشوک گہلوت کے نائب  سچن پائلٹ نے بھی اس پر لب کشائی کی ہے۔ پائلٹ نے کانگریس حکومت کو اس معاملے میں ’حساس ‘ بننے کا مشورہ دیا ہے۔   ان کے اس بیان سے کہا جا رہا ہے کہ اشوک گہلوت کی مشکلوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ 
  راجستھان کے نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے اپنی ہی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ ’’ مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اس معاملے میں حساس ہونے کی ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ راجستھان میں ہماری حکومت قائم ہوئے ۱۳؍ ماہ ہو چکے ہیں ، اور مجھے نہیں لگتا کہ اب کسی بھی معاملے میں ہم سابقہ حکومت کو قصور وار ٹھہرا سکتے ہیں۔  اب ہماری جوابدہی طے ہونی چاہئے۔‘‘  واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے ایک روز قبل ٹویٹ کیا تھا جس میں انہوں نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ بی جے پی کی سابق حکومت کے دوران راجستھان کے اسپتالوں میں بچوں کی زیادہ اموات ہوئی ہیں۔  سچن پائلٹ غالباً  اسی ٹویٹ  پر رد عمل ظاہر کر رہے تھے۔ 
  اپوزیشن  اس معاملے میں پہلے ہی کانگریس حکومت کو نشانہ بنا رہا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ پرینکا گاندھی کو چاہئے کہ اتر پردیش میں  فسادیوں ( پولیس کے ظلم کا شکار مظاہرین) کے گھر جا کر ملاقات کرنے  کے بجائے راجستھان جانا چاہئے۔ ان کی آواز میں آواز ملاتے ہوئے بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے بھی  اشوک گہلوت کو وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔  انہوں نے کہا تھا اگر اشوک گہلوت کو نہیں ہٹایا جاتا ہے تو پرینکا گاندھی  کے اتر پردیش میں مظلوموں کے گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے کا کوئی معنی نہیں ہے۔‘‘ واضح رہے کہ مایاوتی نے جمعرات ، جمعہ اور سنیچر تینوں دن مسلسل راجستھان کے معاملے پر  وہاں کی کانگریس حکومت کو نشانہ بنایا اور اشوک گہلوت کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK