متوفیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ۔ ۶؍شدید زخمیوں میں سے ۲؍ کی حالت نازک ۔ ملزم ڈرائیور نے سی لنک کے ٹول پلازہ کے قریب ایک کارکو ٹکرماری اور فرار ہونے کے دوران دیگر۵؍گاڑیوں کوبھی ٹکرماردی
EPAPER
Updated: November 11, 2023, 7:29 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
متوفیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ۔ ۶؍شدید زخمیوں میں سے ۲؍ کی حالت نازک ۔ ملزم ڈرائیور نے سی لنک کے ٹول پلازہ کے قریب ایک کارکو ٹکرماری اور فرار ہونے کے دوران دیگر۵؍گاڑیوں کوبھی ٹکرماردی
یہاںجمعرات کو دیررات باندرہ-ورلی سی لنک کے ٹول ناکہ پر ایک ایس یو وی نے ۵؍ دیگر گاڑیوں کو ٹکرماردی جس کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے ۳؍ افراد جن میں۲؍ خواتین شامل ہیں ، کی موت ہو گئی جبکہ ۶؍افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں سے ۲؍ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پولیس نے اس بارے میں بتایا کہ اینووا ڈرائیور جوایک کار کو ٹکر مار کر فرار ہو رہا تھا، نے ۵؍دیگر گاڑیوں کو بھی ٹکر مار دی۔یہ حادثہ جمعرات کی شب تقریباً ۱۰؍ بجے ہوا۔ اس معاملے میں پولیس نے ڈرائیور محمدسرفراز شیخ (۵۰) کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ۳۰۴(۲) اور موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت کیس درج کرلیا ہے ۔پولیس نے مزید بتایا کہ واقعہ کے وقت اینووا میں تقریباً ۸؍ افراد سوار تھے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت خدیجہ سلیمان ہٹیا،حواگوری حنیف پیر اور محمد حنیف آدم پیر کے طورپر ہوئی ہے۔مہلوکین اور ۵؍ دیگرافراد جو شدید زخمی تھے، بھی اینووا میں سوار تھے۔
اس دردناک حادثہ کے بارے میںباندرہ پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر سنجے مہاترے نے بتایا کہ ’’ ٹویٹا اینووا کار ۵۰ ؍ سالہ ڈرائیور سرفراز محمد یوسف شیخ کے قابو سے باہر ہوگئی اور اس نے دیگر گاڑیوں کو ٹکرماردی۔ اس حادثہ میں ایک ہی خاندان کے ۳؍ افراد ۹۱؍ سالہ خدیجہ سلیمان ہٹیا ، ان کی ۵۵؍ سالہ بیٹی حواّگوری حنیف پیر اور ۶۰؍ سالہ داماد محمد حنیف پیر فوت ہوگئے ۔ خدیجہ ہٹیاغیرمقیم ہندوستانی تھیں ۔ وہ کینڈا میں رہائش پزیر تھیں جبکہ ان کی بیٹی اور داماد انکلیشور( گجرات) کے رہنے والے تھے ۔ملزم ڈرائیورسمیت زخمی ہونے والے ۳؍افراد بھی گجرات ہی کے رہنے والے ہیں اور فوت ہونے والوں کے رشتہ دار ہیں ۔
زخمیوں میں اسین صدر(۷۱)،ہاجرہ صدر (۴۵)اورمیمونہ صدر (۴۰) کے علاوہ دیگر ۲؍ زخمی شامل ہیں ۔ ڈرائیور سرفراز شیخ ، ہاجرہ ، میمونہ اور اسین کا علاج بھا بھا اسپتال میں جاری ہے جبکہ دیگر ۲؍ زخمیوں راج شری دوے اور راکیش دوے کو لیلا وتی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ زخمیوں میں سے ۲؍ کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ فوت ہونے والے ۳؍ افراد اوربھا بھا اسپتال میں زیر علاج ۳؍زخمی ملزم ڈرائیور کے ساتھ اینووا کار میں سفر کررہے تھے اور مہا بلیشور میں سیروتفریح کے بعد۳؍ روز قبل ممبئی تفریح کیلئے آئے تھے ۔ جمعرات کو جس وقت یہ حادثہ پیش آیا، وہ سب گجرات لوٹ رہے تھے ۔ان کے ایک رشتہ دار نے نامہ نگار سے بات چیت کے دورا ن بتایا کہ’’ خدیجہ اور حواّ لوٹتے وقت سی لنک دیکھنے کے خواہش مند تھے اور یہی ان کی موت کا سبب بن گئی ۔‘‘
بھا بھا اسپتال کے ڈاکٹر ودیا ٹھاکر نے بتایا کہ’’ کل ۹؍ زخمیوںکو اسپتال لایا گیا تھا جن میں سے تین علاج سے قبل ہی فوت ہوچکے تھے جبکہ ۴؍ افرادکے کئی حصوں پر فیکچر آیا ہے لیکن ان کی حالت بہتر ہے جبکہ دو لوگوں کو لیلا وتی اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے ۔‘‘
اس بارے میں ڈپٹی پولیس کمشنر کرشنا کانت اپادھیائے نے بتایا کہ’’ اینووا کار کے ڈرائیور نے اپنی گاڑی سے باندرہ ورلی- سی لنک ٹول پلازہ سے ۱۰؍ میٹر قبل ایک کار کو ٹکرماری تھی اور وہاں موجود لوگوں سے بچنے کیلئے فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا جس کے دوران ٹول پلازہ کے قریب کھڑی مرسیڈیز ، ہونڈا سٹی ، ایرٹیگا اور ایک ٹیکسی کو بھی ٹکر ماردی ۔ پولیس اس حادثہ کی مزید تفصیلات اکٹھا کررہی ہے جبکہ ملزم ڈرائیور کو اسپتال سےڈسچارج ہونے کے بعد گرفتار کیا جائے گا ۔‘‘