قبل ازیں پہلوانوں نے وزیر داخلہ سے ملاقات کر کے سنگھ کے خلاف فوری چارچ شیٹ داخل کرنے کا مطالبہ کیا تھا
Updated: June 05, 2023, 4:15 PM IST | New Delhi
قبل ازیں پہلوانوں نے وزیر داخلہ سے ملاقات کر کے سنگھ کے خلاف فوری چارچ شیٹ داخل کرنے کا مطالبہ کیا تھا
؍۴ جون کو پہلوانوں نے وزیر داخلہ امیت شاہ سےان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی جس کےبعد آج یعنی ۵؍ جون کو احتجاج نے ایک نیا رخ موڑ لیا ہے ۔خاتون پہلوان ساکشی ملک کے احتجاج سے نکلنے کی خبریں سوشل میڈیا پر گشت کر رہی ہیںلیکن انہوںنے اسے افواہ قرار دیتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’ یہ خبر بالکل غلط ہے ۔ انصاف کی لڑائی میں ہم میں سے نہ کوئی پیچھے ہٹا ہے اور نہ ہی ہٹے گا۔ ستیہ گرہ کے ساتھ میں اپنی ریلوے کی ذمہ داری کو ساتھ نبھارہی ہوں۔ انصاف ملنے تک ہماری لڑائی جاری رہے گی ۔‘‘ بجرنگ پونیا نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’’ آندولن واپس لینے کی خبریں افواہ ہیں۔ یہ خبریںہمیں نقصان پہنچانے کیلئے پھیلائی جا رہی ہیں۔ ہم نہ پیچھے ہٹے ہیں اور نہ ہی آندولن واپس لیا ہے ۔ خاتون پہلوانوں کی ایف آئی آر اٹھانے کی خبر جھوٹی ہیں۔ ‘‘ وزیر داخلہ کے ساتھ میٹنگ کے بعد پہلوان اپنی ریلوے کی نوکری پر واپس آجائیں گے اور انصاف کی لڑائی کو اسی طرح جاری رکھیں گے۔
واضح ہو کہ وزیر داخلہ کے ساتھ پہلوانوںکی میٹنگ دو گھنٹوں تک جاری رہی تھی ۔ ساکشی ملک نے میٹنگ کے بعد کہا تھا کہ ’’ہم نے وزیر داخلہ سے ملاقات کی تھی جو ایک عام گفتگو تھی ۔ہم نے صرف برج بھوشن شرن سنگھ کو حراست میں لینے کی درخواست کی ہے۔میںنے احتجاج نہیں چھوڑا ہے البتہ اپنا کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں اس بات کی وضاحت کر دوں کہ انصاف نہ ملنے تک ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ۔ پیچھے نہیں ہٹیں گے اور نہ ہی کوئی ایف آئی آر واپس لیں گے۔‘‘میٹنگ میں بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک اپنے متعدد کوچس کے ساتھ شامل تھے۔ ۲۸؍ اپریل کو پولیس نے برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دو ایف آئی آر درج کی تھیں۔تین خاتون پہلوانوں نے ان الزمات کی تصدیق کی اور ۱۲۵؍ گواہوںکے بیانات دہلی پولیس نے درج کئے تھے۔ میٹنگ میں پہلوانوں نے ان الزامات کی بنا پر ہونے والی جانچ کو موغوع بحث بنایا اور سنگھ کے خلاف فوری چارچ شیٹ داخل کرنے کی درخواست کی ہے۔ قبل ازیں وزیرکھیل انوراگ ٹھاکرنےجانچ میں ساتھ دینےکا وعدہ کیا ہے ۔