Inquilab Logo

بہار کے وزیراعلیٰ کی سمادھان یاترا نوادہ پہنچی سرکاری اسکیموں کا جائزہ لیا اورافسران کو ہدایتیں دیں

Updated: January 24, 2023, 10:24 AM IST | patna

نتیش کمار نے کہا کہ یاترا کا مطلب سرکاری منصوبوں کو زمینی سطح پر سمجھناہے ، اسی سلسلے میں ہم لوگوں سے مل رہے ہیں اور انہی سے ان کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کررہے ہیں، اس سے ترقیاتی منصوبوں کے نفاذکو رفتار ملتی ہے

During `Samadhan Yatra`, Nitish Kumar also meets students and tries to understand their problems
’ سمادھان یاترا‘ کے دوران نتیش کمار طلبہ سے بھی ملاقات کرکے ان کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں

 بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے’سمادھان یاترا‘ کے دوران نوادہ ضلع میں مختلف محکموں کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وہاں مختلف گاؤں کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے کبیر پور گاؤں کا دورہ کے دوران وزیراعلیٰ گرامین سولر لائٹ منصوبہ، جل جیون ہریالی مہم، ہر گھر نل کا جل، ہر گھر پکی گلی اور نالی اسکیم کے تحت مرمت شدہ کنوؤں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے مسلسل روزگار اسکیم کے استفادہ کرنےوالوں کی طرف سے کھولی گئی راشن / میک اپ کی دکانوںاور گائے اور پولٹری فارمنگ کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے مختلف سرکاری اسکیموں سے استفادہ کرنے والوںکو موقع ہی  پرچیک دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل کاروباری اسکیم اور چیف منسٹر ویمن انٹرپرینیور اسکیم وغیرہ کے سلسلے میں افسران سے جانکاری لی۔وزیر اعلیٰ نے مختلف جیویکا گروپ کی دیدیوں کی طرف سے لگائی گئی نمائش کا دورہ کیا۔
 سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ نے مسلسل معاش اسکیم کے تحت۵۴۵؍ خاندانوں میںایک کروڑ۹۱؍ لاکھ روپوں کے چیک اور جیویکا دیدیوں کو مسلسل روزگار اسکیم کے تحت ایک ایک کٹ دی۔  اس کے ساتھ ہی انہوں نے بہار اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ اسکیم  سے فائدہ اٹھانے والوںاور اسکلڈ یوتھ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے طلبہ کو سرٹیفکیٹ بھی دیئے۔ انہوں نے پرائمری اسکول کبیر پور میں’۷؍ عزائم منصوبہ۔۲‘کے تحت مہادلت، دلت، اقلیتی اور انتہائی پسماندہ طبقے کے’ اکشر آنچل‘ منصوبہ کے تحت منعقد کئے گئے ’ساکشر سکھی‘مہم کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے بنیادی خواندگی کا امتحان پاس کرنے والی دیدیوں کو سرٹیفکیٹ بھی دیا۔
 اس موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم تمام اضلاع میں جا کر ہر چیز کی جانچ کر رہے ہیں۔ یہ دیکھنا ضروری ہے کہ کہاں اور کتنا کام ہوا ہے؟ انہوں نے کہاکہ یاترا کا مطلب سرکاری منصوبوں کو زمینی سطح پر سمجھناہے ، اسی سلسلے میں ہم لوگوں سے مل رہے ہیں اور انہی سے ان کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ترقیاتی منصوبوں کے نفاذکو رفتار ملتی ہے۔ غریب اور پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والوں کیلئے جو کام کیا جا رہا ہے اس سے انہیں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔ کہیں جاتے ہوئے اگر پتہ چلے کہ یہاں کام نہیں ہو رہا ہے تو ساتھ ہی ڈی ایم سے اسے دیکھنے کو کہتے ہیں۔ اس بار کم بارش کی وجہ سے بہار کے۹؍ اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ہم نے ان علاقوں کا فضائی سروے کیا تھا اور کچھ جگہوں پر جاکر بھی دیکھا تھا۔کم بارش کے سبب جو کسان کھیتی نہیں کرپائے تھے ان کو جو مدد دینی تھی ہم لوگ دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ جو کچھ بھی تیار کیا گیا ہے اس کی خریداری کا کام بھی جاری ہے۔ مزید کیا کرنے کی ضرورت ہے یہ بھی دیکھا جا رہا ہے۔ نوادہ میں گنگا کا پانی پہنچنے کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہت جلد گنگا کا پانی نوادہ کے ہر گھر تک پہنچے گا۔ اس سال یہ کام مکمل کرلیا جائے گا۔ ہم نے  اس پر بات کی ہے کہ گنگا کے پانی کو کس راستے سے لے جایا جائے؟ گنگا کاپانی پہنچانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔
 اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے جن نائک کرپوری ٹھاکر ہاسٹل، بدھول (نوادہ) کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہاسٹل کے احاطے میں پودا لگایا۔  انہوں نے کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی نے جن سات سماجی پاپ کا ذکر کیا ہے ان کو تمام سرکاری عمارتوں میں نشان زد کیا جانا چاہئے۔ ہاسٹل کے معائنے کے دوران وزیراعلیٰ نے طلبہ سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ کشل یووا پروگرام کے تحت دی جانے والی مفت کمپیوٹر ٹریننگ اور جن نائک لائبریری کم ڈیجیٹل اسٹڈی سنٹر کا دورہ کرنے کے بعد،انہوں نے طلبہ سے گفتگو بھی کی اورافسران کو خامیوں کو دور کرنے کی ہدایت دی۔ 

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK