Inquilab Logo

اسکول بس ڈرائیور کی لاپروائی،طلبہ کوگھر پہنچنے میںتاخیر،والدین میں خوف و ہراس

Updated: April 06, 2022, 9:18 AM IST | Mumbai

بس ڈرائیور کو راستے کا علم نہ ہونے کی وجہ سےبچے ۴؍سے ۵؍گھنٹے کی تاخیر سے گھر پہنچے،اسکول انتظامیہ نے کارروائی کا یقین دلایا

Parents and guardians suffered mental distress due to the mistake of the bus driver. (File photo)
بس ڈرائیور کی غلطی کی وجہ سے والدین اور سرپرستوں کو ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔(فائل فوٹو)

یہاں آر این پودار(سی بی ایس ای)اور آر این پودار انٹر نیشنل اسکول میں زیر تعلیم طلبہ کو اسکول سے گھر لے جانے والی بس پیر کے روز بچوں کے ساتھ کچھ گھنٹوں کےلئے غائب ہوگئی تھی جس کی وجہ سے والدین اور سرپرستوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔پولیس اور اسکول انتظامیہ کے مطابق بچوں کو ان کی منزل تک پہنچانے میں تاخیر اس وجہ سے ہوئی کیوںکہ بس کا ڈرائیور نیا تھا اور اسے راستوں کے علم نہیں تھا۔ ڈرائیور کے لاپروائی کے سبب بچے اپنے گھروں پر  ۴؍سے ۵؍گھنٹے کی تاخیر سے پہنچے۔
  پولیس نے بتایا کہ اسکول انتظامیہ نے والدین اور سرپرستوں کو یقین دلایا ہے کہ خاطی ڈرائیور اور بس سروس مہیا کرانے والے کانٹریکٹر کے خلاف سخت کارروائی کی جائےگی۔ واضح رہے کہ اس بس میں۴۷؍طلبہ سوار تھے۔ وقت پر بچوں کے گھر نہ پہنچنے کے سبب والدین اور سرپرستوں نے اسکول کا رخ کیا تھا جبکہ کچھ والدین نے ٹرانسپورٹ منسٹر انل پرب سے مدد کی اپیل کی۔انل پرب نے کہا کہ طلبہ کو ان کے گھروں تک پہنچانے میں غلط راستوں کا استعمال کیا جانا قابل قبول نہیں ہے۔اسکول کو بس سروس مہیا کرانے والے کانٹریکٹر کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔
 بی جے پی کے لیڈر آشیش شیلار نے کہا کہ’’اسکول انتظامیہ نے اسکول بس سروس سے متعلق غور کرنے کا یقین دلایا ہے۔طلبہ کو ان کے گھروں سے اسکول اور اسکول سے گھروں تک پہنچانے کیلئے گائیڈ لائن جاری کی جائےگی۔ ویسے تمام بچے اپنے گھروں کو بحفاظت پہنچ گئے ہیں۔زون نمبر۔۸؍کے ڈی سی پی منجو ناتھ شنگھے نے کہا کہ اسکول انتظامیہ ک ڈرائیور سے متعلق جانکاری حاصل کرنا چاہئے تھی۔کسی نئے ڈرائیور کو نہیں رکھا جانا چاہئے تھا۔اسکول بسوں کےلئے ایسے ڈرائیور کا انتخاب کرنا چاہئے جو علاقہ کے راستوں کی اچھی جانکاری رکھتا ہو۔
 اس معاملے میں والدین ،سرپرستوں اور اسکول انتظامیہ کی تشویش اس لئے بھی بڑھ گئی تھی کیوںکہ جس بس میں طلبہ اسکول سے نکلے تھے اس بس کے ڈرائیور سے فون پر بھی رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا۔اسکول کے سی ای او سے جب ڈرائیور کی لاپروائی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوںنے بتایا کہ اس تعلق سے وہ بعد میں بیان جاری کریں گے۔ اسکول انتظامیہ نے والدین اور سرپرستوں کو ہونے والی دشواریوں کیلئے معذرت طلب کی ہے۔ دریں اثنا جوائنٹ پولیس کمشنر(لاء اینڈ آرڈر) وشواس نانگرے پاٹل نے بھی بتایا کہ تمام بچے اپنے گھروں پر صحیح سلامت پہنچ گئے ہیں۔

school bus Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK