• Wed, 16 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسکولوں میں ۱۷؍ ستمبر سے ۲۷؍اکتوبر تک ’سیوا سنکلپ ابھیان‘

Updated: September 16, 2026, 10:21 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

وزیر اعظم مودی کی عوامی زندگی کے ۲۵؍سال کی یادمیں مہم کے دوران ترقی یافتہ ہندوستان ۲۰۴۷ء کے تصور پر مبنی پینٹنگز اور تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

Prime Minister Narendra Modi. Photo: INN
وزیر اعظم نریندر مودی۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر کے اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ۱۷؍ ستمبر سے ۱۷؍ اکتوبر۲۰۲۶ء تک ریاست کے تمام سرکاری، مقامی انتظامیہ، امداد یافتہ اور غیر امدادی اسکولوں میں ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ منعقد کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ اگرچہ  اس دوران مختلف ثقافتی اور سماجی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی ، اسکولوں کیلئے ان پروگراموں کا انعقاد لازمی ہے لیکن طلبہ کی شرکت کو مکمل طور پر رضاکارانہ ہے۔ مہم کے دورانیہ میں ترقی یافتہ ہندوستان ۲۰۴۷ء کے تصور پر مبنی پینٹنگز اور تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اسکول، ضلع اور ریاستی سطح پر بہترین پینٹنگز اور تقریری پریزنٹیشنز کی نمائشیں بھی منعقد کی جائیں گی۔

  واضح رہے کہ سیوا سنکلپ ابھیان ۲۰۲۶ء وزیر اعظم نریندر مودی کی عوامی زندگی کے ۲۵؍ سال مکمل ہونے کی یاد میں ایک ملک گیر عوامی خدمت اور عوامی رابطہ مہم ہے ۔ مہم کا آغاز وزیر اعظم نریندرمودی کی سالگرہ یعنی  ۱۷؍ ستمبر سے کیاجائے گا اور ۱۷؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء تک ایک ماہ تک جاری رہے گی۔ اس کے تحت ۱۷؍ستمبر سے ۲؍ اکتوبر تک سیوا پکھواڑا بھی منایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان: بچوں کی حفاظت کا قانون سخت، میٹا استحصال کے معاملات درج کرنے پر متفق

۲؍ اکتوبر کو ہر تعلقہ میں ’نمو سیواگتھا‘ پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر آرٹ اور ڈراما ٹیموں کے ذریعے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی مختلف عوامی فلاحی اسکیموں کے بارے میںطلبہ اور شہریوں تک معلومات پہنچائی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد خدمت اور سماجی بیداری کے پیغام کو مؤثر طریقے سے عام کرنا ہے۔

’سیوا ماجھے یوگدان‘ کے تحت صفائی، شجرکاری، پلاسٹک سے پاک، فضلے کو الگ کرنا، پانی کا تحفظ، سڑک کی حفاظت، سائبر سیکوریٹی، فوجیوں کا احترام اور معذور افراد کی مدد جیسی سرگرمیاں نافذ کی جا سکتی ہیں ۔مہم میں نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کیلئے کرئیر گائیڈنس، ڈیجیٹل خواندگی اور پسماندہ طلبہ کو تعلیمی اشیاء کی فراہمی بھی شامل ہے ۔ ہر اسکول کو مقامی ضروریات کے مطابق کم از کم ایک بامعنی خدمت کا پروگرام کرنا ہو گا۔

پرنسپل اسکول سطح کے رابطہ کار کے طور پر کام کریں گے۔ گروپ ایجوکیشن آفیسر تعلقہ سطح کے نوڈل آفیسر کے طور پر اور ایجوکیشن آفیسر ضلع سطح کے رابطہ کار کی حیثیت سے ذمہ داری نبھائیں گے۔اس دوران ہونے والی سرگرمیوں کی تصاویر، ویڈیوز اور دیگر پروگراموں کی تفصیلات محفوظ کرنے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں ۔ ریاستی محکمہ تعلیم کا خیال ہے کہ اس مہم سے طلبہ میں خدمت اور سماجی ذمہ داری کا جذبہ پیدا ہوگا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK