• Mon, 19 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مسافر خانہ علاقے میں پانی کی شدید قلت سے زبردست پریشانی

Updated: October 19, 2026, 3:42 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Musafir Khana

ڈیڑھ ماہ سے یہ مسئلہ ہے۔ بی ایم سی ، مقامی ایم ایل اے اور کارپوریٹر سے شکایت کی مگر مسئلہ برقرار ہے۔ مکین اور تاجر ٹینکر منگوا کر ضرورت پوری کرنے پر مجبور۔

Water is being obtained from a tanker in the Musafir Khana area. Photo: Inquilab
مسافر خانہ علاقے میں ٹینکر سےپانی حاصل کیا جارہاہے۔ تصویر: انقلاب

مسافر خانہ علاقہ کی تقریباً۲۰؍ بلڈنگوں میں ہزاروں مکینوں کو پانی کی قلت کے سبب شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مکین اور تاجر مجبورا ٹینکر منگوا کر اپنی ضرورت پوری کرنے پر مجبور ہیں۔ روزانہ ایک ایک سوسائٹی میں دو دو ٹینکر پانی منگوایا جاتا ہے۔ ان میں سواستک چیمبر، انیس چیمبر، نفیس چیمبر ، ڈی سی بی بینک بلڈنگ ، الکریم بلڈنگ وغیرہ میں یومیہ دو ٹینکر منگوائے جارہے ہیں۔

ابھی بارش کا سیزن ختم ہوا ہے اور یہ حالات ہیں۔ ایسے میں مکینوں کو فکر لاحق ہے کہ کہیں وقت آگے بڑھنے کے ساتھ پانی کی سپلائی کہیں پوری طرح ہی بند نہ ہوجائے۔ اس تعلق سے اے وارڈ میں متعدد مرتبہ شکایت کرنے کے ساتھ واٹر ڈپارٹمنٹ کے افسر سے ملاقات بھی کی گئی، مقامی ایم ایل اے راہل نارویکر ، کارپوریٹر اور ملند دیورا سے شکایت کی گئی اس کے باوجود مسئلہ جوں کا توں ہے۔

اصل مسئلہ کچھ اور ہے

انیس چیمبر میں مقیم نعیم شیخ نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ہم لوگ بہت پریشان ہیں اور بھاگ دوڑ کرنے کے باوجود مسئلے کا حل نہیں نکل رہا ہے۔ روزانہ افسران کو فون کیا جاتا ہے اور وہ ایک دو دن میں مسئلہ حل کرنے کا یقین دلاتے ہیں، یہی ڈیڑھ ماہ سے معمول ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ مسئلہ کم بارش ہونے اور پانی کی کٹوتی کا نہیں ہے بلکہ اے اور بی وارڈ کے درمیان آپس میں پانی سپلائی کے مسئلے کا آختلاف ہے جس کا خمیازہ مکین اور تاجر بھگت رہے ہیں۔ پہلے اس علاقے میں صبح اور شام کو دونوں وقت ایک ایک گھنٹہ پانی سپلائی کیا جاتا تھا، اب صرف شام کو ایک گھنٹہ سپلائی کیا جاتا ہے جو ناکافی ہے۔

عبدالرب خان نے بتایا کہ پانی کا سنگین مسئلہ ہے۔ سبھی پریشان ہیں ، کوشش کے باوجود اب تک اس کا حل نہیں نکل سکا ہے۔ اس لئے جلد سے جلد اس کا حل تلاش کیا جائے تاکہ مکینوں کو راحت ملے۔ شاہد اعظمی نے بتایا کہ پانی کی قلت سے پورے علاقے کے لوگ دوچار ہیں، اے  وارڈ میں اور عوامی نمائندوں کو یہ مسئلہ بتایا گیا مگر حالات میں اب تک کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ یہ مسئلہ جلد سے جلد حل کیا جانا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھئے: فرانسیسی اپنے ہی ملک کے ساتھ ایسا کیسے کرسکتے ہیں: میکرون کا احتجاج پر اظہارِ شرمندگی

پترا چال میں بھی پانی کی شدید قلت 

چشتی ہندوستانی مسجد بائیکلہ کے پیچھے پترا چال کے مکین بھی پانی کی کمی سے کئی دن سے پریشان ہیں۔ یہاں کے مکینوں کے مطابق ایک تو پانی کم آتا ہے اور جلد چلاجاتا ہے ، دوسرے ایک ایک نل میں کئی ممبر ہیں جس سے مزید پریشانی ہورہی ہے اور انہیں ضرورت کے بقدر پانی نہیں مل رہا ہے۔ حالانکہ اس سے متصل حصے، مومن پورہ اورومدن پورہ میں معلومات حاصل کرنے پر وہاں کے مکینوں نے کہا کہ ان کے یہاں اس طرح کے مسائل نہیں ہیں۔ یہ علاقہ ای وارڈ میں آتا ہے وہاں پائپ لائن کا بھی مسئلہ ہے۔ یہاں کے کارپوریٹر لوکھنڈے روہیداس مدھوکر نے اس تعلق سے کہا کہ میں اس تعلق سے وارڈ آفس میں بات کرتا ہوں۔ ابھی تک یہاں سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی تھی۔

 واٹر ڈپارٹمنٹ کے افسر نے کیا کہا ؟

اے وارڈ میں واٹر ڈپارٹمنٹ کے افسر بھرت سرجے راؤ شندے سے پانی کی پریشانی کے تعلق سے انقلاب کے پوچھنے پر ان کا کہنا تھا کہ اصل میں اس علاقے میں پانی کی سپلائی کا وقت صبح اور شام نہیں بلکہ ایک ہی وقت شام کا ہے ، البتہ بی وارڈ سے بھی ان مکینوں کو محض گڈول میں صبح کے وقت بھی پانی مل جایا کرتا تھا مگر یہ ان کا حق نہیں تھا ، اب بی وارڈ نے اپنے علاقے میں پریشر بڑھانے کے لئے اسے بند کردیا ہے۔ 

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے اے وارڈ کی جانب سے القادری چال کے پاس سنیچر سے کام شروع کیا گیا ہے، چند دن میں پورا کرلیا جائے گا، پھر امید ہے کہ پانی کی قلت کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ واٹر ڈپارٹمنٹ کے افسر شندے کے مطابق یہ کام اور پہلے شروع کیا جانا تھا مگر مسافر خانہ میں غیرقانونی تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کے سبب تین دن تاخیر ہوگئی مگر اب تیزی سے کام کیا جائے گا تاکہ لوگوں کی پریشانی دور ہوجائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK