Inquilab Logo Happiest Places to Work

شاہ پور: ایک ہی خاندان کے ۲۲؍افراد غذائی سمیت کا شکار

Updated: May 30, 2026, 10:40 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Kalyan

شاہ پور تعلقہ کے کنہاولی کے قریب واقع شِل گاؤں میں غذائی سمیت کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک ہی خاندان کے ۲۲؍افراد بیمار ہوگئے۔

Panchayat Samiti`s Gut Vikas Officer visiting patients in the hospital
پنچایت سمیتی کے گٹ وکاس افسر اسپتال میں مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے

شاہ پور تعلقہ کے کنہاولی کے قریب واقع شِل گاؤں میں غذائی سمیت کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک ہی خاندان کے ۲۲؍افراد بیمار ہوگئے۔ متاثرین میں سے ۲۱؍افراد کو علاج کیلئے شاہ پور سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ ایک شخص کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے تھانے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ تمام مریضوں کا علاج جاری ہے اور بیشتر کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: کلیان: عید الاضحی کی نماز کے دوران ہندو تنظیموں کا گھنٹہ ناد آندولن

موصولہ اطلاعات کے مطابق شِل گاؤں میں اشوک بھوئیر کی والدہ بارکابائی بھوئیر کے انتقال کے بعد تیسرے دن تعزیتی پروگرام منعقد کیا گیا تھا، جس میں رشتہ داروں اور قریبی افراد کیلئے کھانے کا انتظام کیا گیا۔ دوپہر میں تیار کیا گیا کھانا کچھ افراد نے وہیں تناول کیا جبکہ بچ جانے والے کھانے کو خراب ہونے سے بچانے کیلئے ٹھنڈے پانی سے بھری بالٹی میں محفوظ رکھا گیا تھا۔ شام کے وقت یہی بچا ہوا کھانا دوبارہ رشتہ داروں اور قریبی افراد کو پیش کیا گیا۔ کھانا کھانے کے کچھ ہی دیر بعد کئی افراد کو قے، دست، بخار اور متلی کی شکایت شروع ہوگئی۔ رات تقریباً۹؍ بجے ۲۲؍افراد کی طبیعت بگڑنے پر انہیں فوری طور پر کنہاولی پرائمری ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد ۲۱؍افراد کو شاہ پور سب ڈسٹرکٹ اسپتال جبکہ ہری بھوئیر کو مزید علاج کے لئے تھانے سول اسپتال ریفر کیا گیا۔ 
انتظامیہ کے مطابق تمام مریضوں کی حالت فی الحال بہتر ہے۔ واقعہ کے بعد محکمہ صحت نے معاملے کی جانچ شروع کردی ہے۔ اسی دوران شاہ پور پنچایت سمیتی کے گٹ وکاس افسر بی ایچ راٹھوڑ نے جمعہ کی صبح اسپتال پہنچ کر مریضوں کی عیادت کی اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK