Inquilab Logo

شتروگھن سنہا جیت گئے ، بابل سپریوبھی کامیاب

Updated: April 17, 2022, 8:50 AM IST | Mumbai

ضمنی انتخابات : مغربی بنگال میں آسنسول لوک سبھا اور بالی گنج اسمبلی سیٹ پر ترنمول ، بہار میں آر جے ڈی ، چھتیس گڑھ اور مہاراشٹر میں کانگریس کی فتح ۔ بی جے پی کا کھاتہ بھی نہیں کھل سکا

Trinamool candidate Shruti Ghan Sinha among his supporters after winning the by-election. (PTI)
ترنمول امیدوار شترو گھن سنہا ضمنی انتخاب میں فتح کے بعد اپنے حامیوں کے درمیان ۔ (پی ٹی آئی )

ملک کی ایک لوک سبھا اور  ۴؍ اسمبلی سیٹوں پر ۱۲؍ اپریل کو ضمنی انتخابات کرائے گئے تھے جن کے نتائج سنیچر کو جاری ہو گئے۔ ان نتائج کے مطابق  بی جےپی کہیں پر بھی اپنا کھاتہ تک نہیں کھول سکی جبکہ اپوزیشن پارٹیوں نے اسے بری طرح سے شکست دی ۔   ان پانچوںسیٹوں پر ووٹ شماری کا سلسلہ جاری ہے لیکن جو رجحان آئے ہیں ان سے واضح ہو گیا ہے کہ بی جے پی کو ایک بھی سیٹ نہیں ملے گی ۔ چاروں ریاستوں میں سے مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس، بہار میں آر جے ڈی اور چھتیس گڑھ و مہاراشٹر میں کانگریس امیدوار وں نے فتح حاصل کرلی ہے ۔بنگال کی بالی گنج اسمبلی سیٹ سے بابل سپریو نے جبکہ آسنسول لوک سبھا سیٹ سے ترنمول امیدوار شتروگھن سنہا نے کامیاب حاصل کرلی ہے۔ ادھر مہاراشٹر کے کولہاپور سے کانگریس امیدوار جئے شری جادھو  نے بھی فتح حاصل کرلی ہے۔ بہار کے بوچہا اسمبلی سیٹ سے آر جے ڈی امیدوارکو بھی شام میں فاتح قرا ردے دیا گیا۔ 
مغربی بنگال میں ترنمول 
  آسنسول لوک سبھا ضمنی انتخابات میں اداکار سے سیاست داں بنے ترنمول کانگریس کے امیدوار شتروگھن سنہا  نےبی جےپی کی اگنی مترا پال کو شکست دے دی  جبکہ  ترنمول امیدوار بابل سپریو   نےبالی گنج اسمبلی سیٹ سائرہ شاہ کو شکست دی ہے۔ یاد رہے کہ آسنسول لوک سبھا سیٹ سے بابل سپریو کے بی جےپی چھوڑ کرترنمول کانگریس میں شامل ہونےاور بالی گنج اسمبلی سیٹ سے  سوبرتا مکھرجی کا  انتقال  ہونے کے بعد دونوں سیٹوں پر الیکشن کرایا گیا تھا ۔ادھر شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد شتر وگھن سنہا نے ممتا بنرجی اور حلقے کے عوام کا شکریہ ادار کرتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی۲۰۲۴ء میں وزیر اعظم مودی کا کھیل بگاڑ دیں گی ۔یاد رہے کہ ۲۰۱۹ءکے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے یہ سیٹ بڑے فرق سے جیتی تھی لیکن شتروگھن سنہا نے ۳؍ لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے اسے جیت کر بی جے پی کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ اس بار بی جے پی یہاں ای وی ایم کا کھیل نہیں دکھا سکی۔ شفاف ووٹنگ ہوئی اور بہترین نتائج آئے ہیں ۔ انہوں نے ممتا بنرجی کے قومی لیڈر بننے کی راہ اور آسان ہونے کی پیش گوئی بھی کی۔ 
مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ میںکانگریس کی فتح 
   دسمبر۲۰۲۱ء میں کانگریس رکن اسمبلی چندرکانت جادھو کی کووڈ  کے سبب موت کے بعد کولہا پور سیٹ خالی ہوئی تھی۔ کانگریس نے یہاں سے آنجہانی رکن اسمبلی کی اہلیہ جے شری جادھو کو  اپنا امیدوار بنایا تھا، جبکہ بی جے پی نے ستیہ جیت کدم کو میدان میں اتارا تھا لیکن بی جے پی کو یہاں بری طرح سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔  جے شری جادھو نے کدم کو ۱۹؍ ہزار سے زائد ووٹ سے شکست دے دی۔  دوسری طرف چھتیس گڑھ کی خیراگڑھ اسمبلی سیٹ پر کانگریس امیدواریشودھا ورما نے بی جے پی امیدوار کومل جانگھیل کو ۲۰؍ ہزار ووٹوں کے فرق سے ہرادیا۔اس انتخاب کی اہم بات یہ رہی کہ یہ سیٹ جنتا کانگریس پارٹی کے پاس تھی لیکن اسے ووٹروں نے بری طرح سے مسترد کردیا۔ اس کے امیدوار کو صرف ۱۲؍ سو ووٹ ملے۔ 
 بہارمیں آر جے ڈی کی فتح 
  بہار اسمبلی کے بوچہاں (ریزرو)سیٹ کے ضمنی انتخابات میں  آر جے ڈی امیدوار امر پاسوان نے ایک طرفہ  مقابلہ جیت لیا ہے۔ ریاستی انتخابی دفتر کے مطابق آر جے ڈی کے امر پاسوان نے  بی جےپی کی بیبی کمار کو تقریباً ۳۶؍ہزار  ووٹوں کے فرق سے ہرا دیا ہے۔ آر جے ڈی نے یہ سیٹ وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) سے چھینی ہے۔وی آئی پی کی امیدوار گیتا کماری تیسرے مقام پر رہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK