Inquilab Logo

شیوسینا ( ادھو) لیڈر پر انڈرورلڈ کے ساتھ ڈانس کا الزام ، جانچ کا حکم

Updated: December 16, 2023, 12:32 PM IST | Iqbal Ansai | Nagapur

نتیش رانے نے الزام لگایا کہ سدھاکر بڈگجر نے سلیم کتا کی پارٹی میں شرکت کی تھی جس کا ویڈیو بھی موجود ہے۔

Sudhir Budgajar (right) with Salim the dog. Photo: INN
سدھیر بڈگجر ( دائیں) سلیم کتا کے ساتھ۔ تصویر : آئی این این

: بی جے پی کے رکن اسمبلی نتیش رانے نےجمعہ کو قانون ساز اسمبلی میں پوائنٹ آف انفارمیشن کی معرفت بم دھماکہ میں سزا یافتہ مجرم سلیم کتا کے ساتھ شیو سینا ( ادھو )  کے عہدیدار کا ڈانس کرنے کا معاملہ اٹھا یا اور اس معاملے کی ایس آئی ٹی کے ذریعے جانچ کروانے کا مطالبہ کیا۔ کابینی وزیر دادا بھسے اور بی جے پی لیڈر اشیش شیلار نے بھی رانے کی حمایت کی جس کے بعد نائب وزیر اعلیٰ  و وزیر داخلہ دیویندر فرنویس نے ایس آئی ٹی کے ذریعے اس معاملے کی جانچ کرنے کا اعلان کیا۔
 رکن اسمبلی نتیش رانے ودھان بھون میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ’’ ممبئی میں کئے گئے بم دھماکوں کے کلیدی ملزم داؤد ابراہیم کا قریبی سلیم کتا جسے عمر قید کی سزا ہوئی ہے لیکن جب وہ پرول پرتھا تو پرول کے آخری دن اس نے ایک ڈانس پارٹی منعقدکی تھی ۔ اس پارٹی میں شیو سینا ( ادھو ) کےناسک شہر کے سربراہ سدھاکر بڈگجر نےسلیم کتا کے ساتھ ڈانس کیا تھا۔اس کا ویڈیو اور فوٹو بھی ہمیں ملا ہے جس میں یہ دونوں گاتے اور ناچتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں ۔ اس ویڈیو کی کلپ اور تصویر مَیں نے نائب وزیر اعلیٰ و وزیر داخلہ دیویندر فرنویس کو دی ہے اور مطالبہ کیا ہے وہ اس کی خصوصی تفتیشی ٹیم ( ایس آئی ٹی ) کے ذریعے انکوائری کروائیں ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اگر اس طرح سیاسی پارٹیوں کے عہدیدار دہشت گردوں کے ساتھ پارٹی کرنے لگے توہمارا ملک اور ریاست محفوظ  نہیں رہیں گے۔‘‘
  نتیش رانے کے بعد اسمبلی میں موجود کابینی وزیر دادا بھسے اور بی جے پی لیڈر اشیش شیلار نے بھی اس معاملے کی جانچ کروانے کا مطالبہ کیا۔ دادا بھسےنے کہاکہ’’یہ ملک سے غداری کا معاملے ہے اس لئے کون کون لوگ اس میں ملوث ہیں اس کا پتہ لگانا چاہئے۔‘‘اراکین اسمبلی کے اظہار خیال کےبعد نائب وزیر اعلیٰ  ووزیر داخلہ دیویندر فرنویس نے کہاکہ ’’سلیم کتا جس وقت پرول پر تھا اس وقت اس نے پارٹی کی تھی لیکن جو لوگ اس پارٹی میں شریک ہوئے تھے ان کے تعلق سے یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا ان کی حس مر گئی تھی؟‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اس پارٹی میں کون کون شریک تھا اس کاپتہ لگانے کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل دی جائے گی اور اسے طے شدہ وقت میں جانچ مکمل کرنے کی ہدایت دی جائےگی۔‘‘ 
 یاد رہے کہ ان دنوں  نتیش رانے روزانہ میڈیا کے سامنے شیوسینا( ادھو) کے خلاف سنگین الزام عائد کرتے رہتے ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے جب ان کے الزام پر جانچ ہو رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK