• Wed, 17 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شیوسینا (ادھو) اور ایم این ایس کے اتحاد کا اعلان جلد

Updated: December 16, 2025, 11:01 PM IST | Mumbai

سنجے رائوت نے پھر واضح کیا کہ کانگریس ساتھ آئے یا نہ آئے ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے ۵؍مقامات پر متحدہ طور پر الیکشن لڑیں گے

Uddhav Thackeray is adamant that he will form an alliance with his brother Raj Thackeray (File)
ادھو ٹھاکرے بضد ہیں کہ وہ اپنے بھائی راج ٹھاکرے کے ساتھ اتحاد کر یں گے( فائل)

میونسپل الیکشن کے بعد کارپوریشن الیکشن کی تاریخ کا بھی اعلان ہو گیا ہے ۔ میونسپل الیکشن کی طرح کارپوریشن الیکشن میں بھی مہاوکاس اگھاڑی میں شامل پارٹیاں علاحدہ علاحدہ الیکشن لڑ سکتی ہیں کیونکہ شیوسینا (ادھو) اپنے اس موقف پر قائم ہے کہ وہ راج ٹھاکرے کی پارٹی مہاراشٹر نو نرمان سینا کے ساتھ ہاتھ ملائے گی جبکہ کانگریس اس کے حق میں نہیں ہے۔ منگل کے روز شیوسینا (ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت نے کہا کہ ’’ کانگریس ان دنوں ہمارے ساتھ نظر نہیں آتی۔ بہار الیکشن کے بعد سے ان کی خود اعتمادی بہت زیاد بڑھ گئی ہے۔ ‘‘ رائوت نے کہا کہ آئندہ ہفتے شیوسینا(ادھو) اور ایم این ایس کے درمیان اتحاد کا اعلان ہوگا۔ 
  سنجے رائو ت ممبئی میں میڈیا سے بات کر رہے تھے۔  انہوں نے کہا ’’ ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے کے متحد ہونے سے لوگوں میں جوش ہے۔ تمام ۲۹؍ میونسپل کارپوریشن میں الیکشن لڑنے کیلئے ہم پوری طرح تیار ہیں۔ بھلے ہی آپ ہماری پیٹھ پر وار کریں مگر ہم لڑنے کی تیاری کر چکے ہیں۔‘‘ سنجے رائوت نے واضح کیا کہ شیوسینا (ادھو) اور ایم این ایس ممبئی، کلیان ۔ ڈومبیولی، میرا بھائندر، ناسک اور پونے ان ۵؍ میونسپل کارپوریشنوں کے الیکشن میں متحدہ طور پر میدان میں اتریں گی۔ دیگر مقامات کا فیصلہ وہاں کی مقامی قیادت  کرے گی۔ انہوں نے کہا ’’ یہ ممبئی کے وقار کی لڑائی ہے۔ ہم ممبئی کو  امیت شاہ کے جیب میں جانے نہیں دیں گے۔ ‘‘ 
 راج ٹھاکرے کے ساتھ آنے سے کانگریس شیوسینا(ادھو) سے دور ہو گئی ہے۔ اس سوال پر سنجے رائوت نے کہا’’ کانگریس ان دنوں ہمارے ساتھ ہے ایسا مجھے دکھائی نہیں دے رہا ہے۔  بہار الیکشن کے بعد سے ان کی خود اعتمادی میں اضافہ ہوا ہے۔ حقیقت میں انہیں اس لڑائی میں ہمارے ساتھ ہونا چاہئے۔ہم نے ان کے  اعلیٰ کمان سے بات کی ہے لیکن انہوں نےیہ فیصلہ مقامی لیڈران پر چھوڑا ہے۔ ‘‘ رائوت کے مطابق ’’ ان مقامی لیڈران سے ہماری گزارش رہے گی کہ کوئی اور راستہ اختیار کرنے سے بی جے پی کی مدد ہوگی اس لئے ممبئی میں کوئی ایسا قدم نہ اٹھایاجائے۔‘‘  
 ایک ہفتے میں شیوسینا(ادھو) اور ایم این ایس اتحاد کا اعلان
 اس دوران منگل ہی کو سنجے رائوت نے پارٹی کے رکن اسمبلی انل پرب کے ساتھ ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی۔ ۲۰؍ منٹ کی گفتگو کے بعد انل پرب نے میڈیا کو اطلاع دی کہ ایک ہفتے میں ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے ایک ہی اسٹیج سے اتحاد کا اعلان کریں گے۔ پرب نے بتایا کہ آج کی میٹنگ میں کچھ باتیں طے ہوئی ہیں ۔ دو ایک روز میں ایک اور میٹنگ ہوگی۔ اس کے بعد اتحاد کا اعلان کیا جائے گا۔ ایم این ایس کے سینئر لیڈر بالا ناندگائونکر نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ شیوسینا لیڈران کے ساتھ راج ٹھاکرے کی میٹنگ میں کچھ اہم امور پر گفتگو ہوئیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک تمام باتیںحتمی شکل اختیار نہیں کر لیتیں تب تک تفصیل پیش کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ ناندگائونکر نے بھی ان ۵؍ میونسپل کارپوریشنوں میں اتحاد کی تصدیق کی جس کے تعلق سے سنجے رائوت نے پہلے ہی میڈیا کو بتایا تھا۔ انہوں نے کہا فیصلہ ہوجانے کے بعد ہم پریس کانفرنس کے ذریعے تفصیل پیش کریں گے۔ یاد رہے کہ این سی پی (شرد) نے اب تک راج ٹھاکرے کے ساتھ اتحاد کے معاملے میں اپنے پتے نہیں کھولے ہیں۔ وہ اس بات پر خاموش ہے کہ وہ شیوسینا(ادھو) سے ہاتھ ملائے گی یا نہیں۔   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK