Inquilab Logo

ممبئی کی ۳؍ پارلیمانی سیٹوں پر شیوسینا بمقابلہ شیوسینا، کل پرچہ داخل کرنے کا آخری دن

Updated: May 02, 2024, 8:39 AM IST | Mumbai

حکومت مخالف لہر سے بچنے کیلئے بی جےپی نے اپنے تمام امیدوار بدل دیئے

Arvind Sawant
اروند ساونت(اُدھو )

ممبئی میں  ۲۰؍ مئی کی پولنگ کیلئے  پر چہ نامزدگی داخل کرنے کی جمعہ کو آخری تاریخ ہے۔اس سے قبل جمعرات کو ان لیڈروں کی جانب سے امیدواری کا پرچہ داخل کردیئے جانے کی امید ہے  جن کے ناموں کا اعلان آخری مراحل میں ہوا ہے۔ان میں ممبئی ساؤتھ سے یامنی جادھو اور  ممبئی نارتھ ویسٹ ویسٹ سے رویندر وائیکر شامل ہیں ۔ان دونوں  کے ناموں کا اعلان منگل کو کیاگیا جبکہ بدھ کو یکم مئی کو یوم مہاراشٹر اور یوم مزدور کی تعطیل کی وجہ سے کلکٹر آفس بند رہاہے  جس کی وجہ سے بدھ کو پرچے داخل نہیں کئے جاسکے۔ 
 اسی طرح کانگریس کی جانب سے  ممبئی نارتھ کیلئے  بھوشن پاٹل  کے نام کا اعلان منگل کی شام کو ہوا اور وہ بھی بدھ کو اپنا پرچہ داخل نہیں کرسکے۔ بھوشن پاٹل مراٹھی فلم انڈسٹری کے اداکار ہیں۔ کانگریس کو  امید ہے کہ پیوش گوئل کے مقابلے میں جن کا تعلق گجرات سے  ہے ، بھوشن پاٹل  کے ذریعہ  مراٹھی ووٹوں کو ہموار کرکے کانگریس  یہاں سے کامیابی  حاصل کرلے گی۔ امید ہے کہ بھوشن  پاٹل بھی جمعرات کو پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ 
  ممبئی کی تمام سیٹوں پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہونے کے بعد یہ واضح  ہوگیاہے کہ عروس البلاد میں  ۳؍ سیٹوں پر شیوسینا بمقابلہ شیوسینا  ہوگا۔ ممبئی ساؤتھ سینٹرل میں شیوسینا (شندے)  کے  ۲؍ بار کے رکن پارلیمان  راہل شیوالے  کے مقابلے میں شیوسینا ( اُدھو)   نے اپنی  سینئر لیڈر انل دیسائی کو اتارا ہے جو راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔ اُدھر ممبئی ساؤتھ کیلئے  شیوسینا (شندے) کی جانب سے یامنی جادھو کے نام کے اعلان کے بعد اب مقابلہ یامنی جادھو  اور اروند ساونت (شیوسینا، اُدھو) کے بیچ ہوگا۔  اسی طرح ممبئی نارتھ میں بھی  شیوسینا (شندے) کے  رویندر وائیکر کو شیوسینا(اُدھو) کے امول کولیکر سے مقابلہ کرنا ہوگا۔  اُدھو ٹھاکرے کو امید ہے کہ شندے گروپ کی بغاوت کی وجہ سے عوام کی ہمدردیاں انہیں حاصل ہیں جو ووٹوں میں تبدیل ہوں گی۔دوسری طرف بی جےپی کو اقتدار مخالف لہر کا خوف ستا رہاہے اوراس نے اپنے موجودہ تینوں ایم پیز کے ٹکٹ کاٹ دیئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK