• Fri, 04 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایس آئی آر : پنجاب کی ووٹر لسٹ سے راگھو چڈھا کا نام غائب، شدید برہم

Updated: September 04, 2026, 8:37 AM IST | Agency | New Delhi

عام آدمی پارٹی کی حکومت پر الزام عائد کیا، پارٹی نے بھی جوابی حملہ کیا اور کہا کہ وہ پنجاب میں نہیں دہلی میں رہتے ہیں ، تو وہاں ان کا نام کیوں رہے؟

BJP MP Raghav Chadha also came under the ambit of the FIR. Picture: INN
بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا بھی ایس آئی آر کی زد پر آگئے۔ تصویر: آئی این این

ووٹر فہرست کی خصوصی جامع نظرثانی یعنی ایس آئی آر  کے تحت تیار کی گئی انتخابی فہرستوں کے مسودے سے اندازاً ۱۳؍ کروڑ نام حذف کردئیے گئے۔ ان میں راجیہ سبھا کے سب سے کم عمر اراکین میں شامل راگھو چڈھا  کا نام بھی ہے، جو ۲۰۲۲ءعام آدمی پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے راجیہ سبھا کے  لئے منتخب ہوئے تھے اور رواں سال اپریل میں بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے۔چڈھا کا نام انتخابی فہرست سے حذف کئے جانے کے بعد سیاسی رسہ کشی شروع ہوگئی ہے۔ چڈھا نے پنجاب کی عام آدمی پارٹی حکومت پر  سیاسی انتقام کا الزام عائد کیا ہے، جبکہ پنجاب حکومت کے ایک سینئر عہدیدار اور عام آدمی پارٹی نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس آئی آر الیکشن کمیشن کی جانب سے کرایا گیا ہے، ریاستی حکومت کا اس میں کوئی کردار نہیں ہے۔
 الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کے مطابق پنجاب میں انتخابی فہرست کے جس مسودے کو  ۳۱؍  اگست کو جاری کیا گیا، اس میں چڈھا کا نام حذف  کئے گئے افراد کی فہرست میں شامل ہے۔ اس فہرست میں ایسے افراد کے نام شامل  کئے جاتے ہیں جو ’’غیر حاضر، منتقل ہوچکے، وفات پاچکے یا دہرے اندراج‘‘ کے زمرے میں آتے ہیں۔ چڈھا کے نام کے سامنے وجہ ’’مستقل طور پر منتقل‘‘  درج کی گئی ہے۔ اس بارے میں راگھو چڈھا نے کہا کہ پنجاب کی آپ حکومت نے اب اپنی انتقامی سیاست کو  ووٹر لسٹ تک پہنچا دیا ہے۔ خوش قسمتی سے یہ صرف  ڈرافٹ ووٹر لسٹ ہےحتمی فہرست نہیں لیکن اس سے ظاہر ہو گیا کہ عام آدمی پارٹی کس سطح کی سیاست کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ  میں قانونی چارہ جوئی  کے بارے میں غور کررہا ہوں۔  میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ اس غلط درجہ بندی کو درست کرکے اکتوبر میں جاری ہونے والی حتمی انتخابی فہرست میں میرا نام شامل کیا جائے۔

عام آدمی پارٹی کا کیا کہنا ہے ؟
 عام آدمی پارٹی کے دہلی پردیش صدر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ  راگھو چڈھا پنجاب میں نہیں، دہلی میں رہتے ہیں، ایسے میں پنجاب میں ان کا ووٹ کیوں ہونا چا ہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی آر کے تحت اگر کوئی شخص متعلقہ پتے پر نہیں ملتا ہے تو اس کا نام ووٹر لسٹ سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ راگھو چڈھا بھی متعلقہ پتے پر نہیں ملے اور ان کا نام  حذف کردیا گیا ۔ اس میں غلط کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK