Inquilab Logo Happiest Places to Work

سونل چوہان پنجابی فلم انڈسٹری میں اپنے سفر کے تعلق سے پُر جوش

Updated: May 13, 2026, 1:05 PM IST | Mumbai

اداکارہ سونل چوہان اپنی پنجابی فلمی سفر کے تعلق سے بے حد پُرجوش ہیں کیونکہ اُن کی فلم شیرا جلد ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ یہ فلم ۱۵؍ مئی ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

Sonal Chouhan.Photo:INN
سونل چوہان۔ تصویر: آئی این این

اداکارہ سونل چوہان اپنی پنجابی فلمی سفر کے تعلق سے بے حد پُرجوش ہیں کیونکہ اُن کی فلم شیرا جلد ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ یہ فلم ۱۵؍ مئی ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ خاندانی ڈرامے کی کہانی پر مبنی اس فلم میں پرمیش ورما اور سونل چوہان مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔ اس فلم کے ذریعے پنجابی سنیما میں آغاز  کرنے والی سونل نے بتایا کہ پنجابی زبان میں اداکاری کرنا اُن کے لیے نہایت خوشگوار اور بھرپور تجربہ رہا، خاص طور پر اس لیے کہ انہیں پہلے ہی پنجابی زبان، موسیقی اور ثقافت سے گہرا لگاؤ رہا ہے۔
اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سونل نے کہاکہ ’’مجھے پنجاب سے عشق ہو گیا ہے۔ مجھے ہمیشہ سے پنجابی زبان بہت پسند رہی ہے اور’’شیرا‘‘ میرے لیے پنجابی سیکھنے اور اسے مزید بہتر انداز میں سمجھنے کا ایک شاندار موقع بن کر آئی۔ میں ہمیشہ سے پنجابی موسیقی سنتی آئی ہوں اور اس زبان میں مجھے ایک الگ ہی خوشی محسوس ہوتی ہے۔ پرمیش ایک بہترین کو اسٹار رہے ہیں اور انہوں نے میری ڈائیلاگ ڈلیوری کو بہتر بنانے میں ہر وقت مدد کی، جو شوٹنگ کے دوران میرے لیے بہت معاون ثابت ہوئی۔ اب میں تھوڑی بہت پنجابی بول لیتی ہوں، لیکن امید ہے کہ اپنی اگلی پنجابی فلم تک میں اس زبان میں مکمل مہارت حاصل کر لوں گی۔‘‘

یہ بھی ٖپڑھئے:ایران جنگ کے سبب امریکیوں کو توانائی کی ۳۷؍ بلین ڈالر اضافی قیمت چکانی پڑی: تحقیق


انہوں نے مزید کہاکہ ’’اس کے علاوہ، میں پنجابی ثقافت سے بھی خود کو کافی جڑا ہوا محسوس کرتی ہوں اور یہاں وقت گزارنے کے بعد میرا یہ پیار اور بھی بڑھ گیا ہے۔ مجھے اس خوبصورت ثقافت کو قریب سے جاننے اور گربانی کے خوبصورت اصولوں جیسے حکم، سیوا اور لنگر کو سمجھنے کا موقع ملا۔ جتنا میں ان باتوں کو گہرائی سے سمجھ رہی ہوں، اتنا ہی ان کے پیچھے چھپے معنی اور اہمیت کو محسوس کر پا رہی ہوں، جو بے حد خوبصورت ہے۔‘‘
اداکارہ نے سیٹ پر ملنے والی محبت اور تعاون کے لیے بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے ساتھی اداکار پرمیش ورما اور ہدایتکار ساویو سندھو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شوٹنگ کے دوران اُن کے تلفظ اور مکالمہ ادا کرنے کے انداز کو بہتر بنانے میں کافی مدد کی۔ ساتھ ہی انہوں نے پروڈیوسر انمول سہانی کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی وجہ سے اُن کا پنجابی ڈیبیو نہایت آسان اور خوشگوار تجربہ بن سکا۔

یہ بھی پڑھئے:بابل خان ملیالم سنیما میں قدم رکھیں گے


شیرا کے ذریعے سونل چوہان نہ صرف پنجابی سنیما میں قدم رکھ رہی ہیں بلکہ اُس زبان اور ثقافت کو بھی بہت قریب سے محسوس کر رہی ہیں، جس سے وہ ذاتی طور پر گہرا تعلق رکھتی ہیں۔ اب ناظرین اس نئی آن اسکرین جوڑی اور سونل کے نئے سنیما سفر کو دیکھنے کے لیے بے حد پُرجوش ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK