انگلینڈ کے تیز گیند باز سونی بیکر نے اگلے ماہ ہونے والی آئی پی ایل کی نیلامی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ میں ایک بہترین سال گزارنے کے بعد کئی فرنچائزوں کی نظر بیکر پر ہے۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 4:04 PM IST | Mumbai
انگلینڈ کے تیز گیند باز سونی بیکر نے اگلے ماہ ہونے والی آئی پی ایل کی نیلامی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ میں ایک بہترین سال گزارنے کے بعد کئی فرنچائزوں کی نظر بیکر پر ہے۔
انگلینڈ کے تیز گیند باز سونی بیکر نے اگلے ماہ ہونے والی آئی پی ایل کی نیلامی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ میں ایک بہترین سال گزارنے کے بعد کئی فرنچائزوں کی نظر بیکر پر ہے۔ کرک انفو کو معلوم ہوا ہے کہ ۲۳؍ سالہ بیکر ۱۶؍ دسمبر کو گوا میں ہونے والی منی نیلامی میں شامل ہوں گے۔ انہیں اپنی ٹیم میں شامل کرنے میں دلچسپی دکھانے والی ٹیموں میں لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) اور پنجاب کنگز (پی بی کے ایس) شامل ہیں۔ حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن مقابلے میں انہوں نے ۴۵؍ رن دے کر ۴؍ وکٹ حاصل کیے تھے۔ اس میچ میں انہیں جوفرا آرچر سے پہلے نئی گیند سونپی گئی تھی۔گھر پر کچھ وقت گزارنے کے بعد بیکر انگلینڈ کے آئندہ ٹیسٹ دورے کے لیے ۲؍دسمبر کو جنوبی افریقہ روانہ ہوں گے۔ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے اسٹیفن فلیمنگ کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ جوش ٹنگ اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کے باعث دورے کے آغاز میں دستیاب نہیں ہوں گے۔ بیکر جوہانسبرگ میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں کھیل سکتے ہیں، جو ۱۷؍ دسمبر کو شروع ہوگا۔ یہ ٹیسٹ آئی پی ایل کی نیلامی کے ٹھیک اگلے دن شروع ہوگا۔
بیکر مستقل طور پر ۹۰؍ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند بازی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اسی خوبی نے ان فرنچائزوں کی توجہ ان کی جانب مبذول کرائی ہے جو اپنے تیز گیند بازی کے شعبے کو مضبوط بنانا چاہتی ہیں۔ بیکر نے اس سال دی ہنڈریڈ میں مانچسٹر سپر جائنٹس کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، جو آر پی ایس جی گروپ کا حصہ ہے۔ ایسے میں ایل ایس جی ان میں دلچسپی دکھا سکتی ہے۔ بیکر نے اپنی ٹیم کو پہلی بار دی ہنڈریڈ کا خطاب دلانے میں اہم رول ادا کرتے ہوئے فائنل میں ۲۴؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ حاصل کیے تھے۔ انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر ۱۳؍ وکٹ حاصل کئے۔
یہ بھی پڑھئے:پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت تشویشناک، ذاتی معالج نے خبردار کیا
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے گزشتہ ماہ بیکر کو ۲؍ سال کا مرکزی معاہدہ دیا تھا۔ گزشتہ ہفتے سفید گیند کی کرکٹ کے ہیڈ کوچ برینڈن میکولم نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ مئی میں پاکستان کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے کھلاڑیوں کو ۲۰۲۷ء کے ایڈیشن سے پہلے واپس نہیں بلایا جائے گا، خواہ سال کے آخر میں عالمی کپ ہی کیوں نہ ہو۔
بیکر میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں اپنی شناخت قائم کرنے کا عزم ہے اور اگلی گرمیوں میں ہونے والی ایشز سیریز کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے نیلامی میں شامل ہونے کے لیے ای سی بی سے ضروری یقین دہانی مانگی ہے۔ گزشتہ ماہ جب بیکر سے آئی پی ایل میں کھیلنے کی خواہش کے بارے میں پوچھا گیا تھا تو انہوں نے کہا تھا، یہ پوری طرح اس وقت کے حالات پر منحصر ہوگا۔ انگلینڈ کے لیے کھیلنا ہمیشہ میری پہلی ترجیح رہے گی۔ کرک انفو نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ بیکر کے انگلینڈ اور ایم ایس جی کے ساتھی کھلاڑی ٹنگ نے ایشز کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے نیلامی میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتے کے روز ٹی ۲۰؍ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ہنری کروکومب نے بھی نیلامی میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ اپریل اور مئی میں کاؤنٹی چیمپئن شپ میں اپنی نئی کاؤنٹی ٹیم سرے کی جانب سے کھیلتے نظر آئیں گے۔
یہ بھی پڑھئے:پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت تشویشناک، ذاتی معالج نے خبردار کیا
گزشتہ ہفتے رائل چیلنجرز بنگلورو کی جانب سے ٹیم سے باہر کیے گئے جیکب بیتھل بھی اگلے سال آئی پی ایل نہیں کھیلیں گے۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے تصدیق کی تھی کہ ان کے گھٹنے کا ایک اور آپریشن ہوا ہے۔ بیتھل نے انسٹاگرام پر لکھاکہ سب کچھ منصوبے کے مطابق ہوا، اب کام پر واپس لوٹنے کا وقت ہے۔ مضبوطی کے ساتھ واپسی کروں گا۔ اگلے ماہ ہونے والی نیلامی سے پہلے انگلینڈ کے ۱۰؍ کھلاڑیوں کو مختلف فرنچائزوں نے اپنی ٹیم میں برقرار رکھا ہے۔ ان میں آرچر (راجستھان رائلز)، ٹام بینٹن اور جوس بٹلر (گجرات ٹائٹنس)، برائیڈن کارس (سن رائزرس حیدرآباد)، جارڈن کاکس اور فل سالٹ (رائل چیلنجرز بنگلورو)، سیم کرن (لکھنؤ سپر جائنٹس)، لیام لیونگ اسٹون اور جیمی اوورٹن (چنئی سپر کنگز) اور ول جیکس (ممبئی انڈینس) شامل ہیں۔ نیلامی کے لیے رجسٹریشن کرانے والے تمام کھلاڑیوں کی فہرست اس ہفتے کے آخر میں فرنچائزوں کو بھیجی جائے گی۔