سی ایس ایم ٹی ،ماٹنگا ، گھاٹکوپر،کلیان،تھانے ،پنویل اورلوناولہ وغیرہ اسٹیشنوں پرصفائی کی گئی۔ویسٹرن ریلو ے میںبھی یہ سلسلہ جاری ہے۔
EPAPER
Updated: September 22, 2023, 1:23 PM IST | Saeed Ahmed Khan | CSMT
سی ایس ایم ٹی ،ماٹنگا ، گھاٹکوپر،کلیان،تھانے ،پنویل اورلوناولہ وغیرہ اسٹیشنوں پرصفائی کی گئی۔ویسٹرن ریلو ے میںبھی یہ سلسلہ جاری ہے۔
ریلوے میں جاری سوچھتا پکھواڑہ(۱۵؍روزہ مہم ) کے تحت سی ایس ایم ٹی ، ماٹنگا ، گھاٹکوپر اورکلیان وغیرہ اسٹیشنوں پرخصوصی صفائی کی گئی۔ یہاں اسٹیشن منیجروں ، سپرنٹنڈنٹ،میڈیکل افسران وغیرہ نے نگرانی کی۔ اس دورا ن ٹرینوں ،پلیٹ فارم ، عمارتوں ، درودیوارکی صاف صفائی کے ساتھ ڈرینیج اورگٹر وغیرہ کی بھی صفائی گئی۔ ۲؍اکتوبر گاندھی جینتی تک صاف صفائی کایہ سلسلہ مہم کی شکل میں جاری رہے گا۔ اس بارےمیں سینٹرل ریلوے کے جنرل منیجر نریش لالوانی کاکہنا ہے کہ ریلوے میں مختلف شعبوں کے افسران کو اس بات پرآمادہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ وہ ماتحت اہلکاروں کواس جانب متوجہ کریں بلکہ انہیں پابند بنائیں کہ وہ خصوصی مہم کے دوران ہی نہیں بلکہ صاف صفائی کواپنی زندگی کالازمی جزو بنالیں تاکہ ریلوے میں صاف صفائی مہم کومثالی بنایا جاسکے۔ صاف صفائی ہی سے ریلوے میں سفر کو خوش گوار بنایا جاسکتا ہے ۔‘‘جنرل منیجر نے یہ بھی کہاکہ ’’جب ہم گھر میں ہوتے ہیں تو صاف صفائی کا خیال رکھتے ہیں ،ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہمارے اطراف گندگی نہ ہو اس لئے ریلوے علاقے میں داخل ہونے یا سفر کے دوران بھی ہماری یہی سوچ ہونی چاہئے کہ جو ضابطے بنائےگئے ہیں یا جس جانب توجہ دلائی جاتی ہے اس کا خیال رکھیں ۔ ٹرینیں جب کھڑی ہوں تو رفع حاجت کیلئے نہ جائیں ، کھانے پینے کے بعد پلیٹ یا پانی کی بوتل یا دیگر چیزیں جنہیں استعمال کرچکے ہیں ، کوڑے دان میں ڈالیں ،پلیٹ فارم پر،ٹرین میں ، پٹریوں پر، دیواروں پر، ریلوے پلوں پرنہ تھوکیں کیونکہ اس سے گندگی ہونے کے ساتھ بیماری بھی پھیلتی ہے ۔ ‘‘جنرل منیجرلالوانی نے مزیدکہاکہ’’ جب تک ہرشخص اپنی ذمہ داری محسوس نہیں کرے گا اوروہ اس بات کو یقینی بنانے کی عملی کوشش نہیں کرے گا کہ وہ صفائی کےتئیں کسی قسم کی بے اصولی نہیں کرے گا ،تب تک صد فیصد صاف صفائی مہم کوکامیابی سے ہمکنار کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ اس لئے ہرشخص اسے اپنا کام سمجھے ،وہ خود بھی عمل کرے اوردوسروں کوبھی اس جانب متوجہ کرے، تبھی ریلوے اسٹیشن یا ریلوے احاطے میں داخل ہونے پر خوشگوار احساس ہوگا۔‘‘ ویسٹرن ریلوے کے جنرل منیجراشوک کمار مشرانےکہاکہ ’’ ویسٹرن ریلوے میں بھی صاف صفائی مہم کے تحت خاص توجہ دی جارہی ہے۔ اس دوران آرپی ایف کے جوانوں کے ذریعے نگرانی بھی بڑھائی گئی ہے تاکہ مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جاسکے۔‘‘