Inquilab Logo Happiest Places to Work

میدان عرفات میں ٹھنڈک کے خصوصی انتظامات، چھتری کے استعمال کی ہدایت

Updated: May 26, 2026, 11:14 AM IST | Makkah

حجاج کو گرمی سے بچانے کے لیے میدان عرفات میں ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ آج حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کیا جائے گا۔

A view of pilgrims leaving Mina for Arafat. Photo: INN
حاجیوں کی منیٰ سے عرفات روانگی کا منظر۔ تصویر: آئی این این

دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمین حج مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچ گئے ہیں جس کے ساتھ ہی مناسک حج کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ حجاج کو گرمی سے بچانے کے لیے میدان عرفات میں ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ آج حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کیا جائے گا۔ ۱۶؍لاکھ سے زائد عازمین عرفات میں قیام کریں گے اور مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیا جائے گا۔ حج ایام میں سعودی عرب میں گرد وغبار کے طوفان کے ساتھ شدید ترین گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس لیے سعودی حکومت نے میدان عرفات اور مسجد نمرہ کے اطراف کے ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ حج ۲۰۲۶ء کے ترقیاتی منصوبے کے مطابق میدان عرفات اور مسجد نمرہ کے اطراف میں شجر کاری کے ذریعے سیکڑوں سایہ دار درختوں کے ساتھ شیڈ اسٹرکچر اور بڑی تعداد میں ٹھنڈے پانی کی پھوار پھینکنے والے جدید پنکھے نصب کیے گئے ہیں تاکہ وقوف عرفہ کے دوران حجاج کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھا جا سکے۔ 

یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب: یومِ عرفہ پر۳۳ سال بعد مکہ مکرمہ میں سورج عین خانہ کعبہ کے اوپر

مسجدنبویؐ میں روضہ شریف کی زیارت کے لیے اوقات کار اور بکنگ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق مرد حضرات کیلئے روزانہ زیارت کا وقت رات ۲؍سے نمازِ فجر تک ہو گا۔ صبح ۱۱؍بجکر ۲۰؍ منٹ سے نماز عشا تک بھی زیارت کا وقت مردوں کیلئے مقرر کیا گیا ہے۔ خواتین فجر کے بعد سے صبح ۱۱؍بجے تک اور نمازِعشا کے بعد رات ۲؍بجے تک زیارت کرسکیں گی۔ جمعہ کو مردوں کیلئے زیارت کا وقت رات ۲؍سے نمازِ فجر تک ہو گا اور صبح ۹؍بجے سے نمازِ عشا تک ہو گا جبکہ خواتین فجر کے بعد سے صبح ۹؍بجےتک اور نمازِ عشا کے بعد رات ۲؍بجے تک زیارت کر سکیں گی۔ سعودی وزارتِ صحت کی جانب سے عازمین کو دوران حج دھوپ سے بچاؤ کے لیے چھتری کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مقدس مقامات کے سفر کے دوران شدید دھوپ میں عازمین حج کے لیے چھتری کا استعمال مددگار ثابت ہوتا ہے، وزارت نے یہ ہدایت بھی کی کہ عازمین چھتری کو کلائی کے پٹے کے ساتھ محفوظ رکھیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: حج کی تیاریاں سعودی عرب کے’ ویژن۲۰۳۰ء‘ کی عکاس ہیں

اس دوران افریقی، مشرقی ایشیائی اور ہندوستانی عازمین حج کا سعودی عرب کی میڈیکل ٹیموں نے کامیابی سے علاج مکمل کر کے انہیں واپس مناسک حج کی ادائیگی کیلئے فٹ قرار دے دیا۔ دل کے دورے کے بعد سعودی ڈاکٹروں سے صحت یاب ہونےوالے ان حاجیوں کا تعلق صومالیہ، سینیگال، برما، انڈونیشیا اور ہندوستان سے ہے۔ طبی ٹیموں کے مطابق یہ پانچوں اب مناسک حج ادا کرنے کے لیے طبی مراکز سے واپس جاچکے ہیں۔ البتہ انہیں احتیاط کی بنیاد پر طبی معائنے کی غرض سے طبی صورت حال کی نگرانی میں مدد دینے والی اسمارٹ گھڑیاں باندھ دی گئی ہیں۔ جو ان کی صحت سے متعلق ’اپ ڈیٹس‘ طبی مراکز کو فراہم کرنے کا ذریعہ ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے ایک حاجی جن کی عمر تقریباً۶۰؍سال ہے کو بھی دل کا دورہ پڑنے پر مدینہ کے اسپتال میں علاج کی سہولت دی گئی۔ اس حاجی کے دل کی شریان میں ’کلاٹ‘ آگیا تھا۔ بعد ازاں اسے اسٹینٹ ڈال کر ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔ افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے دونوں عازمین حج کی مکہ کے شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی میں حالت بہتر ہو جانے کے بعد انہیں واپس بھیج دیا گیا تاکہ اپنی حج سے متعلق سرگرمیوں کا حصہ بن سکیں۔ البتہ انہیں ہسپتال نے ایسی اسمارٹ واچ کے ذریعے نگرانی میں رکھا ہے جو ان کی صحت کے بارے میں جانکاری کا ذریعہ ہیں۔ علاوہ ازیں دو حاجی جن کا تعلق انڈونیشیا اور میانمار سے تھا، انہیں اپنی معمول کی حج سرگرمیوں کے دوران عارضہ دل کی شکایت کا سامنا کرنا پڑا تو انہیں اسی نوعیت کی طبی سہولت فراہم کر دی گئی۔ ان دونوں کو مسجد نبویؐ میں موجودگی کے دوران دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال لایا گیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK