Inquilab Logo Happiest Places to Work

سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ایس ایس سی کا پہلا پرچہ، طلبہ میں جوش وخروش

Updated: March 03, 2023, 10:23 AM IST | saeed Ahmed saadat khan | Mumbai

ایس ایس سی امتحان کا جمعرا ت سے سخت حفاظتی انتظامات میں آغاز ہوا۔ نقل سے پاک امتحان کیلئے جاری کردہ سخت ہدایتوںپر عمل کیاگیا

Officials searching the students at the center (PTI)
سینٹر پر اہلکار طلبہ کی تلاشی لیتے ہوئے( پی ٹی آئی)

  ایس ایس سی امتحان کا جمعرا ت سے سخت حفاظتی انتظامات میں آغاز ہوا۔  نقل سے پاک امتحان کیلئے جاری کردہ سخت ہدایتوںپر عمل کیاگیا۔طلبہ کو آدھا گھنٹہ قبل امتحان گاہ پہنچنے کی ہدایت دی گئی تھی  جسکے مطابق بیشتر طلبہ وقت پر سینٹروںپر پہنچ گئے تھے۔ امتحان کا وقت ختم ہونے کےبعد طلبہ کو ۱۰؍منٹ کا اضافی وقت دیاگیا۔جمعرات کو  فرسٹ لینگویج یعنی ہندی ،مراٹھی ، اُردو، تمل، تیلگو، ملیالم ،سندھی ،بنگالی، کنڑ اور پنجابی کاامتحان ہوا۔
 ہاشمیہ ہائی اسکول کے ہیڈماسٹر محمد رضوان خان نےبتایاکہ ’’امتحان کا آغاز اچھے ماحول میں ہوا ۔طلبہ نے بھی نئے صوابط کے مطابق امتحان دیا۔ امسال ایک اسسٹنٹ کسٹوڈین کااضافہ کیاگیاہے جسے رنر بھی کہتےہیں۔  رنرایک پولیس اہلکار اور پیون کےہمراہ کسٹوڈین سے سوالیہ پرچہ لے کرسینٹر پرجائے گا۔ رنر کے پرچے لے کر نکلنے سے لے کر سینٹر پر پہنچنے اور پرچے  کھولے جانے اور طلبہ میں تقسیم کئے جانے تک ساری کارروائی آن ریکارڈ ہوگی یعنی اس کی ویڈیو گرافی کی جائے گی۔حتیٰ کہ پیپر ختم ہونےکےبعد ویڈیوگرافی میں ہی پرچے جمع کئے جائیں گے ۔ کسٹوڈین کو پرچہ روانہ کرنےکی کارروائی بھی کیمرے میں قیدہوگی۔‘‘
  جوگیشوری کے فاروق ہائی اسکول کے معلم انصاری وسیم احمد نے بتایاکہ ’’ چونکہ طلبہ کی ذہن سازی کی جاچکی تھی ۔ اسلئے طلبہ میں کوئی بے چینی نہیں دکھائی دی۔ لیکن ایک پریشانی یہ ہوئی کہ امتحان ختم ہونےسے پہلے طلبہ کو امتحان گاہ سے باہر جانےکی اجازت نہیں تھی  جس سے طلبہ کو یہ دقت ہورہی ہے کہ اگر وہ باتھ روم بھی جانا چاہیں توجانہیں پارہےتھے۔دراصل امسال طلبہ کوامتحان گاہ میں آدھا گھنٹہ قبل بلایاگیاہے۔ جبکہ ۳؍گھنٹہ کا پیپر ہے ۔ساتھ ہی ۱۰؍منٹ کا اضافی وقت دیاگیاہے۔ مجموعی طورپر ۲۲۰؍منٹ تک ایک جگہ بیٹھنے اور امتحان کا ذہنی دبائو ہونے سے فطری ضروریات کا احساس ہوتاہے۔ 
طلبہ میںاعتماد 
 پہلے پرچہ کے تعلق سے طلبہ میںاعتماد نظرآیا۔ مالونی میونسپل سیکنڈری اسکول میںزیرتعلیم محمدزاہد سید غوث نے انقلاب  سےپُراعتماد لہجے میںکہاکہ ’’پرچہ اچھی طرح سے مکمل کیا ،کوئی دشواری نہیںہوئی ۔ وقت کے اندرپورا کرلیا ۔ امید ہے کہ اچھے نمبر سے کامیابی حاصل ہوگی ۔‘‘ایک اورطالب علم عبداللہ  انصاری نے بتایاکہ’’ میراسینٹرکلا ودیالیہ ہے۔ پرچہ مکمل کرنے میںکوئی دشواری پیش نہیںآئی اورنہ ہی سینٹرپرکوئی مسئلہ ہوا۔ ‘‘ 
حفاظ طلبہ بھی ایس ایس سی امتحان میںشریک ہوئے
 اس دفعہ جامعہ تجوید القرآن میں۳؍حفاظ طلبہ ایس ایس سی  امتحان میں شریک ہوئے۔ حافظ شکیل عثمان علی ملّا، حافظ محمدشاہد حلیم صدیقی اورحافظ عبدالرشید عبدالسلام شاہ۔ان میں اول الذکردوحفاظ کاسینٹر ٹوپی والاہائی اسکول اینڈ جونیئرکالج  جبکہ تیسرے کاسینٹر ملاڈ میںہی فاطمہ دیوی ہائی اسکول ہے۔ ان کےاستاد اورادارہ کے نگراں حافظ اعجازاحمد نے کہاکہ’’ ان طلبہ کوحفظ قرآن حکیم کے ساتھ اس طرح سے ایس ایس سی امتحا ن کیلئے تیار کیا گیا ہے کہ وہ اچھے نمبر سے کامیاب ہوسکیں۔ان سے قبل بڑی تعداد میںطلبہ اس ادارے میںتکمیل حفظ کے ساتھ دسویں جماعت کا امتحان دے چکے ہیں۔ ‘‘

ssc paper Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK