نونیت ایجوکیشن لیمیٹیڈ نے بورڈ امتحان کا ٹائم ٹیبل چھپواکر طلبہ میں تقسیم کیا تھا جس میں ہندی کے پرچے کی تاریخ ۹؍ مارچ درج تھی جبکہ پرچہ ۸؍ مارچ کو ہو چکا تھا
EPAPER
Updated: March 10, 2023, 8:42 AM IST | saadat khan | Mumbai
نونیت ایجوکیشن لیمیٹیڈ نے بورڈ امتحان کا ٹائم ٹیبل چھپواکر طلبہ میں تقسیم کیا تھا جس میں ہندی کے پرچے کی تاریخ ۹؍ مارچ درج تھی جبکہ پرچہ ۸؍ مارچ کو ہو چکا تھا
ونیت ایجوکیشن لمیٹیڈ نےاپنے کارڈ پر ایس ایس سی امتحان ۲۰۲۳ء کا اسٹیٹ بورڈ کا ۱۸؍ستمبر ۲۰۲۲ء کوجاری کئے جانےوالا پرانا ٹائم ٹیبل شائع کیاتھا جس کےمطابق ہندی کا پرچہ ۹؍ مارچ ۲۰۲۳ء کوہوناتھا لیکن بورڈنے ۲۶؍جنوری ۲۰۲۳ء کو ایس ایس سی امتحان کا جو نیاٹائم ٹیبل جاری کیاتھا۔ اس کےتحت ہندی کا پرچہ ۸؍مارچ کو تھا۔اس وجہ سے کچھ طلبہ کا ہندی کا پرچہ چھوٹ گیاہے۔ان طلبہ نے ممبئی کے واشی بورڈ آفس کو پیپر چھوٹنے کی اطلاع دی ہے۔بورڈ نے طلبہ سے پریشان نہ ہونےکی اپیل کی ہے اور جولائی میں ہونےوالے سپلمنٹری امتحان کیلئے ہندی کےپرچہ کی تیاری کرنےکیلئے کہا ہے۔
یاد رہے کہ نونیت ایجوکیشن لیمیٹیڈ طلبہ کے درمیان کافی مقبول ادارہ ہے جو امتحانات سے متعلق گائیڈ( رہبر ) وغیرہ شائع کرتا ہے۔ طلبہ کیلئے یہ ایک معتبر نام سمجھا جاتا ہے۔ ہر سال یہ ادارہ اپنی طرف سے بورڈ امتحانات کا ٹائم ٹیبل کارڈ کی شکل میں چھپواکر طلبہ میں تقسیم کرتا ہے۔ لیکن اس بار اس کے ٹائم ٹیبل کے سبب طلبہ کو نقصان اٹھانا پڑا اور ان کا ایک پرچہ چھوٹ گیا۔
ممبئی ڈیویژن کے کائونسلر مرلی دھر مورے نے بتایاکہ’’ایس ایس سی کے ہندی کے پرچے سے متعلق نونیت ایجوکیشن لمیٹیڈکے ٹائم ٹیبل اور بورڈ کے ذریعے شائع کئے گئے فائنل ٹائم ٹیبل کے تضاداور طلبہ اور سرپرستوں کی عدم توجہی سے کچھ طلبہ ہندی کا پرچہ نہیں دے سکے ۔ دراصل بورڈ نے ستمبر ۲۰۲۲ءمیں مجوزہ اور جنوری ۲۰۲۳ء میں فائنل ٹائم ٹیبل جاری کیاتھا۔ مجوزہ ٹائم ٹیبل میں ہندی کے پرچے کی تاریخ ۹؍ مارچ تھی جبکہ فائنل ٹائم ٹیبل کے مطابق ۸؍مارچ کو۔ نونیت ایجوکیشن لمیٹیڈ نےبورڈ امتحان کے ٹائم ٹیبل کا جو کارڈ جاری کیاتھا،اس میں مجوزہ ٹائم ٹیبل شائع کیا گیا تھاجس میں ہندی کے پرچے کی تاریخ ۹؍ مارچ درج تھی۔بعض طلبہ اسی مغالطے میں رہے کہ پرچہ ۹؍ مارچ کو ہے اور ان کا پرچہ چھوٹ گیا۔ ‘‘
انہوںنے بتایاکہ ’’ ۹؍مارچ کو اندھیری سے ۲؍طالب علم اپنے والدین کے ساتھ بورڈ آفس آئے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ ان کا ہندی کا پرچہ چھوٹ گیاہےکیونکہ وہ سمجھ رہے تھےکہ ہندی کا پرچہ ۹؍مارچ کو ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے نونیت کے کارڈ پر ہندی پرچہ کی تاریخ ۹؍مارچ دیکھی تھی۔ جبکہ ہندی کا پرچہ۸؍مارچ کو تھا ۔ وہ طلبہ پریشان تھےاور رو رہے تھے ۔ ‘‘
مرلی دھرمورے کےمطابق ’’ ہال ٹکٹ پر ٹائم ٹیبل شائع کیاگیاہے۔نیز اسکولوںمیں بھی ٹائم ٹیبل لگایاگیاہے۔اس کےباوجود طلبہ نے ایسی غلطی کیسے کی سمجھ میں نہیں آرہاہے ۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ ’’ ۸؍مارچ یعنی بدھ کو ہندی کا پرچہ شروع ہونےکےبعد جب اس بارےمیں ان طلبہ کوپتہ چلاکہ ہندی کا پرچہ ۹؍مارچ کو نہیں ۸؍مارچ کو ہے تو وہ فوراً اپنے سینٹر پر گئے مگر اس وقت پیپر شروع ہوچکاتھا۔ اس لئے وہ امتحان نہیں دےسکے۔ ‘‘
واشی بورڈ کےایک اور کائونسلر شنگارے سر نے بتایاکہ’’ مجھے ۸؍مارچ کو ایک طالب علم نے فون کرکےیہی بات بتائی ۔ میں نے طالب علم اور اس کےسرپرستوںکو سمجھایاکہ اب کچھ نہیں ہو سکتا ، جوہوناتھا وہ ہوگیالیکن اس کا یہ مطلب ہرگزنہیں ہےکہ طالب علم کا سال ضائع ہو گا۔ جون میں رزلٹ جاری ہونےکےبعد سپلمنٹری امتحان ہوں گے۔ طلبہ اس امتحان کی تیاری کریں اور ہندی کا پرچہ د یدیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پریشان ہونے سے دیگر پرچوں پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔ اسلئے اس بارےمیں زیادہ نہ سوچیں ۔‘‘
اس ضمن میں نونیت ایجوکیشن لمیٹیڈ نے ایک وضاحتی مکتوب جاری کیاہے جس میںکہا گیا ہےکہ ہم نے مذکورہ کارڈ ضرور شائع کیاتھا لیکن نوٹ بھی لکھا تھا کہ اسکول میں امتحان کاجو فائنل ٹائم ٹیبل لگایاجائے گا۔نیز ہال ٹکٹ پر بھی ٹائم ٹیبل درج کیاجائے گا۔اس ٹائم ٹیبل کےتحت ہی امتحان دینے جائیں ۔