Inquilab Logo

ریاست کابجٹ پیش،سی این جی کے ویٹ میں ۱۰؍ فیصد کی کمی

Updated: March 12, 2022, 8:28 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کے فنڈ میں ۲۰۰؍ کروڑ روپے کا اضافہ ، پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کورس کےداخلے کی گنجائش بڑھانے ، سرکا ری اسپتالوں میں جدید علاج کرنے کا بھی اعلان

Finance Minister Ajit Pawar with Minister of State for Home (Rural) going to present the budget in the Assembly
وزیر مالیات اجیت پوار ، وزیر مملکت برائے داخلہ ( دیہی) کے ساتھ اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے جاتے ہوئے

 مہاراشٹر کی مہا وکاس اگھاڑی حکومت نے  اپنا  تیسرا ریاستی بجٹ جمعہ کو  اسمبلی  میںجاری بجٹ اجلاس میںپیش کیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر مالیات اجیت پوار نے ریاست کے خسارے کابجٹ پیش کرنے  کے  دوران متعدد اعلانات بھی کئے۔ بجٹ میں کسانوں کے علاوہ متوسط اور غریب طبقے کے شہریوں پر توجہ دی گئی ہے۔ ساتھ ہی  مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کے فنڈ میں ۲۰۰؍ کروڑ روپے کا اضافہ کرنے کا اعلان بھی کیا گیا جس کے بعد یہ فنڈ  ۵۰۰؍ کروڑ  سے ۷۰۰؍کروڑ روپے ہو جائے گا۔ 
 اتنا ہی نہیں بلکہ سی این جی گیس کے ویلو ایڈیڈ ٹیکس (ویٹ)میں ۱۰؍ فیصد کی کمی کرنے کا اعلان وزیر مالیات نے کیا ہے۔  اس سے سی این جی کا استعمال کرنے والے گھریلو صارفین ، آٹو رکشا اور بس  کے علاوہ سی این جی سے چلنے والی گاڑیوں کا استعمال کرنے والے شہریوں کو بڑی راحت ملے گی۔ یوکرین اور روس جنگ کے پیش ِ نظر ریاست میں میڈیکل ایجوکیشن میں داخلے کی سہولت میں  اضافہ کرنے کیلئے ممبئی ، ناگپور اور ناسک کے ایک ایک میڈیکل کالج میں سیٹوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کا اعلان بھی  میں کیا گیا  ۔
 وزیر مالیات اجیت پوار نے بتایاکہ سال ۲۳۔۲۰۲۲ء میں ریاستی  حکومت کو ۴؍لاکھ ۳؍ہزار ۴۲۷؍ کروڑ روپے آمدنی ہونے کی توقع ہے جبکہ مجوزہ بجٹ ۴؍ لاکھ ۲۷؍ ہزار ۷۸۰؍ روپے کا ہے اس طرح ۲۴؍ ہزار ۳۵۳؍ کروڑ روپے خسارے کا بجٹ ہے اور قرض لے کر بجٹ پورا کیاجائے گا۔ ساتھ ہی کسانوں اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا جائے گا۔  انہوںنے مزید بتایاکہ ’’ بجٹ میں زراعت، صحت، افرادی قوت کی ترقی، نقل و حمل اور صنعت ، ان۵؍ستونوں پر توجہ دی گئی ہے اور حکومت نے ان تمام شعبوں کو انصاف دینے کی کوشش کی  ہے۔‘‘
سی این جی کے ویٹ میں ۱۰؍ فیصد کی کمی 
 وزیر  مالیات کے مطابق ماحولیات فرینڈلی  سی این جی  پائپ گیس بڑے پیمانے پر گھروں اور آٹو رکشا، ٹیکسی اور پرائیویٹ گاڑیوں میں استعمال کی جاتی ہے۔ شہریوں پر مہنگائی کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے   سی این جی کے ویٹ  میں ۱۰؍ فیصد کی کمی لانے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ فی الحال یہ ویٹ ۱۳؍فیصد وصول کیاجاتاہے جسے اب کم کرکے ۳؍ فیصد وصول کیاجائے گا۔ ویٹ میں ہونے والی کمی کے سبب ریاستی حکومت پرتقریباً  ۸۰۰؍ کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔
میڈیکل ایجوکیشن میں داخلہ کی گنجائش میں اضافہ 
  روس اور یوکرین جنگ کےپیش ِ نظر ریاستی حکومت نے ریاست کے  ۳؍ میڈیکل کالجوں کے پوسٹ گریجویٹ کورسیس میں داخلے کی گنجائش میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اضافہ سینٹ جارج اسپتال(ممبئی )، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر سپر اسپیشلٹی انسٹی ٹیوٹ( ناگپور) اور مہاراشٹر انسٹی ٹیو آف ہیلتھ سائنسز (ناسک) میں کرنے کی تجویز ہے۔
ماحولیات پہلی تا ۸؍ ویں جماعت کے نصاب میں شامل 
 طلبہ میں  ماحولیات کے تحفظ کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کیلئے اسکولوں میں پہلی تا آٹھویں جماعت کے نصاب میں ماحولیات پڑھایا جائے گا۔
سرکاری اسپتالوںمیں گردے کی پتھری نکالنےکی سہولت 
 بجٹ میں  اعلان کیا گیا ہے گردے کی پتھری کو سرجری کے بغیر نکالنے کے جدید طریقۂ علاج’ لتھوٹرپسی‘  اگلے ۳؍ برسوں میں   دیہی علاقوں  میں واقع ۲۰۰؍ بیڈ کے  سرکاری اسپتالوں میں شروع کی جائے گی۔اس سے غریب استفادہ کر سکیں گے ۔ حکومت  کے ۶۰؍ اسپتالوں میں  موتیا سرجری  کا جدید طریقۂ علاج ’ فیکو میلسی فکیشن‘ شروع کرنے کیلئے ۲۰؍ کروڑ روپے مختص کرنے کااعلان کیا ہے۔
 آنگن واڑی سیویکاؤں کو موبائل فون: بجٹ پیش کرنے کے دوران اجیت پوار نےآنگن واڑی سیویکاؤں کو موبائل فون دینے کا اعلان کیا ہے۔
سمندری نقل حمل کو ترجیح دینے کیلئے ٹیکس میں رعایت
 ریاستی حکومت وسئی، بھائیندر، ڈومبیولی ، کلیان، واشی ، ایرولی  اور متھ بندر( تھانے) کو سمندر ی راستے سے جوڑنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ سڑک اور ٹرین   میںمسافروں کا بوجھ کم ہو ۔ سمندری راستے کی جانب شہریوں کو متوجہ کرنے کیلئے مہاراشٹر مریٹائم بورڈ ۳؍ سال تک مسافر اور سامان  پر اپنا ٹیکس معاف کرے گی۔
بجٹ برائے ۲۳۔۲۰۲۲ء کی کچھ جھلکیاں
۔ میڈیکل ایجوکیشن ، فوڈ اینڈ ڈرگس کیلئے  ۲ء۰۶۱؍ کروڑ 
۔ محکمہ آبی ذرائع : ۱۳؍ ہزار ۵۵۲؍ کروڑ  رو پے
۔ اسکولی تعلیم کیلئے : ۲؍ ہزار ۳۵۴؍ کروڑ رو پے
۔ اقلیتی فلاح و بہبود کیلئے : ۶۷۷؍ کروڑ روپے 
۔  پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ ( روڈس) کیلئے : ۱۵؍ ہزار ۶۷۳؍ کروڑ
۔ محکمہ برائے خواتین  و اطفال بہبود: ۲؍ ہزار ۴۷۲؍ کروڑ روپے 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK