• Mon, 19 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریاست کا پہلا ریلوے کولڈ اسٹوریج رتنا گیری میں قائم ہوگا

Updated: October 19, 2026, 2:57 PM IST | Siraj Sheikh | Ratnagiri

کسانوں، باغبانوں اور ماہی گیروں میں خوشی کی لہر۔۲؍ ہزار ٹن کی گنجائش والے اس کولڈ اسٹوریج میں مچھلیاں، گوشت، آم کا گودا، پھل اور دودھ کا ذخیرہ کیا جائے گا۔

People from Konkan will benefit from the railway`s cold storage. Photo: INN
ریلوے کے کولڈاسٹوریج سے کوکن کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ تصویر: آئی این این

کوکن کے کسانوں، باغبانوں اور ماہی گیروں کیلئے یہ بڑی اور خوش آئند خبر   ہے کہ کوکن ریلوے نے ریاست مہاراشٹر کا پہلا ریلوے کولڈ اسٹوریج رتناگیری میں قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس ضمن میں کوکن ریلوے کارپوریشن لمیٹڈ  اور سینٹرل ویئر ہاؤسنگ کارپوریشن نے اس ریلوے کولڈ اسٹوریج پروجیکٹ کیلئے ایک اہم معاہدے  پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اس جدید ترین سہولت کے قیام کے فیصلے سے مقامی کسانوں،باغبانو ں اور تاجروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز واشی کے  سڈکو سینٹر میں منعقدہ ایک پروگرام میں کوکن ریلوے کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر سنتوش کمار جھا نے بتایا کہ کوکن ریلوے اس پروجیکٹ کیلئے زمین فراہم کرے گا اور کارپوریشن تعمیر میں سرمایہ کاری کرے گی اور یہ پروجیکٹ۱۸؍ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس کے علاوہ خطہ کوکن کے کھیڑ چپلون، سندھو درگ کڈال، زراب ،مروڈیشور اور مانکی میں بھی اس طرح کے پروجیکٹ قائم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس کولڈ اسٹوریج میں مچھلیاں ، گوشت ، آم کا گودا، پھل ، دودھ اور مکھن وغیرہ کا ذخیرہ کیا جا سکتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ممبئی: خاتون کے قتل کے الزام میں پہلی بیوی کاباپ گرفتار

رتناگیری میں بننے والے اس جدید کولڈ اسٹوریج کی مجموعی گنجائش دو ہزار ٹن ہوگی جس میں کوکن کے مشہور ہاپوس   آم، کاجو، مچھلی اور دیگر جلد خراب ہونے والی مصنوعات کو طویل عرصے تک محفوظ رکھا جا سکے گا۔یہ کثیر المقاصد گودام منفی ۴؍ڈگری سیلسیس سے۲۱؍ ڈگری  سیلسیس  کے کنٹرولڈ درجہ حرارت پر کام کرے گا  جو ڈیری مصنوعات، منجمد گوشت اور مختلف پھلوں کیلئے انتہائی موزوں ہے۔

اب تک یہ پروجیکٹ نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کی بڑی پیمانے پر فصلیں اور ماہی گیروں کی مچھلیاں خراب ہو جاتی تھیں۔ اس سہولت سے اب نقصان نہیں ہوگا۔رتناگیری ریلوے اسٹیشن پر یہ سہولت دستیاب ہونے سے کسان اپنی مصنوعات کو ممبئی اور دیگر بڑے تجارتی مراکز میں مانگ کے مطابق باآسانی سپلائی کر سکیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK