Inquilab Logo

قتل اور نقب زنی کے الزام میں سوتیلابھائی اورساتھی گرفتار

Updated: September 29, 2020, 11:47 AM IST | Staff Reporter | Mumbai

ملکیت کے تنازع اورشیو سینا کے کارپوریٹر کےبیٹے کے قتل اور نقب زنی کے معاملے میںتھانے پولیس نے سوتیلے بھائی اور اس کے ساتھی کو گرفتار کیا ہے۔

Mumbai Police - Pic : INN
قتل اور نقب زنی کے الزام میں گرفتار ملزمین کو پولیس کی تحویل میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ملکیت کے تنازع  اورشیو سینا کے کارپوریٹر کےبیٹے کے قتل اور نقب زنی کے معاملے میںتھانے پولیس نے سوتیلے بھائی اور اس کے ساتھی کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے مسروقہ ۳؍ کلو ۷۱۰ ؍گرام کے سونے کے زیورات بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ جائیداد میں حصہ نہ دینا پڑے اسی لئے ملزم نے اپنے سوتیلے بھائی کا قتل کیا ہے۔
 اس سلسلے میں پیر کو تھانے زون ۵؍ کے اسسٹنٹ پولیس کمشنر( اے سی پی ) پنکج شرساٹھ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ۲۰؍ ستمبر کو واگھبل گاؤں میں رہنے والی کویشا پاٹل نے کاسروڈولی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی کہ اس کا شوہر راکیش پاٹل (۳۵) اس کی اسکوٹی کے ساتھ غائب ہے۔ پولیس نے اس کے رشتہ داروں اور دوستوں کے یہاں اس کی تلاش کی لیکن مایوسی ہی ہاتھ آئی۔ راکیش کے والد  مانک پاٹل (جو شیو سینا کے کارپوریٹر بھی ہیں) ۱۵؍ ستمبر سے اسپتال میں زیر علاج تھے اور جب وہ ۲۰؍ ستمبر کو اسپتال سے رخصت ہو کر گھر پہنچے اور بیڈ روم کی تجوری پر نظر پڑی تووہ ٹوٹی ہوئی تھی اور اس میں رکھے ہوئے قیمتی زیورات غائب تھے۔ لہٰذا اب گمشدہ راکیش اور نقب زنی کا معاملہ درج کر کے جانچ شروع کی گئی۔ 
  اسی دوران پولیس کو اطلاع ملنے پر کہ راکیش کے ساتھ غائب ہونے والی ایکٹیوا (نمبر: ایم ایچ ۰۴، جے ایس ۴۴۹۹)  سینئر پولیس انسپکٹر کشور کھیرنار کی ہدایت پر پولیس اہلکاروں نے جال بچھایا اور مذکورہ اسکوٹی استعمال کرنے والے گورو سنگھ کو حراست میں لیا۔ اس سے پوچھ تاچھ کرنے پر اس نے بتایا کہ گورو نے  راکیش کے سوتیلے بھائی سچن پاٹل کے ساتھ مل کر راکیش کا قتل کیا ہے۔ اس کے لئے پہلے ان دونوں نے راکیش کو اس کے گھر میںہی شراب پلائی اور صبح سچن نے دیسی کٹہ سے راکیش پر گولی چلا کر اسے قتل کر دیا اور تجوری میں رکھے قیمتی زیورات بھی چرا لئے تھے۔ اس کے بعد ان دونوںنے لاش کو  واشی کھاڑی کے بریج سے کھاڑی میں پھنک دی۔ سچن نے اس میں مدد کرنے کیلئے سنگھ کو ۲؍ لاکھ روپے دینے کا لالچ دیا تھا۔بیان قلمبند کرنے کے بعد پولیس  نے ۲۳؍ ستمبرکو گورو کو قتل اور نقب زنی کے معاملے میں گرفتار کر لیا  اور سچن کی تلاش شروع کردی تھی۔
 آخر کار پولیس نے کلیدی ملزم سچن پاٹل کو ۲۶؍ ستمبر کو نوی ممبئی کے الوے علاقے سے گرفتار کیا۔ دونوں ملزمین کو عدالت  میں پیش کیا گیا تھا جہاں کورٹ نے گورو کو یکم اور سچن کو ۴؍ اکتوبر تک پولیس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ پولیس نے سچن کے قبضے سے ۳؍ کلو ۷۰۰؍ گرام سونے کے زیورات  کے علاوہ دیسی کٹہ اور ایک زندہ کارتوس بھی برآمد کرنے اور سچن کے ذریعے ملکیت کے تنازع پر سوتیلے بھائی کا قتل کرنے کا اعتراف کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ معاملے کی مزید جانچ اور کھاڑی میں راکیش کی لاش کی تلاش کی جاری ہے۔
قتل کی وجہ 
  اے سی پی نے بتایاکہ راکیش پاٹل  ، سچن کے والد کی پہلی بیوی کا بیٹا تھا۔راکیش کو جائیداد میں حصہ نہ دینا پڑے اس لئے سچن نے یہ قتل او رنقب زنی کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK